بھارت آسٹریلیا سیریز کے اختتام پر آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی

ٹیموں میں بھارت، بلے بازوں میں سٹیو سمتھ اور بائولرز میں جدیجہ کی اجارہ داری، پاکستان کے صرف یونس خان اور اظہر علی ٹاپ ٹین میں جگہ بنا سکے

منگل 28 مارچ 2017 16:23

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2017ء) بھارت نے آسٹریلیا کو چوتھے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر ناصرف سیریز اپنے نام کر لی ہے بلکہ ٹیسٹ رینکنگ میں 122 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر اپنا قبضہ بھی مضبوط کر لیا ہے جبکہ پاکستانی ٹیم چھٹے نمبر پر چلی گئی ہے۔ ٹاپ ٹین بلے بازوں میں پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور یونس خان جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں تاہم بائولرز کی فہرست میں کوئی بھی پاکستانی بائولر شامل نہیں ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری ہونے والی نئی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق بھارت 122 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہے اور آسٹریلیا کا 108 پوائنٹس کے ساتھ دوسرا نمبر ہے۔ فہرست میں جنوبی افریقہ تیسرے، انگلینڈ چوتھے، نیوزی لینڈ پانچویں، پاکستان چھٹے، سری لنکا ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں، بنگلہ دیش نویں اور زمبابوے دسویں نمبر پر ہے۔

(جاری ہے)

ٹیسٹ کرکٹ کے 10 بہترین بلے بازوں کی فہرست میں آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ کی اجارہ داری برقرار ہے جبکہ بھارت کے چتیشور پجارا دوسرے، جو روٹ تیسرے، ویرات کوہلی چوتھے، کین ولیم سن پانچویں، اظہر علی چھٹے، یونس خان ساتویں، ڈیوڈ وارنر آٹھویں، ہاشم آملہ نویں اور کوانٹن ڈی کوک دسویں نمبر پر ہیں۔اسی طرحبائولرز کی فہرست میں رویندرا جدیجہ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ روی چندرن ایشوین دوسرے، رنگانا ہیراتھ تیسرے، جوش ہیزل ووڈ چوتھے، جیمز اینڈرسن پانچویں، سٹورٹ براڈ چھٹے، ڈیل سٹین ساتویں، کاگیسو ربادا آٹھویں، ویرنون فلینڈر نویں اور نیل ویگنر دسویں نمبر پر ہیں۔
وقت اشاعت : 28/03/2017 - 16:23:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :