کرکٹ ڈپلومیسی :بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے سیریز کھیلنے کیلئے آمادگی ظاہر کردی

بی سی سی آئی کا سیریز کی اجازت دینے کیلئے وزارت داخلہ کو خط ،اجازت ملنے پر نومبر یا ستمبر میں یو اے ای میں روایتی حریف کے درمیان سیریز ہوسکتی ہے

بدھ 29 مارچ 2017 16:13

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مارچ2017ء) بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے کرکٹ سیریز کھیلنے کیلئے اپنی مودی حکومت سے اجازت مانگ لی اور اس سلسلے میں باضابطہ طور پر وزارت داخلہ کو ایک خط بھی لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو رواں سال دبئی میں اپنے روایتی حریف پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے کی اجازت دی جائے حکومتی اجازت ملنے پر امکان ہے کہ رواں سال دبئی میں دونوں ملکوں کے درمیان یہ سیریز کھیلی جائے گی ۔

(جاری ہے)

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی نے پاکستان سے سیریز کیلئے آمادگی ظاہر کردی ہے تاہم سیریز کی اجازت مودی سرکار کی اجازت سے مشروط ہوگی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ ڈپلومیسی سے پاک بھارت کشیدہ تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی بی سی سی آئی کی جانب سے وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دبئی میں سیریز کھیلنے کیلئے بی سی سی آئی تیار ہے اس لئے ہمیں سیریز کی اجازت دی جائے اگر حکومت نے اجازت دی تو رواں سال نومبر میں یو اے ای میں پاک بھارت سیریز ہوسکتی ہے رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بی سی سی آئی کی جانب سے تحریری طور پر لکھی گئی درخواست میں فیوچر ٹورز اینڈ پروگرام ایف ٹی پی معاہدے کا حوالہ بھی دیا گیا ہے جو 2014ء میں طے پایا تھا رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ جب شاشنک منوہر بی سی سی آئی کے ہیڈ تھے تو انہوں نے بھی گزشتہ سال پاکستان سے سیریز کیلئے اجازت مانگی تھی تاہم بھارتی حکومت نے سرحدوں پر کشیدگی کے باعث اجازت دینے سے انکار کردیا تھا واضح رہے کہ پاک بھارت سیریز گزشتہ برس کھیلی جانی تھی جس کیلئے بھارتی حکومت نے اجازت نہیں دی تھی مگر اب بھارتی بورڈ پاکستان کے ساتھ نیوٹرل وینیو پر سیریز کھیلنے کیلئے تیار ہوگیا ہے دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بھارتی حکومت نے پاکستان سے کرکٹ سیریز کی اجازت دے دی تو پھر دونوں ممالک کے درمیان ستمبر یا نومبر میں یہ کرکٹ سیریز ہوسکتی ہے اور یہ سیریز بھارتی کرکٹ ٹیم کے دورہ سائوتھ افریقہ سے قبل منعقد کئے جانے کا امکان ہے تاہم اس کا تمام تر انحصار حکومت کی گرین سگنل پر منحصر ہے
وقت اشاعت : 29/03/2017 - 16:13:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :