کرس ایورٹ لائیڈ "آئس شہزادی" (امریکن ٹینس پلیئر)

Chris Evert

کرس ایورٹ کو کیرئیر میں 18 گرینڈ سلیم سنگل ٹائٹل، 3 ڈبل چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہوا ، مجموعی طور پراُنھوں نے 157 سنگل ٹائٹل اور 29 ڈبلز ٹورنامنٹ جیتے

Arif Jameel عارف‌جمیل ہفتہ 29 جنوری 2022

Chris Evert
ٹینس کی دُنیا میں جہاں خواتین کا ذکر آئے گا اُس میں امریکن پیشہ ور کھلاڑی اور ٹینس فیشن کے لقب سے یاد رکھی جانے والی " کرس ایورٹ لائیڈ"کا نام سرِفہرست کھلاڑیوں میں رہے گا۔ اسی کھیل میں اُنکی اُس دور کے نامور ٹینس کھلاڑی جمی کونرز سے محبت کے چرچے بھی ایک سچی لو اسٹوری سے کم نہ رہے اور دِی "لوبرڈ ڈبل "کی عام گُونج سُنائی دینے لگی۔ اصل نام کرسٹین میری ایورٹ جسے کریسی بھی کہا جاتا ہے21 ِ دسمبر 1954ء میں امریکہ کی ریاست فلوریڈا کے شہر فورٹ لاڈرڈیل نزد بوکاراٹن میں پیدا ہوئیں ۔

یہ شہر ریاست فلو ریڈا کے مشہور شہر میامی کے شمال میں 40کلو میٹر پر واقع ہے۔ اُنکی والدہ کا نام کولیٹ تھامسن اور والد کا نام جمی ایورٹ تھا جو امریکن ٹینس کھلاڑی اور کوچ تھے۔ پرہیزگار کیتھولک خاندان سے تعلق رکھنے والی کریسی کے 4بہن بھائی ہیں جن میں سے دو بہنیں کلیئر اور جینی ہیں اور دو بھائیوں کے نام ڈریو اورجان ہیں ۔

(جاری ہے)

تمام بہن بھائیوں نے والد کی کوچنگ میں ٹینس کی تربیت کا آغاز کیا اور نوعمری میں ہی سوائے بھائی ڈریو کے سب نے فلوریڈا کے مشہور جونیئر اورنج باوٴل ٹائٹلز جیتے ۔

کریسی نے اسکے علاوہ 14سال سے کم عمر گروپ میں نمبر 1 پوزیشن حاصل کی اور 1970ء میں ٹینس قومی چیمپئن شپ فار گرلز - انڈر 16 بھی جیتی۔ کریسی نے 1973 ء تک سینٹ تھامس ایکویناس ہائی اسکول فورٹ لاڈرڈیل سے تعلیم حاصل کی اور پھر ٹینس کی کھلاڑی کی حیثیت میں مکمل اسکالرشپ کے ساتھ الاباما کی اوبرن یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے داخلہ لے لیا۔جہاں ٹینس کھیلنے میں مزید مہارت بھی حاصل کی اور پھر کامیابیوں کا وہ سلسلہ چل نکلا جس کا آغازکریسی نے 15 سال کی عمر میں اُس وقت کیا جب اُنھیں 8 کھلاڑیوں کے کلے کورٹ ٹو رنامنٹ میں کھیلنے کیلئے مدعو کیا گیا ۔

وہاں اُنھوں نے ورلڈ نمبر 1خاتون کھلاڑی مارگریٹ کورٹ کو شکست دے دی۔ اس کے نتیجے میں کریسی کو امریکی وائٹ مین ٹیم میں اُس وقت تک کا سب سے کم عمر کھلاڑی منتخب کیا گیا۔ کرس ایورٹ کو 1971 ء میں یو ایس اوپن میں کھیلنے کی دعوت ملی تو اُنھوں نے گرینڈ سلیم میں اپنا پہلا قدم رکھ دیا اور کئی تجربہ کار پیشہ ور کھلاڑیوں کے خلاف کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے 16 سال کی عمر میں سیمی فائنل میں پہنچ کر شکست کھائی۔

1973ء میں وہ فرنچ اوپن اور ومبلڈن کے فائنل کی رنراَپ رہیں اور دونوں ٹورنامنٹ میں اُ س وقت کی ٹاپ خواتین کھلاڑیوں سے شکست کھائی۔لیکن اگلے سال ہی کریسی نے فرنچ اوپن اور ومبلڈن میں خواتین کے سنگلز کے فائنل جیت کر اپنا لوہا منوا لیا۔دِلچسپ یہ رہا کہ دونوں فائنلز میں کریسی کے مدِمقابل روس کی کھلاڑی اولگا موروز وواتھیں جواپنے ٹینس کیرئیر میں صرف دو دفعہ گرینڈ سلیم فائنل میں پہنچی تھیں اور وہ یہی تھے۔

کریسی نے 1974ء اور 75 ء میں فرنچ اوپن کے ڈبل مقابلے بھی جیت لیئے تھے اور 1975ء میں یو ایس اوپن کے ساتھ ایک دفعہ پھرفرنچ اوپن میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کر لیا ہوا تھا ۔لیکن اسی سال وہ ومبلڈن میں اپنے ٹائٹل کا دفاع نہ کر پائیں اور اُنکو سیمی فائنل میں ہی شکست ہو گئی۔پھر بھی کریسی کیلئے یہ سال اُنکی کارکردگی کی وجہ سے بہترین رہا اور 1975ء میں جب پہلی دفعہ وویمن ٹینس ایسوسی ایشن نے خواتین کی رینکنگ کا آغاز کیا تو پہلی ورلڈ نمبر1 کھلاڑی ہونے کا اعزا زکرس ایورٹ کو ہی حاصل ہوا۔

جسکے بعد وہ مسلسل چندسال نمبر1رہیں اور پھر کچھ وقفے کے بعد بھی اُنھیں نمبر1پر رہنے کا موقع ملا۔ کریسی نے ومبلڈن1976ء کے سنگل مقابلے کے ساتھ ڈبل مقابلے میں بھی فتح حاصل کی اور اُسکے بعد صرف ایک مرتبہ اور 1981 ء میں وہ چیکوسلواکیہ کی ہانا منڈلوکووی سے فائنل جیت پائیں۔حالانکہ اسے پہلے اور بعد میں بھی کریسی کئی دفعہ ومبلڈن کے فائنل میں پہنچیں لیکن اُنکی کیرئیر کی سب سے اہم اور بڑی مدِمقابل یا حریف اپنے دور کی مارٹینا نورا تیلووا نے اُنھیں زیادہ تر شکست سے دوچار کیا۔

کریسی نے اس دوران 1982ء میںآ خری دفعہ یوایس اوپن جیتا اوراپنے کیرئیر میں پہلی دفعہ آسٹریلین اوپن1982ء اور پھر 1984ء میں جیت کر چاروں گرینڈ سلیم جیتنے کی روایت بھی پوری کر دی۔ کریسی 1983ء۔85ء اور86ء میں مزید تین دفعہ فرنچ اوپن جیت کر اگلے چند سال بھی ٹینس کورٹس میں اپنی کارکردگی دِکھاتی رہیں۔ پھر 1989ء کے یو ایس اوپن میں کواٹر فائنل ہارنے کے بعد اپنے ٹینس کے پیشہ وارانہ کیر ئیر سے 5ِستمبر کو 35سال کی عمر میں ریٹائر منٹ لے لی۔

لیکن ٹینس کے لیے اُنکا شوق جاری ہے اور فلوریڈا میں" ایورٹ ٹینس اکیڈمی" قائم کر لی۔ اس کے ساتھ وہ ایک امریکی اسپورٹس چینل سے بھی بطور ٹینس کمنٹیٹر منسلک رہیں ۔ قد 5فُٹ 6 اِنچ کے ساتھ ٹینس کھیل کے مطابق پُھرتیلے جسم کی مالک کریسی اپنے دور کی ایک مضبوط اعصاب رکھنے والی کھلاڑی تھیں جنکو کورٹ میں کھیلنے کے دوران اپنے مخالف کی کمزوریوں پر نظر رکھنا اور پھر اُس پر حاوی ہو نے کا کمال حاصل تھا۔

اُنکے اس رویئے پر میڈیا نے اُنھیں "آئس شہزادی" کا لقب بھی دیاتھا۔ دونوں ہاتھوں سے بیک ہینڈشارٹ اُنکا بھی ویسا ہی کمال تھا جیسا جمی کونرز کا۔ کرس ایورٹ لائیڈ نے 1974 ء تا 1986ء کے درمیان ہر سال کم از کم ایک بڑا ٹورنامنٹ جیتا۔1976ء میں میں اُنھیں" سپورٹس ویمن آف دی ایئر"سے نوازا گیا۔کرس ایورٹ کے پاس 27 سال تک 7 فرنچ اوپن سنگلز جیتنے کا ریکارڈ رہاجو 2013ء میں رافیل نڈال نے توڑ دیا۔

لیکن وہ اب بھی واحد خاتون کھلاڑی ہیں جن کے پاس یہ ریکاڑد ہے۔اسطرح کرس ایورٹ کو اپنے ٹینس کیرئیر میں 18 گرینڈ سلیم سنگل ٹائٹل اور 3 ڈبل چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہوا اور مجموعی طور پراُنھوں نے 157 سنگل ٹائٹل اور 29 ڈبلز ٹورنامنٹ جیت کر اپنے مداحوں کے دِل جیت لیئے۔ کرس ایورٹ نے 70ء کی دہائی میں کھیلوں کے لباس کی مشہوری کیلئے پیوریٹن فیشن کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا ۔

جسکے بعد اُنھیں فیشن کی دُنیا میں بھی قدم رکھنے کا موقع ملا اور اسی دور ان اُنکی ملاقات مشہور امریکن ٹینس کھلاڑی جمی کو نرزسے ہو ئی ۔ دونوں کی جوڑی کو میکسڈ ڈبل کے مقابلوں میں بھی کئی دفعہ ٹینس کورٹ میں اپنے مخالفوں کا مقابلہ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ پھر سلسلہ منگنی تک پہنچ گیا اور 8ِ نومبر 1974 ء کو شادی کی تاریخ تھی لیکن چند روز پہلے منگنی ٹوٹنے کی خبر آگئی۔

جس پر سب حیران رہ گئے۔1976ء اور78ء کے دوران دوبارہ دونوں کی محبت کو پروان چڑھتے ہو ا دیکھا گیا ۔لیکن بے نتیجہ تعلقات ختم ہو گئے ۔ کرس ایورٹ 1979ء میں برٹش ٹینس کھلاڑی جون لائیڈ سے شادی کر کے کرس ایورٹ لائیڈ کہلانے لگیں۔ اپریل 1987ء میں دونوں میں طلاق ہو گئی جسکے بعد 1988ء میں کریسی نے دوسری شادی امریکن اسکیٹنگ کے کھلاڑی اینڈی مِل سے کر لی۔

جسے تین بیٹے الیگزیندڑ،نیکولیس اور کولٹن پیدا ہوئے ۔2006ء میں کریسی نے اینڈی مِل سے بھی طلاق لے لی اور جون 2008ء میں تیسری شادی آسٹریلیا کے مشہور پیشہ ور گولف کھلاڑی گریگ نورمن سے کر لی۔15ماہ کے اندر ہی دونوں میں اختلافات ہو گئے اور کریسی کی زندگی میں نتیجہ ایک دفعہ پھر طلاق کی صورت میں نکلا۔ کریسی اُس کے بعد سے اپنے بھائی کے ساتھ ایورٹ ٹینس اکیڈمی میں کوچنگ کے فرائض انجام دے رہی تھیں کہ جنوری 2022 ء میں کرس ایورٹ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ اُنھیں رحم کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔

یہ ابتدائی مرحلے میں ہے اور جسم میں کہیں اور کینسر کا پتہ نہیں چلا ۔ اسی ہفتے کیموتھراپی کے چھ راوٴنڈز میں سے پہلی کیمو کی شروعات ہوجائیں گی۔ اُنھوں نے اپنے خیالات کا اظہار کچھ اِن الفاظ میں بھی کیا کہ" میں بہت دلکش زندگی گزاررہی ہوں۔ اب میرے سامنے کچھ چیلنجز ہیں۔ لیکن مجھے یہ جان کر سکون ملتا ہے کہ کیموتھراپی اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ کینسر واپس نہ آئے۔"لیکن میڈیا کے مطابق بجا طور پر وہ قدرے نروس ہیں۔

مزید مضامین :