ریسلربِگ شو کیلئے" ویلنٹائنز ڈے ایک اہم دِن"

Big Show

وہ2 بارڈبلیو سی ڈبلیو ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن ، 2بار ڈبلیو ڈبلیوایف / ای چیمپئن ، 2بار ڈبلیو ڈبلیو ای ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن اور ایک بارای سی ڈبلیو ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن رہ چکے ہیں

Arif Jameel عارف‌جمیل منگل 18 اگست 2020

Big Show
ڈبلیو ڈبلیو ایف/ ای کے 14ِفروری1999ء کو ہونیوالے ایونٹ :اِن یور ہاؤس کے27ویں پروگرام کا نام " سینٹ ویلنٹائنز ڈے ماسکا(قتل ِعام)" رکھا گیا۔یہ ٹائٹل 14ِفروری1929 ء کے اس مشہور واقعہ کے حوالے سے تھا جس میں دو امریکن گینگسٹرز الکاپون اور بگز مورن کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں7 افراد قتل ہو گئے تھے۔ اس ایونٹ کا آخری مقابلہ ادارے کے مالک میک موہن اور سٹون کولڈ کے درمیان لوہے کے پنجرے کے اندر ہو رہا تھا۔

زور آزمائی کے دوران اسٹوری لائن کے مطابق اچانک رِنگ کے نیچے سے کینوس(موٹا کپڑا) پھاڑتے ہوئے ایک دیونُماشخص نکلا اور پہلے سٹون کولڈ کا بازو پکڑ کر پنجرے کی دیواروں کے ساتھ مارتا رہا اور پھر سٹون کولڈ کو اُٹھا کر زور سے جنگلے پر دے مارا ۔سٹون کولڈ نے اپنے آپکو بچانے کیلئے جنگلے پر ہاتھ ڈالا تو وہ پنجرے کا دروازہ تھا جو کُھل گیا اور اسٹون کولڈ باہر فرش پر جا گِرا۔

(جاری ہے)

ریفری نے میک موہن کی طرفدادری میں اُس شخص کی مقابلے میں مداخلت پر اسٹون کولڈ کو فاتح قرار دے دیا لیکن شائقین فاتح کو نہیں اُس دیوہیکل شخص کوحیران کُن نظروں سے دیکھ رہے تھے بلکہ ریسلر " دِی جائنٹ،دِی جائنٹ"کی آوازیں بھی آرہی تھیں۔کیوں ؟ ڈبلیو سی ڈبلیو میں اس ریسلر کا رِنگ نام " دِی جائنٹ " تھا اور دوسرا اُسکو اچانک دیکھ کر شائقین کو فرانس کے مشہور فرنچ ریسلر آندرے دِی جا ئنٹ کی یاد آگئی تھی۔

بہرحال وہ ریسلر اپنی پہلی شادی کی پہلی سالگرہ والے دِن اس ادارے میں اپنے اصل نام " پال وائٹ" سے ڈبیو کررہا تھا اور جلد ہی نئے رِنگ نام" بِگ شو" سے پہچان بنانے والا تھا۔ بِگ شو جب ریسلنگ میں قدم جما رہے تھے تو اُنکی محبت امریکن لڑکی میلیسا این پیویس جو اُن سے عمر میں 6سال بڑی تھی اُنکا حوصلہ بڑھارہی تھی ۔جس سے اُنھوں نے 1997ء میں ویلنٹائن ڈے کے موقع پر شادی کر لی اور ایک بیٹی سیراوائٹ پیدا ہوئی۔

بیوی میلیساخوش تھی کہ اُنکی شادی کی پہلی سالگرہ والے دِن بِگ شو نے ڈبلیو ڈبلیو ای میں اپنا ڈبیو کیا۔ لیکن پھر جب بِگ شو اپنا زیادہ وقت ریسلنگ کو دینے لگ پڑے تو اختلاف ہوا اور دونوں نے علیحدگی اختیار کر لی ۔ دو سال بعد فروری 2002ء میں طلاق ہو گئی تو صرف 5 دِن بعد بِگ شو نے اپنے سے 3سال چھوٹی سابقہ امریکن ماڈل بیس کترمادوس نامی لڑکی سے شادی کر لی ۔

اُس سے بھی بِگ شو کے دو بچے ہیں۔اُنکی پہلی بیوی شاید یہ سمجھ رہی تھی کہ بِگ شو اکیلے رہ سکتے ہیں لیکن اس ہی سوچ نے بِگ شو کیلئے ایک نئی ملاقات کا راستہ بنایا جو دوسری شادی کا باعث بن گیا ۔ بِگ شو نے اپنے تعلیمی دور میں نہیں سوچا تھا کہ وہ ریسلر بنیں گے۔ وہ ایکن ،جنوبی کیرولینا ،امریکہ میں 8ِفروری 1972 ء کو پیدا ہوئے ۔اُنکے والد کا نام پال وائٹ سینئر تھا ۔

لہذا اُنکا نام" پال ڈونلڈ وائٹ جو نیئر" رکھ گیا اور اُس وقت اُنکا وزن 6پاؤنڈ اور2اونس تھا۔ پھر والدین نے جب وقت سے پہلے بِگ شو کا جسمانی قد اور وزن بڑھتے دیکھا تو اُنھوں نے معالج سے رابطہ کیا ۔اُس نے بتایا کہ یہ اُن بچوں میں سے ہے جنکا افزائشی ہارمونز کی زیادتی کی وجہ سے ہاتھ پاؤں اور چہرہ بڑا ہو نا شروع ہو جاتا ہے اس بیماری کو " اکرو مگالی" کہتے ہیں۔

12سال کی عمر میں بِگ شو کا قد 6 فٹ 2 اِنچ اور وزن100 کلوگرام ہو گیا۔ وہ وین فورڈ ایکونو لائن میں سفر کرتے جو اُنکی والدہ چلا تیں۔اُنکے مطابق اُن کی والدہ کو دائیں کان سے سُنائی نہیں دیتا تھا اور وہ لگاتار سیگریٹ پینے والی خاتون تھیں۔ ہائی اسکول کے تعلیمی دور سے یونیورسٹی تک وہ امریکن فُٹ بال اور باسکٹ بال کے بھی اہم کھلاڑی رہے اور 19 سال کی عمر میں ریاست کنساس کی یونیورسٹی میں باسکٹ بال کے کھلاڑی کی وجہ سے داخلہ ملا ۔

اُس وقت اُنکا قد 7 فٹ 1اِنچ درج کیا گیا۔ لہذا اُنکی اس جسمانی بیماری کا علاج 1990ء کی دہائی کے اوائل میں" پٹیوٹری غدود" پر کامیاب سرجری سے کیاگیا تاکہ مزید مسائل کا سے بچا جا سکے۔ اس دوران وہ جنوبی الینوائے یونیورسٹی میں بھی رہے۔ نوجوانی کے دور میں بِگ شو پر جسکی نظر پڑتی وہ اُنکی ظاہری حالت جاننے کی کوشش کرتا ۔یعنی وزن 174کلو گرام، جوتوں کا سائز 22ای 5 ، انگوٹھی کا سائز 22 اور سینہ فریم میں 64 اِنچ ۔

بِگ شو کہیں شوق میں ایک دفعہ 3 ِدسمبر1994ء کوڈبلیو ڈبلیو اے میں ریسلنگ کے ایک مقابلے میں حصہ لیکر شکست کھا چکے تھے ۔ ورنہ اپنی جسمانی فکر اور پھر آمدنی کے چکر میں ایک کھلاڑی ہونے کا ہی ذہن سے نکل چکا تھا اور تعلیمی دور کے بعد سے وہ متعدد ملازمتوں میں مشغول رہے تھے۔ پھر ملازمت ملی" کاراوکے کمپنی" میں فون کالز کا جواب دیناکی۔ جہاں اُنکا رابطہ ہوا ریسلر ڈینی بونڈوس سے جنہوں نے بِگ شو کی ملاقات کروائی ریسلر" ہولک ہوگن" سے ۔

قسمت نے پلٹا کہایا اور کہیں دُور ریسلنگ کے رِنگ میں ایک اور ستارہ " دِی جائنٹ" کی مشابہت سے چمکتے ہو ئے نظر آیا۔ یہ "دِی جائنٹ" کون تھا؟ریسلرآندرے دِی جا ئنٹ کا قد 7.4 انچ اور وزن236کلو گرام تھا۔جب وہ رِنگ میں آتے تو ایک الگ ہی سماں ہو تا تھا ۔ ریسل مینیا 3 اور 4 میں وہ ہلک ہوگن کے مد ِمقابل ہونے کی وجہ سے پوسٹرز پر بھی نظر آئے۔ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئین بھی رہے لیکن پھر صحت خراب رہنے لگی اور1993ء میں 46سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

اُنکی یاد میں ایونٹ ریسل مینیا میں "آندرے دِی جا ئنٹ میموریل بیٹل رائل" کے نام سے مقابلہ کروایا جاتا ہے۔ بہرحال ہلک ہوگن کو بِگ شو کی شخصیت نے متاثر کیا اور آندرے دی جائنٹ یا د آگئے۔ ہلک ہوگن اُنھیں لیکر ڈبلیو سی ڈ بلیو پہنچے۔جہاں سب نے بِگ شو کو پیشہ وارانہ ریسلر بننے کی تجویز دی۔مسئلہ تھا باقاعدہ تربیت کا۔بِگ شونے فیس ادا کر کے ریسلرز لیری شارپ اور جانی پولو سے تربیت حاصل کی اور 1995ء میں اُنھیں ڈبلیو سی ڈبلیو کے ایونٹ سلیمبورے میں اسٹوری لائن کے مطابق صرف آندرے دِی جائنٹ کے بیٹے سے مشابہت کے طور پر سامنے لا یا گیا ۔

پھراکتوبر میں اُنھیں باقاعدہ" دِی جائنٹ" رِنگ نام سے ایونٹ "ہالووین ہاویک" کے" مونسٹر ٹرک میچ" میں ہلک ہوگن کے خلاف ڈبیو کروایا گیا۔بِگ شو کو شکست ہوئی لیکن اُنکی پیشہ ورانہ ریسلنگ کا آغاز ہو گیا۔ نومبر1995ء میں پہلی دفعہ" 60مین ورلڈ وار3بیٹل رائل" مقابلے نے اُنھیں مزید شہرت دی۔یہ وہ دور تھا جب ہلک ہوگن، سٹینگ،لیکس لوگر اوررِک فلیئر جیسے اہم ریسلرز ڈبلیو سی ڈبلیو کا حصہ تھے اور بِگ شو اُنکے مد ِمقابل رہ کر بعض مقابلوں کا میابیاں بھی حاصل کر رہے تھے۔

1996ء میں اُنھوں نے ریسلنگ کے ادارے "نیو ورلڈ آرڈر" سے بھی تعلق جوڑ لیا جسکے اہم سرپرست ہلک ہوگن ہی تھے۔وہاں بھی اُنکے یادگار مقابلے ہوئے جن میں سے ایک مقابلہ ریسلر کیون نیش کے ساتھ ہوا جس میں اسٹوری لائن کے خلاف کیون نیش سے اُنکی گردن پر چوٹ لگ گئی۔اسی ادارے میں ہلک ہوگن کو ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن شپ کیلئے چیلنج کیاتو اُس نے بِگ شو کو اپنے ریسلنگ ادارے نکال دیا۔

لیکن تعلقات بحال ہو گئے اور1999 ء کے آغاز تک وہ اُن دونوں اداروں کی طرف سے لڑتے رہے۔ فروری 1999 ء میں بِگ شو بھی پہنچے آخر کا اپنی منزل ڈبلیو ڈبلیو ایف/ای میں۔جہاں پہلے اُنھیں ایک مقابلے کے دوران رِنگ کا نیچے سے کینوس پھاڑ کر باہر نکلنے ڈبیو کروایا گیا اور پھر مارچ 1999ء کو ہونے والے ریسل مینیا 15میں اُنکا پہلا ریسلنگ ڈبیو مقابلہ ریسلر مین کائینڈ سے کروایا جس میں اُنکو شکست ہو گئی۔

اس ہی طرح رائل رمبل2000ء میں 30 ریسلرز کے میدان میں4 2 ویں نمبر پر راک اور 26 ویں نمبر پر بِگ شو رِنگ میں آئے اور دونوں نے اس دوران رِنگ میں موجود تمام ریسلرز کو اصول کے مطابق اُٹھااُٹھا کر رسیوں کے اُوپر سے باہر پھینک دیا اور آخر میں جب بِگ شو ریسلر راک کو کندھے پر اُٹھا کر رسیوں کے اُوپر سے باہر پھینکنے لگے تو وہ خود بھی اپنا وزن نہ سنبھال سکے اور رسیوں کے اُوپر سے اُلٹ کر رِنگ سے باہر جاگِرے ۔

راک اُسی وقت پُھرتی دکھاتے ہو ئے رِنگ کی رسی کو پکڑ کر پہلے لٹک گئے اور پھر رِنگ کے اندرآکر مقابلہ جیت گئے۔ اسی سال ریسل مینیا کے " فیٹل فور وے" مقابلے میں بھی بِگ شو کو سب سے پہلے باہر پھینکا گیا۔ مالک میک موہن کو بِگ شو کی یہ ناکامیاں پسند نہ آئیں اور وہ جان گئے کہ یہ ابھی تک ایک نا تجربہ کار ریسلر ہیں۔ لہذا بِگ شو کو ایک نئی اسٹوری لائن کے مطابق مختلف ریسلرز کے رُوپ دھار کر رِنگ میں پیش کیا جانے لگا اورآمد کے وقت وہی موسیقی بجائی جاتی جو اُس ریسلر سے متعلقہ ہو تی۔

مثلاً ہلک ہو گن کا رُوپ ہو یا ریسلر رِکی شی۔یہاں سے بِگ شو کو شہرت ملی ۔ اُنکی ریسلنگ کی فہرست میں کامیابیوں کا باب بھی کُھل گیا اور جلد ہی ریسلنگ کی تاریخ کے بااثر پیشہ ور ریسلر بن گئے۔اس دوران اُنھوں نے ای سی ڈبلیو میں بھی جا کر زور آزمائی کی۔بہرحال اُنکا ڈبلیو ڈبلیو ای سے آج بھی تعلق ہے اور پٹھوں کی انجیری کے بعد جنوری2020ء میں رَا کے برانڈ میں مقابلہ کرتے نظر آئے تھے۔

وہ دو بارڈبلیو سی ڈبلیو ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپیئن ، ڈبلیو ڈبلیوایف / ای چیمپیئن دو بار ، ڈبلیو ڈبلیو ای کا ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپیئن دو بار اور ایک بارای سی ڈبلیو کا ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپیئن رہ چکے ہیں۔ اسطرح وہ واحد ریسلر ہیں جو ریسلنگ کے چاروں اداروں سے چیمپئین بنے۔ بِگ شو نے بطور اداکار 1996 میں ریلیز ہونے والی فلم ” ریگیز پرئیر “ میں بطور اداکاری کی شروعات کی تھی اور اس کے بعد وہ ’دی واٹر بائے‘ ، ’میک گربر‘ ، اور ‘کاوٴنٹ ڈاوٴن’ سمیت مختلف دیگر فلموں میں بھی نمودار ہوئے۔

مزید مضامین :