ایشین گیمز میں ٹائٹل کا دفاع

Asian Games Main Title Ka Difa

قومی ہاکی ٹیم بلند عزائم کے ساتھ کوریا روانہ حکومت پاکستان کی طرف سے آئی او سی کو کھیلوں کی تنظیموں کے عہدیداران کی مدت میعاد کے حوالے سے سپورٹس پالیسی میں تبدیلی کی یقین دہانی کرائی تھی

Ejaz Wasim Bakhri اعجاز وسیم باکھری منگل 3 فروری 2015

Asian Games Main Title Ka Difa
اعجاز احمد شیخ: 17 ویں ایشیئن گیمز کا آغاز 19 ستمبر کو جنوبی کوریا کے شہر انچیون میں رنگا رنگ تقریب سے ہو گا۔ میگا ایونٹ میں پاکستان کا 142 رکنی دستہ حکومتی اخراجات پر جبکہ رگبی، بیس بال، فٹبال اور آرچری کا دستہ اپنی مدد آپ کے تحت ایشیئن گیمز میں شرکت کرے گا۔ حکومت پاکستان کی طرف سے آئی او سی کو کھیلوں کی تنظیموں کے عہدیداران کی مدت میعاد کے حوالے سے سپورٹس پالیسی میں تبدیلی کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ حکومت نے اس حوالے سے کوئی اقدام نہیں کیا۔

حکومت کی سست روی کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر پاکستانی کھیلوں پر پابندی کی تلوار لٹکی ہوئی ہے۔ اگلے ماہ سویٹزر لینڈ میں آئی او سی ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہو رہا ہے جس میں پاکستان میں اولمپک چارٹر اور اولمپک موومنٹ کے حوالے سے بھی جائزہ لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

واقفان حال کے مطابق پاکستان کی بعض تنظیموں کی جانب سے اب بھی آئی او سی چارٹر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عدالتوں میں درخواستیں دائر کر رکھی ہیں جس پر آئی او سی کو شدید تحفظات ہیں۔

بہرکیف یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسی کوئی نوبت نہ آنے دے جس کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی چند افراد کی وجہ سے ہو۔ 17 ویں ایشیئن گیمز میں شرکت کے لئے پاکستانی دستوں کی کوریا روانگی شروع ہو گئی ہے۔ پاکستان ہاکی ٹیم بلند عزائم کے ساتھ کوریا روانہ ہوئی ہے، روانگی سے قبل پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے قومی ٹیم کو عشائیہ دیا گیا جس میں کھلاڑیوں کو کوچنگ سٹاف کو نیک تمناوں کے ساتھ الوداع کیا گیا۔

اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اولمپیئن اختر رسول نے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم 18 کروڑ عوام کی دعاؤں سے کامیاب و کامران ہو کر لوٹے گی۔ کھلاڑی اپنے ذہن میں صرف اور صرف گولڈ میڈل کو اپنا ہدف رکھیں اللہ تعالی انہیں کامیابی دے گا۔ اختر رسول کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کا اندازا ہے کہ کھلاڑیوں کو جیت کی بھوک ہے اور ایک لمبے عرصے کے بعد انٹرنیشنل ہاکی کھیلنے جا رہے ہیں میری دعا ہے کہ کھلاڑی قوم کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے ورلڈ کپ 2014ء میں شرکت نہ کر سکنے کا بدلہ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیت کر چکائیں۔

اختر رسول کا کہنا تھا کہ اگر کھلاڑی ایشیئن گیمز کا گولڈ میڈل جیت کر آئے گی تو وزیراعظم نواز شریف سمیت پوری قوم اپنے ہیروز کا پرتپاک استقبال کرے گی۔ انعامی رقم کی ان پر بارش ہو گی۔ اس موقع پر قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ و مینجر اولمپیئن شہناز شیخ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5 ماہ سے ایشیئن گیمز کی تیاری کر رہے ہیں ہمیں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں جس پر ہم مطمئن بھی ہیں اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ایشیئن گیمز میں اچھی سے اچھی کارکردگی دکھا کر ملک و قوم کا نام روشن کریں۔

شہناز شیخ کا کہنا تھا کہ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اولمپیئن اختر رسول اور سیکرٹری اولمپیئن رانا مجاہد کو ایشیئن ہاکی فیڈریشن میں بلامقابلہ منتخب ہونے پرمبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ایشیئن باڈی میں پاکستان کو نمائندگی ملنے کا فائدہ ہوگا۔ ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے کھلاڑیوں پر پورا یقین ہے کہ وہ میگا ایونٹ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ثابت کریں گے کہ انہیں اچھی ٹریننگ مہیا کی گئی ہے۔

ایف آئی ایچ کے نئے رولز کے مطابق تربیتی کیمپس میں ٹریننگ کی گئی ہے۔ کھلاڑیوں کو نئے رولز کا کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔ انکا کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے کہ کھلاڑیوں کو دس ماہ سے کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں ملا ہے تاہم کوریا میں ٹورنامنٹ کے آغاز سے پہلے جانے کا ہمیں یہ فائدہ ہو گا کہ وہاں پر شریک ٹیموں سے پریکٹس میچز کھیل کر ردھم حاصل کرلیں گے۔

شہناز شیخ کا کہنا تھا کہ میں نے کھلاڑیوں کو بتا دیا ہے کہ بھارت ہمارے پول میں شامل ہے میں جب تک ہاکی کھیلتا رہا ہوں کبھی بھارت سے نہیں ہارا تھا۔ کھلاڑیوں سے کہا گیا ہے کہ ہر میچ کو فائنل سمجھ کر کھیلنا ہے۔ کھلاڑیوں نے جتنی محنت کی ہے اس کے بعد انہیں قوم کی دعاؤں کی اشد ضرورت ہے۔ میری پوری قوم سے اپیل ہے کہ وہ ہمارے حق میں دعا کرے۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان ایم عمران کا کہنا تھا کہ ایشیئن گیمز کے دفاعی چیمپئن ہیں کوریا میں ٹائٹل کا دفاع کریں گے جس کے لئے تمام کھلاڑی پرعزم ہیں۔ کپتان کا کہنا تھا کہ تربیتی کیمپ میں بھرپور تیاری کی گئی ہے جس میں کوچز کا بڑا عمل دخل رہا ہے تمام کھلاڑی مکمل فٹ ہیں انشاء اللہ ملک و قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرینگے۔

مزید مضامین :