فٹبال ورلڈکپ: ہالینڈ اور یوروگوئے آج پہلے سیمی فائنل میں مدمقابل

1st Semifinal Today

برازیل کیخلاف تاریخی کامیابی سے ڈچ ٹیم کامورال بلند، یوروگوئے ایک اوراپ سیٹ کیلئے پرعزم طویل انتظارکا خاتمہ متوقع،ہالینڈ32اوریوروگوئے 60سال بعد فائنل تک رسائی کا خواہشمند

منگل 6 جولائی 2010

1st Semifinal Today
اعجازوسیم باکھری: فیفا فٹبال ورلڈکپ 2010ء کا آج پہلا سیمی فائنل ماضی کی دو بار کی عالمی چیمپئن یوروگوئے اور ہالینڈ کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیموں نے اہم میچ کیلئے بھرپورتیاری کررکھی ہے اور جیت کیلئے دعوے کیے جارہے ہیں لیکن رواں عالمی کپ میں فیورٹ اور دعوے کرنے والی تمام ٹیمیں اپنے اپنے گھر وں کو واپس لوٹ چکی ہیں لہذا اب کوئی بھی ٹیم فیورٹ اور کوئی کمزور نہیں رہی۔

گوکہ ہالینڈ نے کوارٹرفائنل میں برازیلین پہاڑ کو زمین بوس کیا اور بظاہرآج کے پہلے سیمی فائنل میں ڈچ ٹیم فیورٹ ہے لیکن اب تک ورلڈکپ میں فیورٹ ٹیموں کے ساتھ جو عملی طور پر ہوا اُس کے پیش نظر یوروگوئے بھی فیورٹ پر برتری حاصل کرسکتی ہے لیکن فائنل تک رسائی کون حاصل کرتا ہے اور کس ملک کا کئی دہائیوں بعد فائنل کھیلنے کاخواب پورا ہوتا ہے اس کا فیصلہ میچ کے اختتام پر ہی ہوگا۔

(جاری ہے)

ہالینڈ اور یوروگوئے کی ٹیموں کا اگرآپس میں موزانہ کیا جائے تو دونوں ٹیمیں طویل عرصہ سے ورلڈکپ مقابلوں میں کوئی خاطر خواہ کارکردگی پیش کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ ہالینڈ کی ٹیم حالیہ کچھ عرصے میں بہتر کارکردگی کی وجہ سے نہ صرف یورپ کی مضبوط ترین ٹیموں میں شامل ہوگئی ہے بلکہ عالمی رینکنگ میں بھی وہ چوتھے نمبرپر آچکی ہے جوکہ ڈچ ٹیم کی مضبوطی کا واضع ثبوت ہے۔

نیدرلینڈ کی ٹیم اب تک دوبار ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرچکی ہے لیکن دونوں بار یہ ٹیم فائنل میں پہنچ کر ہار گئی اور چیمپئن بننے کا خواب ادھورا رہا۔ پہلی بار1974ء کے عالمی کپ میں ہالینڈ نے فائنل تک رسائی حاصل کی اور فائنل میں میزبان ویسٹ جرمنی کے ہاتھوں ڈچ ٹیم شکست کھا گئی۔ پھر چار سال بعد اگلے ورلڈکپ میں دوبارہ ڈچ ٹیم نے فائنل تک رسائی حاصل کی اور اس بار فیصلہ کن معرکے میں ان کے سامنے میزبان ارجنٹائن کی ٹیم تھی اور یہاں بھی ہالینڈ کو فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور پھر اچانک ہالینڈ کا زوال شروع ہوا اور اگلے دو ورلڈکپ مقابلوں میں ٹیم کوالیفائی کرنے سے محروم رہی۔

1990ء کے عالمی کپ میں ٹیم دوسرے راؤنڈ سے باہر ہوگئی اور94ء کے میگاایونٹ میں کوارٹرفائنل تک رسائی کا موقع ملا اور98ء میں ڈچ ٹیم برازیل کے ہاتھوں سیمی فائنل میں شکست کھا گئی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ موجودہ ورلڈکپ میں ہالینڈ نے برازیل ہی کو شکست دیکر ورلڈکپ سے باہر کیا ہے ،98ء کے سیمی فائنل میں برازیل نے پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ڈچ ٹیم کیخلاف کامیابی حاصل کی تھی اور فیصلہ کن پنالٹی حالیہ ورلڈکپ میں برازیل کے کوچ ڈونگا نے لگاکر اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی تھی اور موجودہ ورلڈکپ میں ڈونگا ٹیم کے کوچ تھے اور روایتی حریف ہالینڈ کیخلاف اُس کی ٹیم بری طرح ناکام رہی اور اس ناکامی پر انہیں کوچنگ کے عہدے سے برطرف بھی کردیا گیا ہے۔

2002ء کے ورلڈ کپ کیلئے ڈچ ٹیم کوالیفائی کرنے سے محروم رہی اور گزشتہ عالمی کپ میں ہالینڈ دوسرے راؤنڈ سے ہی باہر ہوگیا اور اس بار ٹیم نے بھر پورمحنت کی اور اب تک ناقابل شکست رہتے ہوئے خود کو سیمی فائنل میں لاکھڑا کیا ہے جہاں ان کا مقابلہ یوروگوائے سے ہے۔یورو گوئے کی ٹیم کا ماضی انتہائی شاندار رہا ہے اور بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ یہ ٹیم دو بار ورلڈکپ بھی جیت چکی ہے ۔

فٹبال کی تاریخ کا پہلا ورلڈکپ 1930ء میں یوروگوئے میں ہی کھیلا گیا جہاں میزبان ٹیم نے فائنل میں ارجنٹائن کوشکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اگلے دو عالمی کپ مقابلوں میں یورو گوئے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا اور دوسری جنگ عظیم کے بعد برازیل کی میزبانی میں ہونیوالے1950ء کے عالمی کپ میں یوروگوئے نے میزبان ٹیم کو شکست دیکر دوسرا ورلڈکپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا پھر1954ء کے عالمی کپ میں یہ ٹیم سیمی فائنل میں شکست کھا گئی جبکہ اگلے ورلڈکپ میں کوالیفائی کرنے سے محروم رہی۔

یوروگوئے کی ٹیم نے آخری بار 1970ء میں سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا جہاں انہیں برازیل کے ہاتھوں شکست ہوئی اور آگے چل کر برازیل نے ورلڈکپ اپنے نام کیا۔1994ء اور98ء کے ورلڈکپ مقابلوں میں یوروگوئے کی ٹیم کوالیفائی نہ کرسکی اور جبکہ 2002ء کے میگاایونٹ میں اسے پہلے راؤنڈ سے باہر ہونا پڑا اور پھر2006ء کے عالمی کپ میں بھی ایک بار پھر یہ ٹیم کوالیفائی مرحلے میں شکست کھا کر ورلڈکپ کھیلنے سے محروم رہی اور اس بار یہ ٹیم نہ صرف ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہی بلکہ خود کو سیمی فائنل میں بھی لاکھڑا کیا ہے۔

رواں ورلڈکپ میں یوروگوئے نے کوارٹرفائنل میں گھانا کو شکست دی اور یہ میچ گھانا جیت چکا تھا لیکن قسمت نے فتح گھانا کے حلق سے نکال کر یوروگوئے کے سپرد کردی ۔ہالینڈ کیخلاف یورو گوئے کا ریکارڈ زیادہ اچھا نہیں ہے لیکن دونوں ٹیمیں سخت محنت کرکے سیمی فائنل تک پہنچی ہیں اور توقع ہے کہ دونوں میں آج سخت مقابلہ ہوگا۔

مزید مضامین :