ایک اور اپ سیٹ ہوتے ہوتے رہ گیا

Aik Or Upset Hote Hote Reh Giya

سکاٹ لینڈ کو شکست دیکر نیوزی لینڈکی کوارٹرفائنل کی طرف پیش قدمی ۔۔۔۔۔۔۔ چھوٹی ٹیموں کی شاندار پرفارمنس نے بڑی ٹیموں کو پریشان کرنا شروع کردیا

Ejaz Wasim Bakhri اعجاز وسیم باکھری بدھ 18 فروری 2015

Aik Or Upset Hote Hote Reh Giya

نیوزی لینڈ کی ورلڈ کپ کے دوسرے معرکے میں سکاٹ لینڈ کو شکست دینے کے بعد کوارٹر فائنل تک رسائی یقینی ہوگئی ، کیویز نے سکاٹ لینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دی۔کیویز کو چار مزید میچز کھیلنے ہیں جبکہ کوارٹر فائنل تک رسائی کے لیے اس کے پاس دو کامیابیاں موجود ہیں۔ میگا ایونٹ میں سری لنکا اور سکاٹ لینڈ کو ہرانے کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم پول اے میں چار پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔ کیویز کا اگلا میچ انگلینڈ کے ساتھ ہے جس میں بھی ان کا پلڑا بھاری ہے۔ورلڈ کپ مقابلوں میں دونوں ٹیمیں سات بار آمنے سامنے آئیں ، چار بار نیوزی لینڈ کی ٹیم فاتح رہی جبکہ تین بار انگلش ٹیم نے کامیابی اپنے نام کی۔گزشتہ روز کے میچ میں بظاہر تو ایسا ہی لگ رہا تھا کہ نیوزی لینڈآسانی کے ساتھ سکاٹ لینڈ کو ہرا دے گی لیکن ایسا نہیں ہوسکا، سکاٹ لینڈ نے چھوٹی ٹیم ہونے کے باوجود بڑے کھیل کا مظاہرہ کیا اور نیوزی لینڈ کیلئے 143رنز کا ہدف مشکل بنا دیا۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ نے اس ہدف کو حاصل کرنے کیلئے سات وکٹیں گنوائیں تب جا کر کہیں وہ ٹارگٹ پورا کرنے میں کامیاب ہوئے ۔سکاٹ لینڈ نے عالمی کپ کے وارم اپ مقابلوں میں ویسٹ انڈیز کو سخت مشکلات سے دوچار کردیا تھا اور صرف اپنی ناتجربہ کاری کی وجہ سے جیتا ہوا مقابلہ تین رنز سے ہار گیا۔گزشتہ روز نیوزی لینڈ کو بھی سکاٹ لینڈ نے خوب تنگ کیا ، گوکہ بیٹنگ میں سکاٹش پلیئرز کم سکور پر آؤٹ ہوگئے لیکن ان کے باؤلرز کی کارکردگی تعریف کے لائق ہے۔ اگر بیٹنگ میں سکاٹ لینڈ مزید تیس سے چالیس رنز کرلیتا تو نیوزی لینڈ کیلئے یہ ہدف مزید مشکل ہوجاتا۔ میزبان نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میک کولم جیسے دھواں دار بلے بازوں کے ساتھ مارٹن گپٹل جیسے منجھے ہوئے اوپنر، کین ولیم سن اور روس ٹیلر جیسے ان فارم بلے بازبھی سکاٹ لینڈ کو پریشان نہیں کرسکے، نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل سکاٹش ٹیم نے ثابت کیا کہ ہمت کو کوئی نہیں ہرا سکتا، جذبے کے ساتھ کھیلا جائے تو چھوٹی ٹیمیں بڑی ٹیموں کیلئے جینا دو بھر کردیتی ہیں، ہم نے آئرلینڈ کیخلاف ویسٹ انڈیز کا حشر بھی دیکھا ہے جبکہ وارم اپ میچز میں زمبابوے کے سامنے سری لنکا کو گھٹنے ٹیکتے ہوئے بھی سب نے دیکھا ہے، ایسی صورتحال میں آنیوالے میچز میں بڑی ٹیموں کو ہوش مندی کے ساتھ کھیلنا ہوگا اور ویسے بھی شائقین کی نظریں پاکستان اور آئرلینڈ کے میچ پر لگی ہیں جبکہ بھارت اور آئرلینڈ کا مقابلہ بھی دیکھنے لائق ہوگا کیونکہ آئرش ٹیم کے بارے میں کوئی حتمی رائے نہیں دی جاسکتی، اگر اس دن آئرش باؤلرز نے قدرے ہمت دکھا دی تو اپنی برق رفتا ر بیٹنگ لائن اپ آئرش ٹیم بھارت کو بھی لے ڈوبی گی۔گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے شہر ڈونیڈن کے یونیورسٹی اوول گراوٴنڈ پر کھیلے گئے میچ میں سکاٹ لینڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ کا آغاز کیا تو ٹرینٹ بولٹ نے دوسرے ہی اوور میں 2 کھلاڑیوں کو لگاتار 2 گیندوں پر پویلین بھیج دیا جب کہ پانچویں اوور میں ٹم ساوٴتھی نے بھی لگاتار 2 گیندوں پر 2 وکٹیں حاصل کر کے اسکاٹش ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔سکاٹ لینڈ کا کوئی بھی بلے باز کیوی بولز کے سامنے مزاحمت نہ دکھا سکا اور پوری ٹیم 37 ویں اوور میں 142 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کورے اینڈرسن اور ڈینئیل ویٹوری نے 3،3 جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساوٴتھی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔جواب میں نیوزی لینڈ نے سکاٹ لینڈ کی جانب سے دیا گیا 143 رنز کا ہدف 25ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ سکاٹ لینڈ کی طرح نیوزی لینڈ کے اوپنر بھی اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا لیکن آسان ہدف ہونے کی وجہ سے کیوی کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز سے بیٹنگ جاری رکھی اور مقررہ ہدف 25 ویں اوور میں پورا کر لیا۔کین ولیمسن نے 38 جب کہ گرانٹ ایلیٹ نے 29 رنز کی اننگ کھیلی۔گروپ اے میں دو میچز میں کامیابی کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ آسٹریلیا دو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے ۔

مزید مضامین :