ریسلر ہیکسو دِی نیچرل بچ ریڈ

Butch Reed

بچ ریڈ کو جنوری2021ء میں دو مرتبہ ہارٹ اٹیک ہوا جسکی وجہ سے وہ ہسپتال میں داخل تھے جہاں 5 ِفروری کو 66سال کی عمر میں انتقال کرگئے

Arif Jameel عارف‌جمیل جمعہ 26 مارچ 2021

Butch Reed
5ِفروری 2021ء کو خبر آئی کہ مشہور امریکن ریسلر بچ ریڈ چل بسے۔کئی عالمی مقابلوں میں حصہ لینے والے معروف ریسلر بچ ریڈ کی اچانک موت کی خبر سن کران کے مداح افسردہ ہوگئے۔اُنھوں نے اپنے طویل کیریئر کے دوران کئی مشہور ریسلرز سے فائٹ کی ۔اُنکی فلائنگ کک اور کسی بھی ریسلر کو سر سے اُوپر اُٹھاکر زور سے رِنگ میں پھینکنا اُنکے مداحوں کو بہت پسند تھا۔

بروس فرینکلین ریڈ 11ِ جولائی1954ء کو ریاست میسوری کے شہر کنساس میں پیدا ہوئے۔یونیورسٹی آف سینٹرل میسوری میں تعلیم کے دوران امریکن فُٹ بال کالج ٹیم کا حصہ رہے اور ساتھ میں جسمانی ورزش اور باڈی بلڈنگ میں دِلچسپی لیتے رہے۔پھر جلد ہی ریسلنگ کا بھی شوق پیدا ہو گیا۔1976ء میں ابتدائی تربیت حاصل کی ۔باقاعدہ تربیت ریسلر رونی ایچیسن سے لی اور 1978ء میں اپنا پہلا ریسلنگ کا مقابلہ لڑا۔

(جاری ہے)

عُرفیت "ہیکسو " ( آہن تراش آرہ )اپنا کر کچھ اور مقابلے کیئے۔پھر ٹیگ ٹیم کا حصہ بن کر مختلف مقامی ریسلنگ پروموشن میں کامیابیاں حاصل کیں۔ مڈ ساؤتھ ریسلنگ میں بہت نام کمایا۔ 80ء کی دہائی میں زیادہ تر این ڈبلیو اے کی نمائندگی کرتے رہے اور 1982ء میں وہاں پر ہی مشہور ریسلر رِک فلئیر کے ساتھ ایک زور دار مقابلہ ہوا۔ کچھ ایسے خونین نوعیت کے مقابلے کیئے کہ 1983ء کے وسط میں "بچ ریڈ"(طاقتور)کے رِنگ نا م سے مشہور ہونا شروع ہو گئے۔

بچ ریڈ قد 6فُٹ 2اِنچ ،وزن 119کلو گرام نے ڈبلیو ڈبلیو ایف /ای سے1986ء میں معاہدہ کیا ۔ اسٹوری لائن کے مطابق بالوں کا رنگ گولڈ ن کروا کر "دِی نیچرل " بچ ریڈ کے نام سے متعارف کروائے گئے۔ر یسل مینیا 3منعقدمارچ1987ء میں اُس وقت کے مشہور ریسلر کوکو بی ۔وئیرکو سنگل مقابلے میں ہرا کر مزید شہرت حاصل کی۔ اُس ایونٹ میں ڈبلیو ڈبلیو ایف ورلڈ ہیوی ویٹ ٹائٹل ہلک ہوگن نے آندرے دی جائنٹ کو ہرا کر جیتا تھا۔

بچ ریڈ ریسل مینیا 4میں رینڈی اورٹن کے مدِمقابل رہے لیکن ہار گئے۔ اسے پہلے جنوری1988ء میں ہونے والے افتتاحی رائل رمبل 1 میں 20ریسلرز کے مقابلے میں تیسرے نمبر پر رِنگ میں داخل ہوئے اور رِنگ کی رسیوں کے اُوپر سے اُٹھاکر سب سے پہلے باہر پھینکے جانے والے ریسلر بچ ریڈ ہی ہیں۔اُنھیں ریسلر جیک رابرٹس نے باہر پھینکا۔اسکے بعد سے رائل رمبل میں ریسلرز کی تعدا30کر دی گئی۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف/ای سے 1988 ء میں الگ ہو کر ڈبلیو سی ڈبلیو میں چلے گئے۔جہاں اُنھیں ٹیگ ٹیم ساتھی ریسلر رن سائمنس کے ساتھ چیمپئین شپ جیتنے کا موقع ملا۔ چار سال وہاں گز ارنے کے بعد 1992ء سے2013ء تک وہ مختلف ادوار میں اِنڈی پینڈنٹ ریسلنگ سرکٹ سے وابستہ رہ کر ریسلنگ کے مقابلے کرتے رہے۔18ِمئی2013ء کو وہ آخری دفعہ رِنگ میں نظر آئے اور پھر ریٹائر منٹ کی زندگی گزارنی شروع کر دی۔

ریسلر بچ ریڈ کو جنوری2021ء میں دو مرتبہ ہارٹ اٹیک ہوا جسکی وجہ سے وہ ہسپتال میں داخل تھے جہاں 5 ِفروری کو 66سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔اُنکے خاندانی ذرائع کے مطابق 12ِجنوری2021ء کا بچ ریڈ کا کورونا ٹیسٹ مُثبت آیا تھا لہذا اُنکے انتقال کی یہ وجہ بھی ہو سکتی ہے۔ اُنکی بہن جوائس ریڈ کریٹن ڈنٹ اورچھوٹے بھائی رونلڈ ریڈ نے اُنکے لیئے دُعائیے کلمات کہے اورریسلر رِک فلیئر بمعہ ڈبلیو ڈبلیو ای اور دوسرے ساتھی ریسلرز نے بھی اُنکو خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا۔

مزید مضامین :