بھارت نے آسٹریلیا کو آخری ٹیسٹ میں 8 وکٹوں سے شکست دیکر 4 میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی

سیریز کے آخری ٹیسٹ کے چوتھے روز انڈیا کو جیت کیلئے 89 رنز درکار تھے ،ْ تمام وکٹیں باقی تھیں کپتان اجانکیا راہانے باآسانی کھانے کے وقفے سے قبل ہی ٹیم کو میچ کے ساتھ ساتھ سیریز میں بھی فتح دلادی

منگل 28 مارچ 2017 12:58

دھرم شالا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء) بھارت نے کپتان ویرات کوہلی کی عدم موجودگی میں آسٹریلیا کو آخری ٹیسٹ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر 4 میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔ تفصیلات کے مطابق دھرم شالا میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹیسٹ کے چوتھے روز انڈیا کو جیت کیلئے 89 رنز درکار تھے اور ان کی تمام وکٹیں باقی تھیں۔لوکیش راہول اور مرلی وجے نے مجموعے کو 46 رنز پر پہنچایا تھا تو پیٹ کمنز نے 8 رنز بنانے والے مرلی وجے کو آؤٹ کردیا جس کے فوری بعد گلین میکسویل نے سیریز میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے والے چتیشورپجارا کو صفر پر رن آؤٹ کرکے دوسری کامیابی دلادی۔

چتیشور پجارا اپنے ہوم گراؤنڈ میں پہلی مرتبہ کسی ٹیسٹ میچ میں صفر پر آؤٹ ہوئے اس سے قبل وہ دو مرتبہ بیرونی دورے میں صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

لوکیش راہول نے پراعتماد بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اس میچ کے کپتان اجانکیا راہانے کے ساتھ مل کر ٹیم کو مزید کسی نقصان کے 106 رنز تک پہنچادیا اور باآسانی کھانے کے وقفے سے قبل ہی ٹیم کو میچ کے ساتھ ساتھ سیریز میں بھی فتح دلادی۔

راہول 51 اور راہانے 38 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔آسٹریلیا نے کپتان اسمتھ کی سنچری کی مدد سے پہلی اننگز میں 300 رنزبنائے تھے جس کے جواب میں انڈیا نے پہلی اننگز میں 332 رنز بنا کر 32 رنز کی برتری حاصل کی تھی جبکہ دوسری اننگز میں انڈین باؤلرز نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے مہمان بلیبازوں کو 137 رنز پر آؤٹ کرکے آسان ہدف تک محدود رکھا تھا۔

خیال رہے کہ بھارت کے کپتان ویرات کوہلی انجری کے باعث سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ سے باہر ہوگئے تھے تاہم اجانکیا راہانے کی قیادت میں ٹیم نے فتح حاصل کی جو راہانے کی بطور کپتان پہلی کامیابی ہے۔بھارت نے میچ میں 8 وکٹوں سے کامیابی کے ساتھ سیریز بھی 2-1 سے اپنے نام کی۔آسٹریلیا نے 4 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا آغاز تاریخی فتح سے کیا تھا تاہم دوسرے میچ میں انھیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ تیسرا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا تھا۔
وقت اشاعت : 28/03/2017 - 12:58:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :