ڈی ویلیئرز نے کالی آندھی کا رخ موڑ دیا

Devilliars Ne Kaali Andhi Ka Rukh Morr Diya

جنوبی افریقہ ویسٹ انڈیز کیخلاف257رنزکے مارجن سے کامیاب

Ejaz Wasim Bakhri اعجاز وسیم باکھری ہفتہ 28 فروری 2015

Devilliars Ne Kaali Andhi Ka Rukh Morr Diya

کرکٹ ورلڈکپ کے آغاز سے قبل ماہرین نے میچ وننگ کھلاڑیوں کی فہرست جاری کی جس میں تین کھلاڑی نمایاں تھے، اے بی ڈی ویلیئرز، برینڈن میک کالم اور کرس گیل، ان تینوں نے میگاایونٹ میں اب تک ایک ایک اننگز ایسی کھیلی ہے جسے شائقین مدتوں یاد رکھیں گے۔ پاکستان اور زمبابوے کیخلاف لگاتار دو میچز میں کامیابی نے ویسٹ انڈین ٹیم کو ٹریک پر لاکھڑا کیا تھا تاہم گزشتہ روز جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے کالی آندھی کا رخ موڑ کر ٹریک سے ہی اتار دیا۔ اے بی ڈی ویلیئرز کی جارحانہ بیٹنگ نے دنیا بھر کے شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کی اور شائقین نے ڈی ویلیئرز کی اننگز کو پسند بھی کیا اور خوب تعریف بھی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ عصر حاضر کی کرکٹ میں اے بی ڈی ویلیئرز چند ان کھلاڑیوں میں شامل ہے جو تن تنہا میچ جتواسکتے ہیں اور وہ حقیقی معنوں میں بڑے کھلاڑی کے خطاب کے بھی حقدار ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز ویسٹ انڈیز کیخلاف ناقابل شکست اننگز ڈی ویلیئرز کی کوئی پہلی اننگز نہیں ہے بلکہ یہ ایک ماہ میں دوسرا موقع ہے جب ڈی ویلیئرز نے باؤلرز کی دھلائی کرکے ثابت کردیا کہ عصر حاضر میں اس سے بہتر کوالٹی کا بلے باز کوئی بھی نہیں۔ اس سے پہلے بھی ڈی ویلیئرز نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ہی ریکارڈ بریکنگ اننگز کھیلی جس میں انہوں نے صرف 31گیندوں پر سنچری سکور کرکے شاہد آفریدی اور کوری اینڈرسن کا ریکارڈ توڑڈالا تھا۔ گزشتہ روز بھی ڈی ویلیئرز نے پہلے محتاط رویہ اختیار کیا ، درمیانی اوورز میں اس نے رن ریٹ میں اضافہ کیا جبکہ آخری اوورز میں اس نے ویسٹ انڈین باؤلنگ لائن اپ کو تلوار کی نوک پر رکھ لیا اور صرف 66گیندوں پر 17چوکوں اور 8چھکوں کی مدد سے 162رنزبنائے۔ پہلے کھیلتے ہوئے جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 408 رنز بنائے،ون ڈے کرکٹ میں آسٹریلوی سرزمین پر کسی بھی ٹیم کا یہ سب سے زیادہ سکور ہے۔ اے بی ڈی ویلئیرز نے نصف سنچری اور سنچری کے بعدتیزترین ڈیڑھ سو رنز بنانے کا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔ہاشم آملہ65، ڈوپلیسی62 اور ریلے روسوونے61رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز دینے والے کپتان جیسن ہولڈر تھے جنہوں نے 10 اوورز میں 104 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی جب کہ آندرے رسل اور کرس گیل نے 2،2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

رنزکا پہاڑ دیکھ کر شائقین کو توقع تھی کہ ایک بار پھر کرس گیل کا بلے رنز اگلے گا لیکن ایسا نہ ہوسکا۔ نہ صرف کرس گیل ناکام رہے بلکہ پوری کیربین ٹیم ایسے پویلین واپسی لوٹی جیسے عموماً حدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن اپ دھوکہ دیتی ہے۔409 رنز کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 33.1اوورزمیں 151رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اننگز کے دوسرے ہی اوور میں گذشتہ میچ میں ڈبل سنچری بنانے والے کرس گیل صرف تین رنز بنا کر ایبٹ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ایبٹ نے ہی اپنے اگلے اوور میں سیموئلز کو بھی آوٴٹ کیا جو کوئی رن نہ بنا سکے۔اس کے بعد 53 کے مجموعی سکور پر ویسٹ انڈیز کو یکے بعد دیگرے تین وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔پہلے کارٹر کو دس رنز پر مورکل نے آوٴٹ کیا پھر عمران طاہر نے سمتھ اور سمنز کو ایک ہی اوور میں پویلین کی راہ دکھائی۔ویسٹ انڈیز کے آوٴٹ ہونے والے چھٹے کھلاڑی سیمی تھے جو پانچ رن بنا کر عمران طاہر کی گیند پر ہی سٹمپ ہوئے۔63 کے مجموعی سکور پر ویسٹ انڈیز کی ساتویں وکٹ بھی گر گئی جب رسل آرنلڈ صفر پر آوٴٹ ہوئے۔47 گیندوں میں 22 رنز بنانے والے دنیش رام دین کو آوٴٹ کر کے عمران طاہر نے انفرادی طور پر پانچویں اور جنوبی افریقہ کے لیے آٹھویں وکٹ لی۔6ویسٹ انڈین بلے باز ڈبل فگرمیں داخل نہ ہوسکے۔جیسن ہولڈرنے سب سے زیادہ 56رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے عمران طاہرنے 5جبکہ کائل ایبٹ اور مورنے مورکل نے ددووکٹیں حاصل کیں۔یہ وہی عمران طاہرہے جسے پاکستان میں کھلانے کو کوئی تیار نہیں تھا اور آج وہ جنوبی افریقی ٹیم کا اہم ہتھیار بن چکا ہے جس نے ویسٹ انڈین بیٹنگ لائن اپ کو جڑسے اکھاڑ پھینکا۔

گروپ بی کی پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت بھارت پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ دوسرے نمبر پر جنوبی افریقی ٹیم آگئی ہے۔ بھارت نے دو میچز کھیلے دونوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ جنوبی افریقہ نے تین میچز کھیلے دو میں کامیابی ملی اور ایک میں شکست کا سامناکرنا پڑا۔ تیسرے نمبر پر آئرش ٹیم ہے جس نے دو میچز کھیلے اور دونوں میں کامیابی حاصل کی اس وقت وہ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ چوتھے نمبر پر ویسٹ انڈین ٹیم ہے جس نے چار میچز کھیلے دو میں کامیابی حاصل کی اور دومیں ہی ناکامی ہوئی۔ پاکستانی ٹیم سات ٹیموں کے پول میں ساتویں نمبرپر موجود ہے۔

مزید مضامین :