وسیم اکرم کو شک کا فائدہ دیکر چھوڑا، انضمام کےخلاف پکے ثبوت نہیں ملے:جسٹس (ر) ملک عبدالقیوم

اتوار 26 مارچ 2017 18:45

وسیم اکرم کو شک کا فائدہ دیکر چھوڑا، انضمام کےخلاف پکے ثبوت نہیں ملے:جسٹس (ر) ملک عبدالقیوم
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار26مارچ ۔2017ئ)جسٹس (ر) ملک عبدالقیوم نے کہا ہے کہ کرکٹ میں فکسنگ سکینڈل کی تحقیقات کے دوران وسیم اکرم کو شک کا فائدہ دیا جبکہ انضمام کے خلاف فکسنگ کے ثبوت نہیں ملے۔نجی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران جسٹس (ر) عبدالقیوم کا کہنا تھا کہ سلیم ملک اور عطا الرحمن کے خلاف پکے ثبوت تھے اس لیے انہیں فکسنگ کا ذمہ دار قرار دیا، عطا ءالرحمان کی بات پر بھروسہ نہیں تھا ، اس نے کمیشن کے سامنے جھوٹ بولا اور بار بار بیان بدلتا رہا۔

ملک قیوم کا مزید کہنا تھا کہ انضمام الحق بڑا کھلاڑی تھا لیکن اس کے خلاف فکسنگ کا کوئی پکا ثبوت نہیں ملا، وسیم اکرم کا بڑا نام تھا اور مجھے بھی پسند تھا اس لیے اس پر ہلکا ہاتھ رکھا ، اس کےخلاف کارروائی کیلئے پکے ثبوت درکار تھے لیکن ثبوت نہیں ملنے پر اسے شک کا فائدہ دے کر چھوڑنا پڑا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں جسٹس (ر) عبدالقیوم کا کہنا تھا کہ آفیشلز کے بغیر فکسنگ ہو ہی نہیں سکتی، میچ فکسنگ پکڑنا آسان جبکہ سپاٹ فکسنگ پکڑنا بہت مشکل ہے اور اسی لیے کھلاڑیوں پر کڑی نگرانی رکھنے کی ضرورت ہے،کرکٹ بورڈ اور حکومت کو فکسنگ روکنے کے لیے سنجیدگی دکھانی ہوگی۔

واضح رہے کہ 1996 ءمیں میچ فکسنگ کا سکینڈل سامنے آنے پر جسٹس (ر) عبدالقیوم کی سربراہی میں کمیشن قائم کیا گیا تھا جس نے اس سکینڈل کی تحقیقات کی تھیں۔ اس کمیشن کی تجاویز کی روشنی میں سلیم ملک اور عطا الرحمان کو میچ فکسنگ کا ذمہ دار قرار دے کر ان پر تاحیات پابندی عائد کی گئی تھی جبکہ وسیم اکرم ،وقار یونس ،مشتاق احمد اور دیگر کئی کھلاڑیوں کو جرمانے عائد کیے گئے تھے۔

وقت اشاعت : 26/03/2017 - 18:45:58