سلمان بٹ کی سنچری،پہلے ون ڈے میں پاکستان کی شاندار فتح

Butt 100�pakistan Won 1st Odi

بیٹنگ اور بولنگ کے شعبوں میں قومی کرکٹرز کا عمدہ کھیل،شعیب اختر اور مرلی کا جادو نہ چل سکا دوسرے میچ کیلئے آج کراچی میں پھر میدان سجے گا،سلمان بٹ سست روی کی آڑ میں عمدہ بیٹنگ کرنے والا اوپنر

بدھ 21 جنوری 2009

اعجاز وسیم باکھری : پاکستان نے سری لنکا کو پہلے میچ میں شکست دیکر نہ صرف سیریز میں ایک صفرکی برتری حاصل کرلی ہے بلکہ شائقین کرکٹ کے اداس چہروں پر رونق بھی لوٹ آئی ہے۔کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے افتتاحی میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کے خلاف بیٹنگ اور بولنگ کے شعبوں میں شاندار کھیل پیش کیا البتہ فیلڈنگ کے شعبے میں واضح کمزوری نظر آئی اور فیلڈرز نے کئی یقینی کیچ گرائے ۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مہمان ٹیم 219رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔راؤافتخار نے عمدہ بولنگ کی اور چار وکٹیں حاصل کیں تین وکٹیں عمر گل کے حصے میں آئیں جبکہ سپیڈمرچنٹ شعیب اختر وکٹ تو کوئی نہ لے سکے البتہ انہوں نے سری لنکن اوپنر ز کو پریشان ضرور کیا اور وہ کافی ردھم کے ساتھ بولنگ کراتے ہوئے نظر آئے۔

(جاری ہے)

پاکستان نے 220رنز کا حدف46اوورز میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے میچ باآسانی اپنے نام کرلیا۔

پاکستانی اوپنرز سلمان بٹ اور خرم منظور کے مابین پہلی وکٹ کی شراکت میں 168رنز بنے ۔خرم 83رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سلمان بٹ نے 13چوکوں کی مدد سے اپنے کیر ئیر کی 8ویں سنچری مکمل کرتے ہوئے 100رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ۔ پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کی آسان فتح سے جہاں قومی ٹیم کی چاروں اطراف سے تعریف جاری ہے وہیں ماہرین دوسرے ون ڈے میچ کیلئے سری لنکا کی انتہائی خطر ناک روپ میں واپسی دیکھ رہے ہیں کیونکہ آج کے میچ میں اگر سری لنکن ٹیم شکست سے دوچار ہوجاتی ہے تو مہمان ٹیم سیریز سے ہاتھ دھو بیٹھے گی اور ایشین چیمپئن کسی صورت میں پاکستان کو آسانی سے سیریز میں کامیابی حاصل نہیں کرنے دیگی اور آج کے میچ میں مرلی دھرن اور مینڈس اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ پاکستانی بیٹسمینوں کے ساتھ دست و گربیاں ہونگے کیونکہ آج کا میچ ہی سری لنکا کے سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے ۔

سری لنکن ٹیم نے پہلے میچ میں عمدہ آغاز کیا اور مہما ن ٹیم کے اوپنر ز جے سوریا اور دلشان نے شعیب اختر ،سہیل تنویر اور نئی بال کو خود پر حاوی نہیں ہونے دیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں71رنز سمیٹے ۔گوکہ راؤافتخار اور عمر گل نے مہمان بلے بازوں کا وکٹ پر ٹھہرنا دوبھر کردیا اور سری لنکا ایک آسان شکست کھا گیا لیکن آج کے میچ کے نقشہ ہی کچھ اور ہوگا۔

پاکستانی ٹیم کیلئے آج کا میچ انتہائی سخت اور مشکل معرکہ ہو گا اور قومی ٹیم کا صحیح معنوں میں آج ٹیسٹ ہوگا کہ ہمارے باؤلرز کس قدر عمدہ بولنگ کا سلسلہ جاری رکھ پاتے ہیں اور بیٹسمینوں کیلئے بھی آج مرلی اور مینڈس کا سامنا کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔آج کے میچ کا کیا نتیجہ اخذ ہوتا ہے یہ فیصلہ اپنی جگہ مگر گزشتہ روز خرم منظور اور سلمان بٹ نے جس صبر اور حوصلے سے مینڈ س اور مرلی کا سامنا کیا وہ قابل تحسین ہے ۔

اپنی پہلی پریس کانفرنس میں جے وردھنے نے کھل کر کہاکہ اسے مرلی اور مینڈس سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں اور دوران میچ جب مینڈ س اور مرلی اپنا جادو چلانے میں ناکام ثابت ہورہے تھے تو ایشین چیمپئن سائیڈ کے کپتان کے چہرے پر پریشانی کے اثار نمایا ں تھے تاہم توقع کی جارہی ہے کہ آج جے وردھنے اور اس کی ٹیم ایک نئے روپ میں میدان میں اترے گی کیونکہ انہیں یہ ہرگز توقع نہیں تھی کہ چھ ماہ پہلے وہ جس ٹیم کو باآسانی شکست سے دوچار کرکے چلے گئے تھے وہ ٹیم انہیں اتنی آسانی سے شکست میں دھکیل سکتی ہے ۔

یہی وجہ ہے کہ جے وردھنے آج کے میچ میں اپنی تما م صلاحیتوں کو صرف کرکے سیریز برابر کرنے کی کوشش کرینگے۔ سلمان بٹ نے گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف اپنے کیرئیر کے 8ویں سنچری سکورکی ہے ۔سلمان بٹ کے بارے میں یہ بات عام ہے کہ وہ انتہائی سست روی سے کھیلتے ہیں حالانکہ کچھ حد تک یہ الزام درست بھی ہے کیونکہ بعض مرتبہ سلمان جب وکٹ پر موجود ہو تووہ اس قدر سست روی سے بیٹنگ کرتے ہیں جس سے یہ واضح جھلکتا ہے کہ جیسے وہ ٹیم کیلئے نہیں بلکہ اپنی ذات کیلئے کھیل رہے ہوں اور سب سے زیادہ افسوس اس وقت ہوتا ہے جب وہ ٹونٹی ٹونٹی مقابلوں میں ٹیسٹ میچز کی طرز پر بیٹنگ کرتے ہیں۔

ٹونٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں سلمان بٹ نے سب سے زیادہ گیندیں ضائع کیں اوروہ زیادہ گیندیں کھیل کر کم رنز بنانے میں ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کے نکمے ترین اوپنر مانے جاتے ہیں لیکن اس کے باوجود ٹیسٹ اور ایک روزہ کرکٹ میں سلمان بٹ اکثر وبیشتر حریف باؤلرز اتنہائی مستندی کے ساتھ اٹیک کرتے ہیں اور اپنی دلکش شارٹس سے شائقین کا دل موہ لیتے ہیں۔سلمان بٹ 2008ء میں یونس خان کے بعد پاکستان کی جانب سے دوسرے سب سے کامیاب بیٹسمین رہے انہوں نے گزشتہ سال 17میچوں میں تین سنچریوں کی مدد سے 861رنزبنائے، اس کارکردگی پر انہیں آئی سی سی کی ون ڈے ٹیم کی کیپ سے نوازا گیا وہ اولین پاکستانی کرکٹر تھے جنہیں آئی سی سی نے ون ڈے آف دی ائیر میں جگہ دی ۔

گزشتہ برس پاکستان نے چھ ایونٹس میں شرکت کی جن میں سے تین میں سلمان بٹ بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔نئے سال کی آمد کے ساتھ ہی ایک بار پھر سلمان بٹ نے سکور کرنا شروع کردیا ہے اور سری لنکا کے خلاف پہلے میچ میں وہ ماضی کے مقابلے میں کافی جارحانہ انداز میں نظر آئے اور انہوں نے اپنی اننگز کی ابتدائی اوورز میں کافی بہترین شارٹس کھیلیں۔شائقین کی جانب سے ہمیشہ سلمان بٹ سست روی کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنتے چلے آئے ہیں مگر ازخود سلمان بٹ اس سے انکاری ہیں ۔اب دیکھنا ہوگا کہ سلمان بٹ اپنے اوپر لگے اس لیبل کو کس حد تک اتارنے میں کامیاب رہتے ہیں یاہمیشہ سست روی کے الزام کی زد میں رہتے ہیں ۔

مزید مضامین :