شہریارخان کا انڈین کرکٹ بورڈ کی جانب سے اپنی حکومت کو پاکستان کے خلاف سیریز کیلئے درخواست سے لاعلمی کا اظہار

ہمیں میڈیا کے ذریعے آنے والی خبروں سے معلوم ہوا ہے ،ْ چیئر مین پی سی بی شہر یار خان کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 29 مارچ 2017 12:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے اپنی حکومت کو پاکستان کے خلاف سیریز کیلئے درخواست سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے اقدام کو آئی سی سی کے خوف سے تعبیر کیا ۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے کہا کہ بی سی سی آئی نے سیریز کے حوالے سے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا ہے۔

خیال رہے کہ میڈیا کی اطلاعات کے مطابق بی سی سی آئی رواں سال ستمبر یا نومبر میں پاکستان کے ساتھ دبئی میں سیریز کا خواہاں ہے جس کیلئے انھوں نے اپنی حکومت سے باقاعدہ اجازت مانگی ۔شہریار خان نے کہا کہ ہمیں میڈیا کے ذریعے آنے والی خبروں سے معلوم ہوا ہے ،ْشاید آئی سی سی کی کارروائی کے خوف سے بی سی سی آئی نے پاکستان سے سیریز کھیلنے کی تیاری کی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان کے ساتھ ویمنز سیریز نہ کھیلنے پر آئی سی سی نے کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے پوائنٹس کاٹ دئیے تھے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی وزارت داخلہ کو 2014 میں فیوچر ٹورز پروگرام (ایف ٹی پی) کے تحت کیے گئے معاہدے کو پورے کرنے کیلئے اجازت مانگی ہے۔بی سی سی دفعہ دبئی میں سیریز کھیلنے کو تیار ہے جہاں پاکستان اپنی ہوم سیریز کی میزبانی کرتا ہے۔

یاد رہے کہ معاہدے کے مطابق بھارت کرکٹ ٹیم کو 2014 میں سیریز کیلئے پاکستان کا دورہ کرنا تھا تاہم حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر سیریز ختم کردی گئی تھی جس کے بعد پاکستانی ٹیم بھی بھارت نہیں گئی تھی۔پی سی بی کے چیئرمین شہر یار خان نے معاہدے پر دستخط کرنے کے باوجود سیریز نہ کھیلنے پر بی سی سی آئی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کردیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ بھارت نے ایم او یو پر دستخط کیے تاہم سیریز نہیں کھیلی جس کا نقصان پورا کیا جائے اور بورڈ آف گورنرز نے اس حوالے سے قانونی چارہ جوئی کی منظوری دے دی ہے۔پاکستان نے 2015 میں آئی سی سی کی بگ تھری کی مشروط حمایت کی تھی جس کے بدلے بی سی سی آئی نے سیریز کھیلنے کا معاہدہ کیا تھا۔دوسری جانب آئی سی سی نے حال ہی میں بگ تھری ختم کرنے کی منظوری دی ہے جس کا باقاعدہ فیصلہ اپریل میں کیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 29/03/2017 - 12:44:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :