سابق آسٹریلوی کھلاڑی بریڈ ہوج نے ویرات کوہلی سے معافی مانگ لی

اپنے ملک کی نمائندگی کرنا کسی بھی کھلاڑی کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہوتی ہے،اپنے بیان پر بھارتی عوام، کرکٹ شائقین، بھارتیٹیم اور ویرات کوہلی سے معذرت خواہ ہوں، میرا مقصد کسی کی دل آزاری، توہین یا تنقید کرنا نہیں تھا،بریڈ ہوج

جمعرات 30 مارچ 2017 19:24

سابق آسٹریلوی کھلاڑی بریڈ ہوج نے ویرات کوہلی سے معافی مانگ لی
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مارچ2017ء) بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان گواسکر بارڈر ٹیسٹ سریز اپنے اختتام کو پہنچ چکی ہے تاہم اس سے جڑے تنازعات کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔ انڈین کپتان ویرات کوہلی زخمی ہونے کی وجہ سے دھرم شالہ میں کھیلا گیا آخری ٹیسٹ میچ نہیں کھیل پائے تھے۔ آسٹریلوی میڈیا اور ان کے کھلاڑیوں نے اس بات کو ایشو بناتے ہوئے مختلف بیانات دینا شروع کر دیے تھے۔

اس موقع پر سابق آسٹریلوی کھلاڑی اور آئی پی ایل کی ٹیم گجرات لائنز کے کوچ بریڈ ہوج بھی پیچھے نہ رہے اور الزام عائد کر دیا کہ ویرات کوہلی نے جان بوجھ کر دھرم شالہ ٹیسٹ نہیں کھیلا کیونکہ وہ آئی پی ایل میں شرکت سے پہلے آرام چاہتے تھے۔ بریڈ ہوج کے اس بیان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تو بالاخر انھیں معافی مانگنے پر مجبور ہونا پڑا۔

(جاری ہے)

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں بریڈ ہوج نے کہا ہے کہ اپنے ملک کی نمائندگی کرنا کسی بھی کھلاڑی کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہوتی ہے۔ ایک پروفیشنل کھلاڑی ہونے کی حیثیت سے مجھے اس بات کا مکمل تدارک ہے۔ اسی چیز کو ذہن میں رکھتے ہوئے میں اپنے بیان پر بھارتی عوام، کرکٹ شائقین، اںڈین ٹیم اور خاصی طور پر کپتان ویرات کوہلی سے معذرت خواہ ہوں۔ میرا مقصد کسی کی دل آزاری، توہین یا تنقید کرنا نہیں تھا۔
وقت اشاعت : 30/03/2017 - 19:24:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :