دہشت گردی کو شکست، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال

Dehshaatgardi Ko Shikast

پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں قومی ٹیم نے زمبابوے کو ہرایا، دل مہمان ٹیم نے جیت لیے۔۔۔ شائقین کا سمندر امڈ آیا، ہزاروں افراد لائن میں کھڑے رہ گئے، لاہور پولیس نے حق ادا کردیا

Ejaz Wasim Bakhri اعجاز وسیم باکھری ہفتہ 23 مئی 2015

Dehshaatgardi Ko Shikast

اگر یہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کہ پاکستان ایک جنون کا نام ہے۔ پاکستانی عوام کا جوش اور جنون دیکھ کر لگتا ہی نہیں یہ قوم مسائل زدہ ہے اور دہشت گردوں کے ہد ف پر ہے۔ چھ سال تک کرکٹ کا بے تابی سے انتظار کرنے والے شائقین کو زمبابوے ٹیم کی آمد کا پتہ چلا تو دیوانوں کی طرح ٹکٹوں کے حصول کیلئے مارے مارے پھرتے نظر آئے ، اور جب ٹکٹ مل گئے تو شام سات بجے شروع ہونیوالے میچ کو دیکھنے کیلئے دن بارہ بجے سٹیڈیم کے گرد جمع ہونا شروع ہوگئے۔ جب اُن سے پوچھا گیا کہ میچ شروع ہونے میں ابھی سات گھنٹے باقی ہیں تو کیا خوبصورت جواب ملا کہ چھ سال تک غیرملکی ٹیم کا انتظار اگر کرسکتے ہیں تو میچ شروع ہونے کیلئے گرمی میں سات گھنٹے کا انتظار بہت معمولی بات ہے۔ قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ہرطرف خوشیاں اور رنگ بکھرے نظر آئے، جذبہ ہمالیہ کو چھورہا تھا اور جوش کا کوئی ٹھکانہ نہیں تھا، خوشی اتنی تھی کہ 42 کے قریب درجہ حرارت بھی بے اثر محسوس ہوا۔

(جاری ہے)

سکیورٹی گوکہ سخت تھی لیکن جہاں خطرہ ہو تو سخت سکیورٹی کے باوجود بھی جانے سے ڈر سے لگتا ہے یا دل میں ایک خدشہ پیدا ہوجاتا ہے لیکن قذافی سٹیڈیم آنیوالے 24ہزار شائقین کا جوش جذبہ اور دلیری اپنی مثال آپ تھی۔ سٹیڈیم جب عوام سے بھرگیا توگیٹ بند کردئیے گئے اور بڑی تعداد میں شائقین لائنوں میں کھڑے رہ گئے، میچ کے آغاز سے قبل صدر مملکت ممنون حسین سے دونوں ٹیموں کا تعارف کرایا گیا ، صدر نے تمام کھلاڑیوں سے ہاتھ ملایا اور انہیں گڈ لک بولا۔ دونوں ٹیموں لائن اپ ہوئیں تو قذافی سٹیڈیم میں شور اتنا تھا کہ نعروں کے سوا کچھ سنائی نہ دیا۔ قومی ترانہ جب بجایاگیا تو سٹیڈیم میں موجود ہر فردکی آنکھیں نم ہوگئیں کیونکہ یہی وہ دن تھا جس کا چھ سال تک بے تابی سے انتظار تھا۔ پاکستانی کھلاڑی بھی خوش نظر آئے کہ وہ طویل عرصہ بعد اپنے ہی میدان پر غیرملکی ٹیموں کیخلاف نبردآزما ہونے جارہے تھے۔ میچ میں گوکہ پاکستان نے کامیابی حاصل کی لیکن زمبابوین ٹیم کا کھیل بھی شاندار رہا۔
 احمد شہزاد اور مختار احمد کی جارنہ اننگز کی بدولت پاکستان ٹیم نے زمبابوے ٹیم کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں چاروں شانے چت کر کے دو میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔ مختار احمد کو شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ زمبابوے کی جانب سے ملنے والا 173 رنز کا ہدف پاکستان ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ احمد شہزاد اور مختار احمد نے پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے ٹی ٹونٹی میں پاکستان کی طرف سے پہلی وکٹ کی شراکت میں 142 رنز کی دوسری بہترین اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ ایک سکور کے فرق سے وہ احمد شہزاد اور محمد حفیظ کا زمبابوے کے خلاف 143 رنز کا پہلی وکٹ کے بہترین سکور کا ریکارڈ بریک نہ کر سکے۔ 142 کے ٹوٹل پر پاکستان کی پہلی وکٹ احمد شہزاد کی گری انہوں نے 39 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 54 رنز سکور کیے۔ احمد شہزاد کی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں چوتھی نصف سنچری تھی۔ ساتھی کھلاڑی کے آوٹ ہونے کے فوری بعد مختار احمد بھی بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں 83 کی انفرادی اننگز پر کیچ آوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 45 گیندوں کا سامنا کیا جس میں 12 چوکے اور تین چھکے لگائے۔پاکستان کی تیسری وکٹ ایم حفیظ کی گری انہوں نے 12 رنز بنائے اور کریمر کی گیند پر کووینٹری کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ اس وقت پاکستان کا ٹوٹل سکور 157 رنز تھا۔ عمر اکمل میدان میں آئے انہوں نے چوکا لگا کو اپنا کھاتہ کھولا لیکن وہ اس سے اگلے نہ جا سکے۔ اور ویٹوری کی گیند پر سیبانڈا کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ پاکستان کی پانچویں وکٹ 169 کے سکور پر شعیب ملک کی گری انہوں نیچ صرف چار رنز بنائے۔ شاہدآفریدی میدان میں آئے تو انہوں نے پہلی گیند پر بال کو باونڈری لائن کے باہر پہنچا کر پاکستان کو پانچ وکٹوں سے کامیابی دلا دی۔ سرفراز تین سکور کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ زمبابوے کی جانب سے کریمر نے دو جبکہ پیانگرا، ویٹوری اور سین ولیمز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل زمبابوے ٹیم کے کپتان چگمبورا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ دونوں ابتدائی اوپنرزمساکادزا اور سیباندا نے 6.5 اوورز میں اپنی ٹیم کے سکور کو 58 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر سیباندا13 کے انفرادی سکور پر محمد سمیع کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ اگلی ہی گیند پر سمیع نے مساکادزا کو کلین بولڈ کر کے پویلین کی راہ دکھا دی۔ انہوں نے 43 رنز بنا ئے۔ زمبابوے ٹیم کے جارحانہ کھیل پیش کرنے والے کوینٹرے نے 14 رنز بنائے۔ وہاب ریاض نے انہیں وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرا دیا۔ زمبابوے کا سکور 100 پر پہنچا تو اس موقع پر سین ولیمز شعیب ملک کو سویپ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وہاب ریاض کو اپنا کیچ دے بیٹھے۔ سین ولیمز نے 16 رنز بنائے۔ سکندر رضا اپنے کپتان ایلٹن چگمبورا کا ساتھ دینے کے لیے میدان میں آئے انہوں نے 17 رنز بنائے۔ انہیں سمیع نے آوٹ کیا۔ کپتان ایلٹن چگمبورا نے جارحانہ اندار اپناتے ہوئے 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 54 رنز بنائے۔ چگمبورا کی انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی میں کیرئر کی دوسری جبکہ پاکستان کے خلاف پہلی نصف سنچری تھی۔ انہیں وہاب ریاض نے کلین بولڈ آوٹ کیا۔ زمبابوے اننگز کا اختتام ہوا تو اس وقت مہمان کا 6 وکٹوں پر سکور 172 تھا۔ موٹومبامی 4 اور گریم کریمر 2 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے باولنگ میں محمد سمیع نے 4 اوورز میں 36 رنز دیکر تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ وہاب ریاض نے 38 رنز کے عوض دو جبکہ شیب ملک نے 12 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید مضامین :