جان سینا کی دھماکے دار واپسی ،رائل رمبل چیمپئن بن گئے

Cena Ki Dhmake Darwapsi

ٹرپل ایچ کو آخرمیں رنگ سے باہر پھینک کر تاریخی فتح حاصل کی رینڈی اورٹن اور ایج اپنے اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب

ہفتہ 2 فروری 2008

Cena Ki Dhmake Darwapsi
اعجاز وسیم باکھری: گزشتہ تین ماہ سے رنگ سے دور رہنے والے ڈبلیو ڈبلیو ای کے سابق عالمی چیمپئن جان سینا غیر اعلانیہ طور پر اچانک رائل رمبل مقابلوں شریک ہوئے اور آخر میں ٹرپل ایچ کو باہر گرا کرنہ صرف رائل رمبل چیمپئن بن گئے بلکہ ایک بار پھر ڈبلیو ڈبلیو ای کی رنگ میں تہلکہ مچا دیا۔ امریکی شہرنیویارک میں ہونے والے رائل رمبل کے سالانہ مقابلوں کایہ20واں ایونٹ تھا جہاں شائقین کو زبردست اعصاب شکن مقابلے دیکھنے کوملے ۔

میڈیسن سکوائر میں ہونے والے ان مقابلوں کی سب سے خاص بات ڈبلیو ڈبلیو ای کے سپر سٹار اور ہردلعزیز ریسلر جان سینا کی انجری سے نجات حاصل کرنے کے بعد کامیاب واپسی تھی۔ تین ماہ قبل زخمی ہوکر ڈبلیوڈبلیوای کی عالمی چیمپئن کی حیثیت سے دستبردار ہونے والے جان سینا نے اپنی واپسی کو یاد گار بناتے ہوئے رائل رمبل 2008ء کا گیم مقابلہ جیت کرریسل مینیا24کیلئے ڈبلیوڈبلیوای کی کسی بھی عالمی چیمپئن شپ کا مقابلہ لڑنے کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے جان سینا جو کہ ڈبلیو ڈبلیو ای عالمی چیمپئن شپ کی بیلٹ تین مرتبہ جیت چکے ہیں اس بار وہ چوتھی مرتبہ اپنا اعزاز واپس حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب رائل رمبل کے سالانہ مقابلوں میں لڑی جانیوالی دو بڑی فائیٹس میں رینڈی اورٹن نے جیف ہارڈی اور ایج نے رے میسٹریو کو شکست دیکر اپنے اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا ۔30پہلوانوں کے درمیان ہونے والے گیم مقابلے میں سابق ڈبلیو ڈبلیوای چیمپئن جان سینانے 11مرتبہ ڈبلیوڈبلیو ای چیمپئن رہنے والے ٹرپل ایچ کو باہر گرا کر فتح حاصل کی۔

جان سینا مذکورہ مقابلے میں شرکت کرنے والے آخری پہلوان تھے یعنی وہ سب سے آخر میں 30ویں نمبر پر رنگ میں داخل ہو ئے جان سینا کی آمد سے قبل کسی کو اس بات کا علم نہیں تھا کہ وہ رائل رمبل مقابلوں میں شرکت کررہے ہیں جب وہ غیراعلانیہ طور پر نمودار ہوئے تو نہ صرف شائقین حیرت زدہ رہ گئے بلکہ رنگ میں کھڑئے تمام ریسلر بھی جان سینا کی اچانک آمد سے پریشان ہوگئے۔

حالیہ مقابلوں میں ڈبلیوڈبلیو ای کی تاریخ میں ایسا دوسری مرتبہ ہوا کہ جب 30ویں نمبر پر آنے والے پہلوان نے رائل رمبل گیم مقابلے میں فتح حاصل کی اس سے قبل گزشتہ برس انڈر ٹیکر نے شان مائیکل کو باہر گرا کر رائل رمبل چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیااور اب جان سینا نے ایک بار پھر تاریخ دہراتے ہوئے نمبر 30پر رنگ میں داخل ہوکر فتح حاصل کی۔رائل رمبل 2008ء کے گیم مقابلے میں سب سے زیادہ دیربٹیسٹا 37منٹ تک رنگ میں رہے بیٹسٹانے چار پہلوانوں کو رنگ سے باہر پھینکا اور آخرمیں اسے ٹرپل ایچ نے باہر گر اکر مقابلے آؤٹ سے کیا ۔

گزشتہ سال کے رائل رمبل گیم مقابلے کے ونر انڈر ٹیکر سب سے پہلے رنگ میں آئے جبکہ رنراپ چیمپئن شان مائیکل دوسرے نمبر پر رنگ میں واردہوئے دونوں بالترتیب 32,32منٹ رنگ میں رہے ،انڈر ٹیکر کو شان مائیکل ہی نے باہر پھینکا جبکہ شان مائیکل کینیڈی کے ہتھے چڑھے۔ اس سال کے مقابلوں میں ٹرپل ایچ نے سب سے زیادہ 6پہلوانوں کو باہر گرایا جبکہ رنگ میں سب سے کم عرصہ شلٹن بنجمن محض” 18سیکنڈ“ تک رہے اسے شان مائیکل نے باہر پھینکا ۔

ٹرپل ایچ 29ویں اور جا ن سینا 30ویں نمبر پر رنگ میں آئے جا ن سینا رنگ میں صرف 8منٹ 28سکینڈرہنے کے بعد چیمپئن بن گئے یوں وہ رائل رمبل کی تاریخ میں سب سے کم وقت رنگ میں رہ کر چیمپئن بننے والے پہلے ریسلر بن گئے ہیں اس سے قبل 2001ء کے رائل رمبل مقابلوں میں سٹون کولڈسٹیو آسٹن 9منٹ 43سکینڈ کے بعد چیمپئن بنے تھے تاہم اب یہ ریکارڈ جان سینا کی دسترس میں آچکا ہے۔

رائل رمبل جیتنے کے ساتھ ہی جان سینا نے ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ کے حصول کیلئے جدوجہد کردی ہے ۔جان سینا نے ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن رینڈی اورٹن کو باقاعد ہ چیلنج کردیا اور دونوں کے درمیان 17فروری کو نو وے آؤٹ مقابلوں میں ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ کے ٹائٹل کا مقابلہ بھی طے پا چکا ہے ۔خیال کیا جارہا ہے کہ اگر جان سینا رینڈی اورٹن کو نووے آؤٹ مقابلوں میں نہ ہرا سکے تو ریسل مینیا 24میں جان سینا ایک بار پھر رینڈی اورٹن ہی کا مقابلہ کرینگے تاہم اس کا ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا لیکن یہ بات تو طے ہوچکی ہے کہ ٹرپل ایچ ریسل مینیا 24میں ایج کے مدمقابل آئیں گے ۔

سابق عالمی چیمپئن بٹیسٹا اور ٹرپل ایچ ان دنوں کسی بھی بیلٹ کی فائیٹ لڑنے میں دلچسپی نہیں لے رہے تاہم جان سینا کی آمد سے شائقین کے چہرے کھل اٹھے ہیں کیونکہ جان سینا عصر حاضر میں ریسلنگ کے سب سے مقبول ترین سپرسٹار ہیں جان سینا کی مقبولیت کی سب سے بڑی وجہ اس کی فراڈ اور دھوکہ بازی سے پاک فائیٹس ہیں جہاں وہ صرف اور صرف اپنی طاقت کے بل پر حریف ریسلر کو شکست دیتے ہیں یہی وجہ ہے کہ انہیں ڈبلیوڈبلیوای کا نمبر ون سپرسٹار قرار دیا جاتا ہے۔

مزید مضامین :