دنیا کی معروف فٹ بال ٹیموں کے درمیان لاہور میں میچ کرانے کیلئے کام شروع ہوگیا

جرمنی اور برازیل کی ٹیمیں لاہور میں فٹ بال میچ کھیلنے پر رضا مند ہوگئیں میچ کوعالمی میڈیا براہ راست دنیا بھر میں ٹیلی کاسٹ کریگا ، جرمنی میں معاہدے پر دستخط ہوگئے

جمعرات 13 اپریل 2017 17:26

دنیا کی معروف فٹ بال ٹیموں کے درمیان لاہور میں میچ کرانے کیلئے کام شروع ہوگیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اپریل2017ء) دنیا کی معروف فٹ بال ٹیموں کے درمیان لاہور میں میچ کرانے کیلئے کام شروع ہوگیا ، جرمنی اور برازیل کی ٹیمیں لاہور میں فٹ بال میچ کھیلنے پر رضا مند ہوگئیں ، عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر مقابلے میں شریک ہونگے ،میچ کوعالمی میڈیا براہ راست دنیا بھر میں ٹیلی کاسٹ کریگا ، جرمنی میں معاہدے پر دستخط ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق جرمنی میں مقیم معروف پاکستانی نڑاد جرمن شہری سید خرم کی مارکیٹنگ کمپنی اور جرمنی اور برازیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں کے درمیان معاہدے پردستخط ہوگئے ہیں جس کے تحت جرمنی اور برازیل کے ماضی کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بال کھلاڑیوںپر مشتمل ٹیمیں پاکستان کے شہر لاہور میں فٹ بال کا نمائشی میچ کھیلیں گی۔

(جاری ہے)

میچ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ سید خرم نے بتایا کہ اس میچ سے پاکستان کا امیج پوری دنیا میں تبدیل ہوکر رہ جائیگا اور عالمی برادری اور کروڑوں کی تعداد میں فٹ بال کے شائقین کو پاکستان کی اصل تصویر دیکھنے کو ملے گی۔

سید خرم نے کہا کہ اس میچ کے انعقاد کے لیے تینوں مارکیٹنگ کمپنیوں کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں، میچ 2018کے اوائل میں منعقد کیا جائیگا تاکہ تیاریوں کیلئے وقت مل سکے۔انہوں نے بتایا کہ معاہدے کو ممکن بنانے میں کئی سال لگے ہیں جس کی وجہ پاکستان کے حالات تھے تاہم اب حالات بہتر ہو رہے ہیں لہٰذا دونوں ممالک کے کھلاڑیوں نے پاکستان آنے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے۔سید خرم کے مطابق وہ عنقریب لاہورجائیں گے اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو اس منصوبے کے حوالے سے پریزنٹیشن دیں گے تاکہ حکومت پنجاب کو اس منصوبے پر آن بورڈ لیا جاسکے۔
وقت اشاعت : 13/04/2017 - 17:26:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :