آئی پی ایل کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے ٹی 20تاریخ کا نیا ریکارڈ بنا ڈالا

ہفتہ 8 اپریل 2017 20:02

آئی پی ایل کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے ٹی 20تاریخ کا نیا ریکارڈ بنا ڈالا
گجرات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اپریل2017ء) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں آسٹریلوی کرس لین اور گوتم گمبھیر نے گجرات لائنز کے خلاف عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو پہلے میچ میں شاندار فتح سے ہمکنار کرانے کیساتھ ساتھ ٹی20 کرکٹ کی تاریخ کا نیا ریکارڈ بنا دیا۔گجرات میں کھیلے گئے میچ میں کولکتہ نے ٹاس جیت کر لائنز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جنہوں نے سریش رائنا اور دنیش کارتھک کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 183 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔

سریش رائنا نے 68 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ دنیش کارتھک نے 47 اور برینڈن میکالم نے 35 رنز بنائے۔کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے اوپنر گوتم گمبھیر اور کرس لین نے 184 رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو وہ نہیں جانتے تھے کہ آج ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ میں نیا ریکارڈ بھی بنا دیں گے۔

(جاری ہے)

کرس لین اور گمبھیر نے باؤلرز کی ناتجربہ کاری کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور بغیر کسی نقصان کے 31 گیندوں قبل ہی ہدف حاصل کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں فتح دلانے کیساتھ ٹی20 کرکٹ کی تاریخ میں کوئی بھی وکٹ گنوائے بغیر سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے اور سب سے بڑی اوپننگ پارٹنر شپ قائم کرنے کا ریکارڈ قائم کر دیا۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور سری لنکا کے تلکرتنے دلشان کے پاس تھا جنہوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 167 رنز جوڑے تھے۔ کرس لین کی تباہ کن بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے صرف 41 گیندوں پر 8 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 93 رنز بنائے۔۔
وقت اشاعت : 08/04/2017 - 20:02:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :