پاکستان کی ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میں فتح ٹیم ورک کا نتیجہ ہے،اظہر علی

پیر 27 مارچ 2017 21:29

پاکستان کی ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میں فتح ٹیم ورک کا نتیجہ ہے،اظہر علی
لاہور۔27 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) قومی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں جیت ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اور امید ہے کہ آئندہ میچز میں بھی ٹیم فتوحات کا تسلسل برقرار رکھے گی ۔وہ سوئی نادرن پائپ گیس لائن کے زیر اہتمام واپڈا سپورٹس کمپلیکس لاہور میں ہونے والے تین روزہ سپورٹس گالاکے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔

انہوں نے کہاکہ پہلے ٹی ٹونٹی میں شاداب خان نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرکے میچ ٹمپرامنٹ ظاہر کیا ۔پی ایس ایل میں ان کی کارکردگی بہترین تھی اور ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی انہوں نے اپنی اچھی پرفارمنس کا سلسلہ برقرار رکھا ۔اظہر علی نے کہاکہ امید ہے کہ وہ اچھے آل رائونڈر ثابت ہوں گے اور پاکستان کی جیت میں مستقبل میں بھی اہم کردار اداکریں گے ۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی ہوم گرائونڈ پر مشکل حریف ثابت ہوتی ہے لیکن پاکستان کی ٹیم بیلنس ہے اور اسے ویسٹ انڈیز پر برتری حاصل ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ اپنی ٹریننگ جاری رکھے ہوئے ہیں اور جلد ہی ٹیم میں کم بیک کریں گے ۔ایک سوال کے جواب میں اظہر علی نے بتایا کہ سپاٹ فکسنگ کے بارے میں وہ اپنے سابقہ موقف پر قائم ہیں اور چونکہ سپاٹ فکسنگ کے کیس کی سماعت ٹربیونل کررہا ہے اسلئے وہ اس معاملے پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ دورہ ویسٹ انڈیز میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لئے امید ہے کہ کیمپ اپریل کے اگلے ہفتے شروع ہوگا ۔
وقت اشاعت : 27/03/2017 - 21:29:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :