تاریخ میں پہلی بار پی سی بی نے سکول ٹورنامنٹ کرانے کا اعلان کر دیا

منگل 28 مارچ 2017 13:25

تاریخ میں پہلی بار پی سی بی نے سکول ٹورنامنٹ کرانے کا اعلان کر دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مارچ2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان اے ایچ کاردار کے نام سے سکول ٹورنامنٹ کرانے کا اعلان کر دیا، لاہور سمیت ملک بھر سے 9 ہزار بچے حصہ لیں گے۔کاردار کپ کی تقریب رونمائی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقد ہوئی۔ چیئرمین کرکٹ بورڈ شہریار خان نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں ملک بھر کے سکول طلبہ حصہ لیں گے۔

سکول کرکٹ کا ایسا پروگرام اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا۔ کرکٹ کے 16 ریجن میں اسکا انعقاد ہوگا۔ ہر ریجن میں 16 سے 20 سکول حصہ لیں گے۔ ٹورنامنٹ ٹیلی ویڑن پر دکھایا جائے گا۔ اس پروگرام میں آنے والے بچے نیشنل ٹیم میں آئیں گے۔ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ پروگرام سکول کرکٹ کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے جس پر سات آٹھ کروڑ روپیہ لگے گا اور اس کے رزلٹ چار پانچ سال بعد آئیں گے۔

(جاری ہے)

ٹرافی کی رونمائی میں قومی کرکٹ ٹیم کے پہلے کپتان عبدالحفیظ کاردار کے بیٹے سابق گورنر سٹیٹ بنک شاہد کاردار بھی موجود تھے۔ اٴْن کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کے بیسٹ پلیئر کو ایک لاکھ روپے انعام وہ اپنی ذاتی جیب سے دیں گے جبکہ ڈائریکٹر گیم ڈویلپمنٹ ایزد سعید نے بتایا کہ اس ٹورنامنٹ میں سات سو سے زائد سکولز کی ساڑھے تین سو ٹیمیں اور 9 ہزار بچے حصہ لیں گے۔کرکٹ بورڈ کی جانب سے سکول کرکٹ کا انعقاد خوش آئند سہی لیکن سرکاری سکول کے غریب بچوں کے پاس کھیلنے کو نہ گراؤنڈ ہے، نہ سامان۔ یہ بچے کیسے کھیلیں گے اسکا جواب پی سی بی کے پاس نہیں۔
وقت اشاعت : 28/03/2017 - 13:25:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :