عارف سعید پاکستان رگبی یونین کے نئے صدر‘ خرم خواجہ سیکرٹری اور فوزی خواجہ چیئرمین منتخب ہو گئے

ہفتہ 25 مارچ 2017 18:37

عارف سعید پاکستان رگبی یونین کے نئے صدر‘ خرم خواجہ سیکرٹری اور فوزی خواجہ چیئرمین منتخب ہو گئے
لاہور۔25 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2017ء) چودھری عارف سعید پاکستان رگبی یونین کے نئے صدر ، خرم خواجہ سیکرٹری جبکہ فوزی خواجہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان رگبی یونین کی خصوصی جنرل کونسل کا اجلاس لاہور سروس ہائوس میں ہوا جس میں نئی سپورٹس پالیسی کے تحت اگلے چار سال کے الیکشن برائے 2017-2021 ہوئے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی طرف سے سیکرٹری جنرل خالد محمود اور پاکستان سپورٹس بورڈ اسلام آباد سے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد شاہد نے بطور مبصر شرکت کی۔

الیکشن اجلاس میں سب سے پہلے پاکستان رگبی یونین نے اپنے آئین میں ہائوس کی اجازت سے ترمیم کی۔ موجودہ الیکشن پاکستان رگبی یونین نے حکومت کی سپورٹس پالیسی کے مطابق کروائے ۔ آئین میں تبدیلی کرکے فوزی خواجہ کو بطور چیئرمین منتخب کیا گیا۔

(جاری ہے)

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے الیکشن کمشنر پرویز احمد پاکستان رگبی یونین کے ریٹرننگ آفیسر تھے۔

انہوں نے الیکشن کا طریقہ کار قانونی طورپر مکمل کیا جس کے مطابق تمام عہدیدار بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ چودھری عارف سعید کو نیا صدر منتخب کیا گیا جبکہ کراچی ر گبی سے خرم خواجہ کو سیکرٹری جبکہ لاہور رگبی سے انور الحق ظفر کو خزانچی منتخب کیا گیا۔ دیگر عہدیداروں میںمیجر جنرل (ر) محمد اشرف چودھری بطور وائس پریذیڈنٹ، اسلام آباد رگبی سے یحییٰ بھٹی کو وائس پریذیڈنٹ، جبکہ پنجاب پولیس کے ڈی آئی جی صاحبزاہ شہزاد سلطان بھی وائس پریذیڈنٹ منتخب ہوئے۔

خواتین کی نمائندہ فریال گوہر منتخب ہوئیں جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی ممبران میں پشاور رگبی سے طارق پرویز، فاٹا سے نور اسلم، راولپنڈی سے ساحر اسلم اور پنجاب سے رضوان الرب ملک کو ممبر منتخب کیا گیا۔ نومنتخب صدر چودھری عارف سعید نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری محمد خالد محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر پاکستان سپورٹس بورڈمحمد شاہد اور ریٹرننگ آفیسر پرویز احمد کا شکریہ ادا کیا۔

عارف سعید کا کہنا تھا کہ پاکستان رگبی یونین ورلڈ رگبی کا ابھرتا ہوا ممبر ہے۔ انہوں نے پاکستان رگبی یونین کے گیٹ ان ٹو رگبی پروگرام پر پریذنٹیشن بھی دکھائی جسے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری محمد خالد اور سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد شاہد نے بہت سراہا۔ پاکستان 2016ء کے گیٹ ان ٹو رگبی پروگرام میں ایشیا میں چوتھے اوردنیا میں دسویں نمبر پر رہا جو خوش آئند بات ہے۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری محمد خالد محمود کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ پاکستان رگبی یونین نے سپورٹس پالیسی کے تحت انتخاب کروائے جو خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ رگبی یونین گراس روٹ لیول پر اچھا کام کر رہی ہے۔ ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ محمد شاہد نے بھی پاکستان رگبی یونین کے پروگرام کو سراہا۔
وقت اشاعت : 25/03/2017 - 18:37:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :