اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ آج سے شروع

Azlan Shah Hockey Tournament Starts Today

پاکستانی ٹیم کا ایک بار پھر کڑا امتحان‘ سینئرز کے پاس آخری موقع بھارت ‘آسٹریلیا5‘5جبکہ پاکستان 3بار چیمپئن بنا ‘8 سال سے فتح قومی ٹیم سے دور

جمعرات 5 مئی 2011

Azlan Shah Hockey Tournament Starts Today
اعجازوسیم باکھری: سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ آج سے ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں شروع ہورہا ہے۔ قومی ٹیم آج ایونٹ کے افتتاحی معرکے میں نیوزی لینڈ کے مدمقابل ہوگی۔ پاکستانی ٹیم نئے کپتان محمد عمران کی قیادت میں ایونٹ میں حصہ لے رہی ہے کیونکہ ذیشان اشرف نے اذلان شاہ کپ کھیلنے سے معذرت کردی تھی جس کے بعد فیڈریشن نے سنیئر کھلاڑی محمد عمران کو قیادت سونپ دی۔

ٹیم میں سینئر کھلاڑی بھی شامل ہیں تاہم چند ایسے کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا گیا ہے جو پہلی بار کسی بین الاقومی ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرینگے۔ ایشین گیمز جیتنے کے بعد پاکستان ہاکی کے اچھے دن لوٹ آئے تاہم اب نیا سیزن شروع ہونے جارہا ہے اور دیکھناہوگا کہ قومی ٹیم اپنی فتوحات کے سلسلہ کو کس حد تک جاری رکھ سکتی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سینئر کھلاڑی کو پہلے ہی سے کہہ دیا ہے کہ بری کارکردگی پیش کرنے والوں کو ٹیم سے نکال دیا جائیگا لہذا سینئر ز کے پاس یہ آخری موقع ہے کہ وہ اگر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب ہوئے تو ٹیم کا حصہ ہونگے ورنہ ممکن ہے کہ اگلے ایونٹ میں ان سے نجات حاصل کرلی جائے۔

گزشتہ سال ہونیوالے اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی اور اس بار بھی قومی ٹیم کی جیت کے زیادہ چانس نہیں ہیں کیونکہ نوجوان کھلاڑیوں کی موجودگی میں پاکستان کو آسٹریلیا ، بھارت ، کوریا اور ملائیشیا کو ہرانے سخت محنت کرنا ہوگی۔ آج سے شروع ہونیوالا یہ روایتی ہاکی ایونٹ تاریخ کا 20واں ٹورنامنٹ ہے۔ قارئین کی دلچسپی کیلئے اذلان شاہ کپ کا تاریخی جائزہ پیش خدمت ہے ۔

اب تک آسٹریلیا اور بھارت نے سب سے زیادہ پانچ پانچ بار اذلان شاہ کپ جیتا جبکہ پاکستان تین بار فاتح رہا اور سب سے زیادہ پانچ مرتبہ رنر اپ رہنے کا اعزاز بھی پاکستانی ٹیم کے پاس ہے۔اذلان شاہ کا سب سے پہلا ٹورنامنٹ 1983ء میں کھیلا گیا جہاں آسٹریلوی ٹیم نے پاکستان کے خلاف فائنل جیت کرافتتاحی اذلان شاہ ٹورنامنٹ جیتے کااعزاز حاصل کیا ۔دوسال بعد ہونیوالے دوسرے ایونٹ میں بھارت نے میزبان ملائیشیا کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ پاکستانی ٹیم تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

1987ء میں کھیلے گئے تیسرے اذلان شاہ کپ میں بھی پاکستانی ٹیم نے عمدہ پرفارمنس دی تاہم ایک بار پھر پاکستانی ٹیم فاتح بننے میں ناکام رہی اور جرمنی کے خلاف فائنل میں شکست کھاگئی یہاں تیسری پوزیشن برطانیہ کے حصے میں آئی۔چار سال بعد کھیلے گئے چوتھے ٹائٹل میں بھی پاکستانی ٹیم رنر اپ رہی اس بار بھارت نے ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی اورتین سال بعد ہونیوالے پانچویں اذلان شاہ کپ میں پاکستانی ٹیم مسلسل تیسری بار فائنل میں پہنچ کر ہمت ہار گئی جہاں فائنل میں قومی ٹیم کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرناپڑا۔

1995ء میں کھیلے گئے چھٹے اذلان شاہ کپ میں بھارت نے جرمنی کو شکست دیکر ٹائٹل جیتاجبکہ1996میں جنوبی کوریا نے آسٹریلیا کو تاریخی شکست دیکرٹرافی اپنے نام کی۔1998ء کے آٹھویں اذلان شاہ کپ میں شائقین کو شاندار مقابلے دیکھنے کو ملے فائنل میں آسٹریلیا نے جرمنی کو شکست دیکر ٹرافی پر قبضہ جمایا ، اس کامیاب ایونٹ کے بعد منتظمین نے ہرسال اذلان شاہ کپ منعقدکرانے کافیصلہ کیا اور اگلے برس 1999ء میں کھیلے گئے نویں سلطان اذلان شاہ کپ میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو شکست دیکر فائنل میں کامیابی حاصل کی اور اس سے اگلے سال2000ء بھی ایک بار پھر پاکستان نے کوریا کو ہراکر لگاتار دوسرا اذلان شاہ کپ جیتا۔

11ویں اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی ،جرمنی نے ٹورنامنٹ میں فتح حاصل،مسلسل تیسری بار کوریا رنر اپ رہا یہاں پاکستانی ٹیم کے حصے میں چوتھی پوزیشن آئی ،تاہم 12ویں اذلان شاہ کپ میں ایک بار پھر پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا اور دفاعی چیمپئن جرمنی کو شکست دیکر مجموعی طور پر تیسرا اذلان شاہ کپ جیتا لیکن ایک بار پھر 2004ء میں کھیلے گئے 13ویں اذلان شاہ کپ میں دفاعی چیمپئن پاکستان آسٹریلیا کے خلاف اپنے اعزاز میں ناکام ہوگیا اور فائنل میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا۔

2005میں کھیلے گئے 14ویں ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا نے جنوبی کوریا کے خلاف اپنے اعزاز کا کا میاب دفاع کیا یہاں پاکستانی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ یہ آخری ٹورنامنٹ تھا جہاں پاکستانی ٹیم نے پہلی چار ٹیموں میں جگہ حاصل کی ،اس کے بعد کھیلے گئے دو ٹورنامنٹ میں فائنل جیتناتو درکنار قومی ٹیم چوتھی پوزیشن تک رسائی حاصل کرنے میں بھی ناکام رہی۔

15ویں اذلان شاہ کپ میں ہالینڈ نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو شکست دی اورجبکہ2007ء میں ہونیوالے 16ویں اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا نے میزبان ملائیشیا کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ پاکستانی ٹیم پانچویں پوزیشن کے میچ بھی ارجنٹائن کے خلاف4-2سے شکست کھا گئی۔2008ء میں کھیلے گئے 17ویں اذلان شاہ کپ میں پاکستانی ٹیم نے بھر پورتیاری کیساتھ شرکت کی لیکن گول کیپر سلمان اکبر کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے پاکستان عمدہ آغاز کے باوجود وکٹری سٹینڈ تک رسائی حاصل کرنے سے محروم رہا ۔

غیر متوقع طور پر ارجنٹائن نے فائنل میں بھارت کو ہراکر پہلی باراذلان شاہ کپ جیتا حالانکہ اس سے قبل ارجنٹائن کی ٹیم کبھی بھی پانچویں پوزیشن سے آگے نہ بڑھ پائی تھی لیکن مذکورہ ایونٹ میں براعظم جنوبی امریکہ کی ٹیم نے تاریخی اپ سیٹ کرتے ہوئے فتح سمیٹی ۔2009ء کے اذلان شاہ کپ میں ایک بار پھر قومی ٹیم بری طرح ناکام رہی اور پاکستان کو لگاتار دوسرے سال چوتھی پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑاجبکہ بھارتی ٹیم ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہی۔

گزشتہ سال ہونیوالے اذلان شاہ کپ میں قومی ٹیم چوتھی پوزیشن سے بھی محروم ہوگئی ہے اور طویل عرصہ بعد پانچویں پوزیشن پاکستان کے حصہ میں آئی جبکہ ٹورنامنٹ کے فائنل میں شدید بارش کی وجہ سے انتظامیہ نے جنوبی کوریا اور بھارت کو مشترکہ چیمپئن قرار دیدیا۔

مزید مضامین :