شہرہ آفاق ریسلر انڈر ٹیکر نے رنگ کو خیر باد کہہ دیا

پیر 3 اپریل 2017 12:21

شہرہ آفاق ریسلر انڈر ٹیکر نے رنگ کو خیر باد کہہ دیا
نیویارک(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار3اپریل ۔2017ئ) ریسلنگ کے رنگ پر سب سے زیادہ عرصے تک حکمرانی کرنے والے انڈر ٹیکر نے باقاعدہ طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ۔عظیم ریسلر33ویں ریسل مینیا میں رومن رینز سے لڑنے کیلئے اپنے مخصوص انداز میں رنگ میں جلوہ گر ہوئے تاہم مقابلے کے دوران قسمت نے ان کا ساتھ نہ دیا اور وہ اپنے کیریئر کا آخری میچ ہار نے کے بعد پروقار انداز میں اپنے دستانے ، ہیٹ اور کوٹ رنگ میں چھوڑکر رخصت ہوئے۔

(جاری ہے)

52 سالہ انڈر ٹیکرنے 1984ءمیں پروفیشنل ریسلر کے طور پر کیریئر کا آغاز کیا اور انہیں سب سے زیادہ عرصے تک رنگ میں رہنے والے ریسلر ہونے کا اعزاز حاصل ہے ،انہوں نے 33سالوں پر محیط اپنے کیریئر کے دوران لاتعداد مقابلے جیتے اور پوری دنیا کے دلوں کے فاتح قرار پائے۔انڈر ٹیکر کو ”ڈیڈ مین“،” بڑی برائی“،” موت کی وادی کا شیطان ’“اور” اندھیرے کا شہزادہ“ کے ناموں سمیت کئی ناموں سے جانا جاتا ہے۔انڈر ٹیکر کو 2013ءمیں ڈیجیٹل سپائی پول کے دوران دنیا کا عظیم ترین ریسلر قرار دیا گیا جبکہ ایک اور سروے میں انہیں دنیا کا سب سے قابل احترام ریسلر بھی قرار دیا گیا۔

وقت اشاعت : 03/04/2017 - 12:21:25