چوتھا ٹیسٹ، بھارت نے پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز بنا لئے

لوکیش راہول اور پجارا کی نصف سنچریاں، نیتھن لائن نے 4 وکٹیں حاصل کیں

اتوار 26 مارچ 2017 16:30

دھرم شالا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2017ء) بھارت اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دھرم شالا میں جاری سیریز چوتھے اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز بنا لئے اور اسے آسٹریلیا کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے 52 رنز درکار ہیں، لوکیش راہول اور چیتشوار پجارا نے نصف سنچریاں بنائیں، وردھیمن ساہا 10 اور روندرا جدیجا 16 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، نیتھن لائن نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اتوار کو ٹیسٹ کے دوسرے روز بھارت نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو اسے 21 کے مجموعی سکور پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب مرلی وجے 11 رنز بنا کر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر میتھیو ویڈ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، لوکیش راہول اور چیتشوار پجارا کے مابین 87 رنز کی شراکت قائم ہوئی، راہول دوسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 60 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے، 157 کے مجموعی سکور پر بھارت کو تیسرا نقصان اٹھانا پڑا جب پجارا 57 رنز بنانے کے بعد نیتھن لائن کا نشانہ بن گئے، کرن نائر بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 5 رنز بنانے کے بعد نیتھن لائن کی گیند پر میتھیو ویڈ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، اجنکیا راہانے اور ایشون نے پانچویں وکٹ میں 49 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کا سکور 216 تک پہنچا دیا، راہانے 46 رنز بنانے کے بعد نیتھن لائن کا شکار بن گئے، ایشون کو بھی لائن نے 30 کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا، اس کے بعد وردھیمن ساہا اور روندرا جدیجا نے کھیل کے اختتام تک مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور ٹیم کا سکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 248 تک پہنچا دیا، ساہا 10 اور جدیجا 16 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں، نیتھن لائن نے چار جبکہ ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

وقت اشاعت : 26/03/2017 - 16:30:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :