ہیملٹن ٹیسٹ کا دوسرا روز، جنوبی افریقہ پہلی اننگز میں 314 رنز بناکر آئوٹ، ڈی کاک کے 90 رنز، میٹ ہینری نے 4 وکٹیں حاصل کیں، نیوزی لینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 67 رنز بنا لئے

اتوار 26 مارچ 2017 11:40

ہیملٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2017ء) جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم ہیملٹن ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 314 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، کوئنٹن ڈی کاک 90 اور فاف ڈوپلیسی 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، میٹ ہینری نے چار اور نیل ویگنر نے تین وکٹیں حاصل کیں، نیوزی لینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 67 رنز بنا لئے، خراب موسم کی وجہ سے میچ مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا، ٹام لیتھم 42 اور جیت راول 25 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ہیملٹن میں جاری ٹیسٹ کے دوسرے روز جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 123 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو کپتان فاف ڈوپلیسی 33 اور تیمبا بووما 13 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، بووما پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 29 رنز بناکر میٹ ہینری کا نشانہ بن گئے، 190 کے مجموعی سکور پر جنوبی افریقہ کی چھٹی وکٹ گر گئی جب فاف ڈوپلیسی 53 رنز بناکر مچل سینٹنر کا شکار بن گئے، ورنن فلینڈر بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 11 رنز بنانے کے بعد میٹ ہینری کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے، کیشوو مہاراج کو 9 کے انفرادی سکور پر نیل ویگنر نے آئوٹ کیا، کوئنٹن ڈی کاک نے ایک اینڈ نے عمدہ بیٹنگ کی اور 90 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور 11 چوکے شامل تھے، انہیں نیل ویگنر نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا، کگیسو ربادا آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 34 رنز بناکر ویگنر کا نشانہ بنے، اس طرح جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 314 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، میٹ ہینری نے چار، نیل ویگنر نے تین، کولن ڈی گرینڈ ہوم نے دو اور مچل سینٹنر نے ایک وکٹ حاصل کی، کیوی اوپنرز نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا اور کھیل کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے ٹیم کا سکور 67 تک پہنچا دیا، ٹام لیتھم 42 اور جیت راول 25 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، خراب موسم کی وجہ سے کھیل کو مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا۔

وقت اشاعت : 26/03/2017 - 11:40:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :