چوتھے قومی ڈومیسٹک ٹونٹی20کپ کے سنسنی خیز مقابلے لاہور میں جاری

4th Domistic 20 20 Cup Jari

شعیب اختر کے باؤنسر،آفریدی کے چھکوں،چیئرلیڈرزکے ڈانس اورمیوزک کے شور نے قذافی سٹیڈیم کی رونقیں بحال کردیں ٹورنامنٹ میں اقرباء پروری کا بھر پورمظاہرہ، شائقین کی نظریںآ صف ،زراق ،عمران نذیر اور محمد سمیع کو ڈھونڈتی رہیں

پیر 6 اکتوبر 2008

4th Domistic 20 20 Cup Jari
اعجاز وسیم باکھری : لاہورمیں ان دنوں چوتھا قومی ٹونٹی ٹونٹی کپ جاری ہے جس میں ملک کے کئی سٹار کرکٹرز حصہ لے رہے ہیں ۔ٹورنامنٹ کے ابتدائی دو روز میں شائقین کو کئی سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں اور قومی ہیروز کو ایکشن میں دیکھنے کیلئے شائقین کی بڑی تعداد قذافی سٹیڈیم کا رخ کررہی ہے۔چوکوں اور چھکوں کی برسات کے ساتھ ساتھ چیئرلیڈرز کی ڈانس اور پاپ میوزک نے قذافی سٹیڈیم کی رونقیں بحال کردی ہیں۔

شعیب اختر کی تیز گیندیں اور شاہد آفریدی کے بلندوبالا چھکوں نے شائقین کو سٹیڈیم کا رخ کرنے پر مجبور کردیا ہے۔جہاں ایک طرف قذافی سٹیڈیم کی رونقیں لوٹ آئیں ہیں وہیں شائقین کی نظریں اس کے باوجود بھی کئی نامور کرکٹرز کو ڈھونڈرہی ہیں ۔ محمد آصف ، عبدالرزاق ، عمران نذیر، عمران فرحت ، محمد سمیع ، نوید لطیف اوردانش کنیریا جیسے سٹار کھلاڑیوں کی کمی شدت سے محسوس کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

حالانکہ فاسٹ باؤلر شعیب اختر اور شاہد آفریدی سمیت قومی ٹیم کے کئی سینئر کھلاڑی آر بی ایس ٹونٹی کپ میں حصہ لے رہے ہیں لیکن اس کے باوجود شائقین دیگر سٹارزکو بھی ایکشن میں دیکھنے کی متمنی ہیں۔عبدالرزاق ، عمران نذیر، عمران فرحت ، محمد سمیع ، نوید لطیف پرآئی سی ایل جوائن کرنے کی وجہ سے پاکستان میں کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد ہے حالانکہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اپنے باغی کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دیدی ہے لیکن پی سی بی بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ بہترین روابط کی وجہ سے اپنے پاکستانی باغی کھلاڑیوں کو اجازت دینے سے انکاری ہے۔

فاسٹ باؤلر محمد آصف پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل میں ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر تاحکم ثانی ہرطرح کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کررکھی ہے جس کی وجہ سے وہ بھی ایونٹ میں شرکت کرنے سے محروم ہیں۔واضع رہے کہ آصف نے اپنے یورین کا بی سیمپل دے رکھاہے اوروہ پرامید ہیں کہ دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ لوٹ آئیں گے تاہم تاحال اس کے امکانات معدوم دکھائی دیتے ہیں۔

دوسری جانب چوتھے قومی ڈومیسٹک ٹونٹی ٹونٹی کپ میں شریک ٹیموں کی سلیکشن کے بارے میں تاحال تجزیہ نگار مطمئن نہیں ہوسکے اور من پسند کھلاڑیوں کی شمولیت پر کئی سوالوں کے جواب ابھی باقی ہیں۔ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں کو مقامی ریجنز کے عہدیداروں نے خود منتخب کیا لیکن جہاں کئی حقدار کھلاڑیو ں کی حق تلفی کی گئی وہیں کئی سینئر کھلاڑیوں اور ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں کے قریبی عزیزوں کوبھی نوازا گیا ہے اور انہیں اہل کھلاڑیوں پر ترجیح دیکرمیرٹ کی دھجیاں بکھیرنے کے ساتھ ساتھ صلاحیتوں کامذاق بھی اڑایا گیا ۔

ٹورنامنٹ کی سب سے مضبوط سائیڈ تصور کی جانیوالی میزبان ٹیم لاہور لائنز کی قیادت قومی ٹیم کے سٹار بیٹسمین محمد یوسف کررہے ہیں ناقدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے ذاتی سفارش پر اپنے بھیتجے سنی ارشاد کو لاہور لائنز کی ٹیم شامل کرایا ہے جبکہ دفاعی چیمپئن سیالکوٹ سٹالینز کے کپتان شعیب ملک کے بارے میں کہاجارہا ہے کہ انہوں نے آر بی ایس ٹورنامنٹ میں اپنے بھائی عدیل ملک کو شامل کرایا ۔

اسی طرح کراچی زیبراز کے کپتان اور ٹیسٹ کرکٹر فیصل اقبال کے بھائی فہداقبال بھی زیبراز سکواڈ کا حصہ ہیں ۔ایک طرف جہا ں سینئر کھلاڑیوں بالخصوص ایونٹ میں شریک ٹیموں کے کپتانوں کے قریبی عزیزایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں وہیں مختلف ریجنز کے سربراہوں کے قریبی عزیزکھلاڑی اس ایونٹ میں شرکت کررہے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی گورننگ باڈی کے رکن اور اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر شکیل شیخ کا بھتیجا عمیر خان اسلام آباد کی ٹیم جبکہ حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشنز کے صدر میرحیدر تالپور کا صاحبزادہ علی تالپور حیدرآباد کی جانب سے ایونٹ میں حصہ لے رہا ہے ۔

سینئر کھلاڑیوں اور عہدیداروں کے قریبی عزیز وں کی ایونٹ میں سلیکشن سے غریب اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی دل آزاری ہوئی ہے وہیں یہ سوال بھی اپنے جواب کا منتظر ہے کہ کب تک میرٹ کے نام پر صلاحیتوں کا قتل عام ہوتا رہیگا۔

مزید مضامین :