ڈبلیو ڈبلیو ای کے بادشاہ انڈر ٹیکر نے ریسلنگ کو خیر باد کہہ دیا

سوشل میڈیا پر مداحوں کازبردست خراج تحسین’’شکریہ انڈر ٹیکر ‘‘ مقبول ترین ٹرینڈ بن گیا

منگل 4 اپریل 2017 18:28

ڈبلیو ڈبلیو ای کے بادشاہ  انڈر ٹیکر نے ریسلنگ کو خیر باد کہہ دیا
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اپریل2017ء) ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کے بادشاہ اور دنیا کے کروڑوں افراد کے ہیرو انڈر ٹیکر نے ریسلنگ کو خیرباد کہہ دیا۔انڈر ٹیکر کو ریسلنگ کی دنیا میں ڈیڈ مین یعنی مرا ہوا آدمی کہا جاتا تھا، وہ ریسل مینیا میں آنے کے اپنے منفرد انداز کی وجہ سے مشہور تھے۔انڈر ٹیکر ہمیشہ ایک تابوت میں آتے تھے، اور ان کے آتے ہی ریسل مینیا کی روشنیاں بند کردی جاتی تھیں اور مداح انہیں دیکھتے رہتے تھے۔

انڈر ٹیکر میچ میں فتح یاب ہونے کے بعد اپنے مخالفین کو اس تابوت میں بند کردیتے تھے، جس میں وہ خود آتے تھے، انہوں نے ریسلنگ کے بیشتر مقابلے جیتے۔انڈر ٹیکر نے کم سے کم 21مسلسل فتوحات سمیٹیں، جبکہ انہیں آخری 2 مقابلوں میں مخالفین سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

ریسلنگ کی دنیا کے بادشاہ 52 سالہ انڈر ٹیکر نے اپنے آخری مقابلہ رومن رائن سے ہارنے کے بعد رٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

انڈر ٹیکر شکست کے بعد کئی منٹ تک خاموش رہے، اور پھر مختصر الفاظ میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔انڈر ٹیکر کے اعلان کے بعد ڈبلیو ڈبلیو ای نے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ڈبلیو ڈبلیو ای نے ٹوئیٹ کی کہ وہ ریسلنگ کا حصہ بننے پر انڈر ٹیکر کے مشکور ہیں۔دوسری جانب دنیا بھر میں سے سینکڑوں افراد نے سوشل میڈیا پر انڈر ٹیکر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر’شکریہ انڈر ٹیکر‘ لکھا، جو مقبول ٹرینڈ بن گیا۔
وقت اشاعت : 04/04/2017 - 18:28:31