بریٹ ہارٹ 12سال بعد ڈبلیوڈبلیو ای میں واپس آگئے

Bret Hart Ki 12 Saal Baad Wwe Main Wapsi

ہٹ مین ہارٹ کی واپسی سے ”را“کی ٹی وی ریٹنگ میں اضافہ، ہوگن بھی TNAء میں لوٹ آئے ہوگن اور بریٹ ہارٹ کی واپسی کے بعد شائقین کو براک لیزنر، گولڈ برگ ،سٹون کولڈ اور راک کی واپسی کا انتظار

ہفتہ 9 جنوری 2010

Bret Hart Ki 12 Saal Baad Wwe Main Wapsi
اعجازوسیم باکھری: ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ کے آل ٹائم گریٹ ریسلربریٹ ہارٹ 12سال کے طویل عرصے بعد رنگ میں دوبارہ لوٹ آئے ہیں۔بریٹ ہارٹ کی واپسی سے ریسلنگ کے شائقین میں نہ صرف خوشی کی لہردوڑ گئی ہے بلکہ ڈبلیو ڈبلیو ای کے ناظرین کی تعداد میں بھی بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔اپنے کیرئیر میں پانچ مرتبہ ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ جیتنے والے بریٹ ہارٹ نے اپنے کیرئیر کا آخری معرکہ 1997ء میں گولڈ برگ کے خلاف لڑا جہاں بریٹ ہارٹ کو گولڈبرگ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اس شکست کے بعد بریٹ ہارٹ نے ریسلنگ سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی اور بزنس سمیت اداکاری اور کتابیں لکھنے میں مصروف ہوگئے۔حالیہ چند ماہ میں ڈبلیو ڈبلیو ای کی مقبولیت میں وسیع پیمانے پر کمی واقع ہوئی ہے جس سے ڈبلیو ڈبلیوای کی انتظامیہ کی پریشانیاں بڑھتی جارہی تھیں تو انہوں نے سابقہ سٹارز کو واپس لانے کا پروگرام بنایا جس کے پہلے مرحلے میں بریٹ ہارٹ واپسی پر راضی ہوئے اور 4جنوری 2010ء کے را مقابلوں میں بطورمیزبان بریٹ ہارٹ شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

ڈبلیو ڈبلیو ای کی مقبولیت میں واضع کمی کی بنیادی وجہ ایک تو مسٹر میکمین کی ناقص اوردوغلی پالیسیاں ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ مقابلوں میں سنسنی خیزی اور دلچسپی کا عنصرانتہائی کم ہوکر رہ گیا ہے۔عالمی چیپمئن شپ کے مقابلوں میں غیرمقبول ریسلرکو اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے کامیابی دلانا اور بڑے ریسلرکو چیمپئن شپ سے دور رکھنے کی وجہ سے شائقین کی بڑی تعداد ڈبلیو ڈبلیو ای سے منہ موڑچکی ہے اور انہوں نے ٹی این اے ریسلنگ میں دلچسپی لینا شروع کردی ہے۔

ریسلنگ کی تاریخ میں پہلی بارحالیہ کچھ ماہ میں کئی مرتبہ را اور سمیک ڈاؤن کے مقابلے میں ٹی این اے ایمپکٹ شوکی ٹی وی ریٹنگ میں بے پناہ اضافہ ہوا۔ڈبلیو ڈبلیو ای کی انتظامیہ اپنے مقابلوں کی ویوورشپ اور ٹی وی ریٹنگ میں مسلسل کمی کے باعث پریشان تھی اور کئی ماہ سے اس بحران سے نکلنے کیلئے سوچ بچار کی جارہی تھی جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ماضی کے عظیم سٹارز کو دوبارہ رنگ میں لایا جائے۔

ڈبلیو ڈبلیو ای نے سابقہ چیمپئنزکی واپسی کافیصلہ بھی ٹی این اے کی نقل کرتے ہوئے کیا کیونکہ ٹی این اے میں ریسلنگ کے عظیم چیپمئن ہاک ہوگن، کرٹ اینگل ،بوبی لایشلے اور جیف ہارڈی سمیت دوسرے بے شمار سٹارز شامل ہوگئے ہیں جس سے ڈبلیو ڈبلیو ای کی مارکیٹ ویلیو شیدید متاثر ہوئی ہے۔جس رات بریٹ ہارٹ ڈبلیو ڈبلیو میں واپس لوٹے اُسی رات دوسری جانب ہاک ہوگن نے بھی ٹی این اے کی رنگ میں قدم رکھا۔

را میں بریٹ ہارٹ کے استقبال کیلئے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی گئیں تھیں جبکہ گزشتہ کئی ماہ سے بریٹ ہارٹ کی واپسی کی پرموشن بھی کی جارہی تھی جبکہ ٹی این اے کو ہاک ہوگن کی پروشن کرنے کیلئے زیادہ وقت نہیں ملا لیکن جس وقت دو مختلف ٹی وی چیلنز پر یہ دونوں شو براہ راست ٹیلی کاسٹ کیے جارہے تھے تو اس دوران شائقین نے کسی ایک شوکو دیکھنے کے بجائے باربارچینل تبدیل کرکے دونوں شو کو نظارہ کیا۔

دونوں شورات نوبجے شروع ہوئے تو بریٹ ہارٹ کی واپسی کے اعلان سے لیکر اس کی رنگ میں آمد اور شان مائیکل کے ساتھ گفتگوتک 9منٹ کے دورانئیے میں را شو کی ٹی وی ریٹنگ 4.5 پوائنٹ تھی اور اُس وقت 5کروڑ44لاکھ 3 ہزار لوگ بریٹ ہارٹ کو ٹی وی سکرین پر دیکھ رہے تھے جبکہ وقفے کے دوران ریٹنگ یکدم کم ہوکر2.0پوائنٹ ہوگئی کیونکہ شائقین نے فوری طورپرٹی این اے ایمپکٹ دیکھنا شروع کردیا۔

اس دوران ٹی این اے کی ریٹنگ4.0 پوائنٹ تک جا پہنچی جوکہ ٹی این کی تاریخ کی سب سے زیادہ ریٹنگ تھی۔وقفے کے بعد دوبارہ جب شوکا آغاز ہوا اور مسٹرمیک میکمین اور بریٹ ہارٹ نے آپس میں گفتگو کی تو اُس وقت بھی ڈبلیو ڈبلیو ای کی ریٹنگ کم ہوگئی اورلوگ دوسری جانب ٹی این اے پر ہاک ہوگن کی باتیں سنتے رہے۔بریٹ ہارٹ سپیشل را شوکا جب اختتام ہوا تو اس وقت شو کی ریٹنگ 3.6پوائنٹ تھی جس پر را انتظامیہ خوش نہیں ہے۔

گوکہ بریٹ ہارٹ کی آمد سے چار ماہ کے طویل عرصے بعد را کی ریٹنگ میں پہلی بار اضافہ ہوا لیکن انتظامیہ کا خیال تھا کہ بریٹ ہارٹ کی واپسی سے ریٹنگ بڑھ کر5.0پوائنٹ کی ریکارڈ سطح پر پہنچ جائے گی لیکن ہاک ہوگن کی ٹی این اے میں واپسی سے ایسا نہیں ہوسکا۔ٹی این اے انتظامیہ کے مطابق جس رات جیف ہارڈی نے ٹی این اے میں واپسی کی اُس رات ٹی این اے کی ریٹنگ 5.0پوائنٹ تھی جوکہ ایک ریکارڈ سطح کی ریٹنگ تھی۔

جیف ہارڈی نے بھی فیصلہ کیا ہے کہ وہ ڈبلیو ڈبلیو میں دوبارہ نہیں لوٹیں گے۔ 27جولائی 1957ء کینیڈا البرٹا میں پیدا ہونیوالے ہٹ مین ہارٹ ”بریٹ ہارٹ“کو رنگ میں بڈی ہارٹ بھی کہا جاتا ہے۔بریٹ ہارٹ کا تعلق ریسلنگ کی تاریخ کی نامور”ہارٹ“فیملی سے ہے، بریٹ کے باپ سٹوہارٹ ماضی میں عظیم ریسلر رہ چکے ہیں جبکہ آنجہانی اوون ہارٹ ان کے بھائی تھے۔

بریٹ نے اپنے پروفیشنل کیرئیر کا آغاز1976ء میں کیا اور 1992ء کے لائیوایونٹ میں رک فلیئرکوشکست دیکر پہلی بارعالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔174 دن تک عالمی چیمپئن رہنے کے بعد بریٹ ہارٹ کو یوکوزونا کے ہاتھوں شکست ہوئی تاہم اُسی رات یوکوزوناکو ہوگن نے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔بریٹ ہارٹ اپنے کیرئیر میں پانچ مرتبہ عالمی چیمپئن رہے، آخری بارانہوں نے سمرسلام 1997ء میں انڈرٹیکرکو شکست دیکر ٹائٹل جیتا جبکہ شان مائیکل کے ہاتھوں سروائیوور سیریز 1997ء میں بریٹ ہارٹ شکست کھا کر چیمپئن کی حیثیت سے محروم ہوگئے تھے۔

بریٹ ہارٹ اپنے کیرئیر میں 654دن تک مختلف ادوار میں چیمپئن رہے ،یوں زیادہ عرصہ چیمپئن رہنے والوں چیمپئنز میں بریٹ ہارٹ کا چھٹا نمبرہے۔بریٹ ہارٹ دودو مرتبہ انٹرکانٹینینٹل چیمپئن اور ٹیگ ٹیم چیمپئن رہے جبکہ انہیں 1991ء اور 1993ء کے کنگ آف دی رنگ چیمپئن رہنے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔بریٹ ہارٹ کو 1994ء کے رائل رمبل ایونٹ میں بھی کامیابی ملی جبکہ 2006ء میں انہیں ریسلنگ کے سب سے بڑے اعزاز”ہال آف فیم “ سے بھی نوازا گیا۔

بریٹ ہارٹ شان مائیکل کے ہمراہ ریسلنگ تاریخ کا سب سے طویل اور خونریز مقابلے لڑنے پر ”بیسٹ ایورفائیٹ“کا بھی ایوارڈ حاصل کرچکے ہیں۔بریٹ ہارٹ نے 12سال بعد واپسی پرڈبلیوڈبلیو ای کی انتظامیہ سے صرف تین ماہ کی کنٹریکٹ کیا ہے اور ممکن ہے کہ وہ ریسل مینیا میں انڈرٹیکریا پھر شان مائیکل سے مقابلہ لڑیں۔بریٹ ہارٹ کی واپسی سے اُن پرستاروں میں خوشی کی لہردوڑ گئی ہے اور اُن کے فین توقع کررہے ہیں کہ وہ کوئی مقابلہ لڑیں کیونکہ بریٹ ہارٹ اپنے دور کے کامیاب ترین ریسلر تھے اور شائقین دیوانگی کی حد تک ان کے فائٹنگ انذاز کو پسند کرتے تھے۔

جس رات بریٹ ہارٹ کی واپسی ہوئی اُس رات کے را مقابلے دیکھنے کے لائق ہیں، ان کی رنگ آمد کے وقت کئی شائقین کی آنکھوں میں آنسوآگئے کیونکہ شائقین کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھاکہ وہ ہٹ مین ہارٹ کو دوبارہ رنگ میں بھی دیکھ سکیں گے یا نہیں۔بریٹ ہارٹ کی واپسی کے بعد براک لیزنر، گولڈ برگ ،سٹون کولڈ سٹیو آسٹن اور راک کے چاہنے والے بھی اپنے سٹارز کی واپسی کا انتظار کررہے ہیں تاہم یہ سب بڑے نام بریٹ ہارٹ اور ہوگن کی طرح دوبارہ واپس آتے ہیں یا نہیں اس کافیصلہ آنے والے ماہ و سال کرینگے۔

مزید مضامین :