ٹیم میں پاورہٹرز کی کمی ہے،مصباح ،یونس کا خلا پر کرنا آسا ن نہیں ہوگا:انضمام الحق

اتوار 9 اپریل 2017 19:26

ٹیم میں پاورہٹرز کی کمی ہے،مصباح ،یونس کا خلا پر کرنا آسا ن نہیں ہوگا:انضمام الحق
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار9اپریل ۔2017ئ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کرنے والے آل راﺅنڈر کی کمی ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران چیف سلیکٹر نے پاکستان کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پہلے ون ڈے میں پاکستانی باﺅلرز کی کارکردگی پر فکرہے تاہم امید ہے کہ ہماری ٹیم دوسرے ون ڈے میں کم بیک کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

ٹیم میں پاور ہٹنگ کے سوال پر انضمام نے اعتراف کیا کہ ٹیم میں اظہر محمود اور عبدالرزاق جیسے جارحانہ آل راﺅنڈرز کی کمی ہے اور سلیکشن کمیٹی ایسے کھلاڑیوں کی تلاش میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق اور یونس خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا دونوں کھلاڑیوں کو شایان شان طریقے سے رخصت کیا جائے گا اور ان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد بھی کیا جائےگا، ریٹائرمنٹ کیلئے پی سی بی نے یونس خان پر کسی قسم کا دباﺅنہیں ڈالا بلکہ انہوں نے اپنے مستقبل کا فیصلہ سوچ سمجھ کر خود کیا، ہمیں ان فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔

انضمام کا مزید کہنا تھا کہ یونس اور مصباح کی ریٹائرمنٹ سے پیدا ہونےوالا خلا جلد پر نہیں ہو سکے گا، پاکستان کرکٹ کیلئے دونوں کھلاڑیوں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ، کوئی نیا لڑکا ان کی جگہ آسانی سے نہیں لے سکتا۔ اس موقع پر ایک صحافی نے سابق کپتان شاہد آفریدی کو فیئر ل ویل دینے کے حوالے سے سوال کیا تو کوئی جواب نہ بن پانے پر صحافی کو اکیلے میں بتانے کا کہہ ڈالا۔

وقت اشاعت : 09/04/2017 - 19:26:34