شاہد آفریدی نے پشاور زلمی سے علیحدگی کا اعلان کردیا

ذاتی وجوہات پر علیحدہ ہورہا ہوں ، ٹیم کیلئے نیک تمنائیں ہیں ، شاہد آفریدی

ہفتہ 25 مارچ 2017 15:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2017ء) پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر شاہد خان آفریدی نے پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔ٹوئٹر پر ایک پیغام میں انھوں نے کہا ہے کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر پشاور زلمی سے علیحدہ ہو رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی کی ٹیم کے لیے ان کی نیک تمنائیں ہیں اور جہاں تک پشاور میں ان کے مداحوں کا تعلق ہے تو وہ جانتے ہیں کہ وہ جہاں بھی جائیں گے مداح ان کا ساتھ دیں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل میں پشاور کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈیئٹرز سے ہوا تھا تاہم شاہد آفریدی زخمی ہونے کی وجہ سے فائنل کھیل نہیں سکے تھے۔شاہد آفریدی نے 2016 میں پی ایس ایل کے پہلے ٹونامنٹ میں پشاور زلمی کی کپتانی کی تھی تاہم اس سال زلمی ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ڈیرن سیمی کی قیادت میں کھیلی۔یاد رہے کہ شاہد آفریدی پاکستان کی جانب سے 27 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں جن میں انھوں نے 36.51 رنز کی اوسط سے 1716 رنز بنائے ہیں۔ اس کے علاوہ انھوں نے ٹیسٹ میچوں میں 48 وکٹیں بھی لے رکھی ہیں۔ایک روزہ میچوں میں شاہد آفریدی نے پاکستان کی 398 مرتبہ نمائندگی کی جن میں انھوں نے 23.57 رنز کی اوسط سے 8064 رنز بنائے اور کل 395 وکٹیں لیں۔
وقت اشاعت : 25/03/2017 - 15:12:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :