بنگلہ دیش نے سری لنکا کو آخری ٹی ٹونٹی میچ میں 45 رنز سے شکست دے دی، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 برابری پر ختم، مالنگا کی ہیٹرک اور کپوگیدرا کی ففٹی بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی

جمعرات 6 اپریل 2017 23:44

بنگلہ دیش نے سری لنکا کو آخری ٹی ٹونٹی میچ میں 45 رنز سے شکست دے دی، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 برابری پر ختم، مالنگا کی ہیٹرک اور کپوگیدرا کی ففٹی بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی
کولمبو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2017ء) بنگلہ دیش نے سری لنکا کو دوسرے اور آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 45 رنز سے شکست دے دی، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 سے برابری پر ختم ہوئی، میزبان سری لنکن ٹیم 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 18 اوورز میں 131 رنز پر ڈھیر ہو گئی، لاستھ مالنگا کی شاندار ہیٹرک اور کپوگیدرا کی ففٹی بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔

جمعرات کو کولمبو میں کھیلے گئے دوسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کے قائد مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو سومیا سرکار اور امرالقیس نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹیم کو 6.3 اوورز میں 71 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، یہاں پر گونارتنے نے سرکار کو آئوٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ توڑی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، سرکار 34 رنز بنا کر چلتے بنے، 78 کے سکور پر امرالقیس 36 رنز بنانے کے بعد رن آئوٹ ہو گئے، 124 کے سکور پر بنگلہ دیش کی تیسری وکٹ گری جب صابررحمان 19 رنز بنا کر سنجایا کی گیند پر بولڈ ہوئے، شکیب الحسن جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 38 رنز بنا کر کولاسیکرا کی گیند کا نشانہ بنے، 152 کے سکور پر بنگلہ دیش کی پانچویں وکٹ گری جب مصدق حسین 17 رنز بنا کر تھسرا پریرا کی گیند پر بولڈ ہوئے، 169 کے مجموعی سکور پر لاستھ مالنگا نے غیرمعمولی بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل تین گیندوں پر مشفق الرحیم، مشرفی مرتضیٰ اور مہدی حسن کو آئوٹ کر کے شاندار ہیٹرک کی، مشفق 15 جبکہ مشرفی اور مہدی صفر پر آئوٹ ہوئے، محمد سیف الدین 20 ویں اوور کی آخری گیند پر 6 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوئے، اسطرح بنگلہ دیش نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 176 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، مالنگا نے 3 جبکہ کولاسیکرا، اسیلا گونارتنے، تھسرا پریرا اور گونارتنے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

جواب میں سری لنکن ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 131 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، آئی لینڈرز کا آغاز مایوس کن رہا اور 40 کے سکور پر اسے آدھی ٹیم کا نقصان برداشت کرنا پڑا، کپوگیدرا کے سوا سری لنکا کا کوئی بھی کھلاڑی بنگال ٹائیگرز کے بائولرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، کوسل پریرا اور دلشان موناویرا 4، 4، کپتان اپل تھرنگا 23، اسیلا گونارتنے اور ملینڈا سری وردنا صفر پر آئوٹ ہوئے، اس موقع پر چمارا کپوگیدرا اور تھسرا پریرا نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے چھٹی وکٹ میں 58 اہم رنز جوڑ کر سکور 98 تک پہنچا دیا، یہاں پر شکیب الحسن نے پریرا کو آئوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، پریرا 27 رنز بنا سکے، 119 کے سکور پر سری لنکا کی ساتویں وکٹ گری جب سیکیوج پراسنا 11 رنز بنا کر مشرفی کی گیند کا نشانہ بنے، 123 کے مجموعی سکور پر سری لنکا کی آخری امید بھی دم توڑ گئی جب کپوگیدرا 50 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد مستفیض الرحمان کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، مستفیض نے مالنگا کو بھی کھاتہ کھولنے کا موقع نہ دیا، 131 کے سکور پر سری لنکا کی آخری وکٹ گری جب سنجایا 6 رنز بنا کر سیف الدین کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، مستفیض الرحمان نے 4، شکیب الحسن نے 3، مشرفی، محموداللہ اور محمد سیف الدین نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

وقت اشاعت : 06/04/2017 - 23:44:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :