سلواوورریٹ،بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضی پر ایک میچ کی پابندی عائد

پیر 3 اپریل 2017 20:34

سلواوورریٹ،بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضی پر ایک میچ کی پابندی عائد
کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اپریل2017ء) بنگلہ دیش کے کپتان مشرفی مرتضی کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کی جانب سے سری لنکا کیخلاف تیسرے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ کے دوران سلواوور ریٹ کیلئے ایک میچ کیلئے معطل کردیا گیا ہے ۔اس کا مطلب ہے کہ وہ مئی میں سہ فریقی ٹورنامنٹ میں آئرلینڈ کیخلاف پہلے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے ۔

بائیں ہاتھ کے فاسٹ بائولر پر ان کی میچ فیس کا 40فیصد جرمانہ بھی عائد کیا گیاہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں پر انکی میچ فیس کا 20فیصد جرمانہ ہوگا۔انکی ٹیم کولمبو میں سنہالیز سپورٹس کلب گرائونڈ میں ہفتہ کے روز کھیلے گئے میچ کے دوران ہدف سے دو اوورز کے خسارے پر تھی ،سری لنکا نے یہ میچ جیت لیا تھا۔اوور ریٹ کے حوالے مرتضی کی جانب سے 12ماہ کے اندریہ دوسری مرتبہ خلاف ورزی سامنے آئی ہے جس پر انہیں معطلی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل کرائسٹ چرچ نیوزی لینڈ او ڈی آئی میں یہ واقعہ پیش آیا تھا ۔آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے مطابق کھلاڑیوں پر مقرر کردہ وقت میں اوورز پورے کرنے میں ناکامی پر ہر ایک اوور کیلئے انکی میچ فیس کا دس فیصد جرمانہ عائد کیا جاتاہے ۔یہ دوسرا موقع ہے کہ مرتضی کو سلو اوور ریٹ پر پابندی کا سامنا کرناپڑا ہے ،ا نہوں نے نومبر 2014ء میں ایک روزہ انٹر نیشنل کے کپتان کے طور ذمہ داری سنبھالی تھی ۔انہیں بنگلہ دیش کے بھارت کیخلاف 2015ء ورلڈ کپ کے میلبورن میں کوارٹر فائنل کے بعد ایک میچ کیلئے معطل کیا گیا تھا ۔ اس کے نتیجے میں وہ پاکستان کیخلاف ایک روزہ میچ سے باہر رہے تھے ۔
وقت اشاعت : 03/04/2017 - 20:34:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :