بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے حکومت کی جانب سے منظوری نہ ملنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی دورہ پاکستان کی دعوت مسترد کر دی

پی سی بی نے بنگلہ دیش کو رواں سال دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کیلئے دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی بنگلہ دیش کے انکار کے بعد پی سی بی کی جانب سے پاکستان ٹیم کے شیڈول دورہ بنگلہ دیش کے معاملے پر منافع میں شیئر پر بات چیت متوقع

منگل 28 مارچ 2017 12:58

ڈھاکہ /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے حکومت کی جانب سے منظوری نہ ملنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت مسترد کردی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کو مختصر سیریز کیلئے دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی اور پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے کامیاب انعقاد کے بعد دورے کے روشن امکانات نظر آتے تھے تاہم بنگلہ دیشی حکومت نے ٹیم کو پاکستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ۔

چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے نجی ٹی و ی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا کہ پی سی بی نے بنگلہ دیش کو رواں سال دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی لیکن بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ٹیم پاکستان بھیجنے سے معذرت کرلی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم گزشتہ سالوں میں دو مرتبہ بنگلہ دیش کا دورہ کرچکی ہے اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ پاکستان سے انکار کے بعد پی سی بی بھی رواں سال جولائی میں پاکستان ٹیم کے دورہ بنگلہ دیش کے حوالے سے سوچ بچار کریگا۔شہریار نے کہا کہ بنگلہ دیش کے انکار کے بعد اب ہم بھی رواں سال پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ بنگلہ دیش کے بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔

پی سی بی کے معتبر ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کے انکار کے بعد پی سی بی کی جانب سے پاکستان ٹیم کے شیڈول دورہ بنگلہ دیش کے معاملے پر منافع میں شیئر پر بات چیت متوقع ہے۔یاد رہے کہ ماضی میں بھی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے دو مواقعوں پر ٹیم پاکستان کے دورے پر بھیجنے پر رضامندی ظاہر کی تھی لیکن پھر سیکیورٹی کو جواز بنا کر دورے سے انکار کردیا تھا۔
وقت اشاعت : 28/03/2017 - 12:58:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :