ورلڈ کپ فٹبال: کاکا،میسی،رونالڈو اور رونی جوہر دکھانے میں ناکام

Football World Cup Kaka,messi Ronaldo Or Roonie Johar Dikhane Mian Nakam

افتتاحی راؤنڈ کے ابتدائی میچز میں چاروں سٹارز اپنی ٹیموں کیلئے گول سکورکرنے میں ناکام رہے سپین کو سوئٹرزلینڈ کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست، انگلینڈ، ارجنٹائن اور دفاعی چیمپئن اٹلی بھی جیت سے محروم

جمعرات 17 جون 2010

Football World Cup Kaka,messi Ronaldo Or Roonie Johar Dikhane Mian Nakam
اعجازوسیم باکھری: فیفافٹبال ورلڈکپ اپنی تمام ترحشر سمانیوں کے ساتھ جنوبی افریقہ میں جاری ہے اور ٹورنامنٹ میں چھوٹی ٹیموں نے حیران کن کھیل پیش کرکے بڑے ناموں کو میلہ لوٹنے سے تاحال روکے رکھا ہوا ہے۔ ورلڈکپ میں جہاں اب تک بڑے سٹارز اپنے سے وابستہ توقعات پر پورا نہیں اُتر سکے وہیں فیورٹ ٹیموں نے بھی اپنے چاہنے والوں کو مایوس کیا ہے۔ عالمی چیمپئن اٹلی ورلڈکپ میں اپنے افتتاحی میچ میں پیراگوئے جیسی کمزور ٹیم کے خلاف بمشکل ڈرا کرنے میں کامیاب رہی جس کے بعد اٹلی کی کمزوریاں کھل کر سامنے آگئی ہیں جبکہ جیت کی دعوے دار اور سٹارز سے سجی برطانوی ٹیم بھی امریکہ کے خلاف ایک ایک گول سے برابر پر اختتام کرکے نہ صرف شدید تنقید کی زد میں ہے بلکہ رونی جیسے نامور سٹرائیکر بھی پریشر میں آگئے ہیں۔

(جاری ہے)

ارجنٹائن کو نائیجریا نے ناکوں چنے چبوائے تو اُن کے سٹار لیونل میسی کی صلاحیتوں پربھی شکوک کا اظہار کیا جانے لگا ہے حالانکہ میسی پورے میچ پر چھائے رہے اور کئی یقینی گول کرنے کے موقع پیدا بھی کیے اور ضائع بھی کیے لیکن اس کے باوجود میسی اپنے پرستاروں کی توقعات پر پورا نہیں اُتر رہے۔ میسی ارجنٹائن ٹیم کا اکیلا کھلاڑی ہے جس پر سب سے زیادہ انحصار کیا جاتا ہے لیکن افتتاحی میچ میں گول سکور نہ کرنے کی وجہ سے یقینی طور پر اُن پر پریشر آگیا ہے اور اب دیکھنا ہوگا کہ آج جنوبی کوریا کے خلاف میسی پہلے میچ کی غلطیوں کا کس حد تک ازالہ کرتے ہیں۔

پرتگال کی ٹیم کوورلڈکپ کی فیورٹ ٹیموں میں شامل کیا جارہا ہے لیکن آئیوری کوسٹ جیسی کمزور ٹیم کے خلاف نہ تو پرتگال جیت سکا اور نہ ہی عصرحاضر کے مایہ ناز سٹار کرسٹیانو رونالڈو گول کرسکے۔ 90منٹ کے میچ میں رونالڈو کی جانب سے صرف ایک بہترین کک دیکھنے میں نظرآئی جب بال گول پوسٹ سے ٹکرا گئی لیکن پورے میچ میں وہ بالکل آف کلر نظر آئے اور اب تک چھ انٹرنیشنل میچز میں کرسٹیانو اپنے ملک کیلئے ایک بھی گول نہیں کرپائے لیکن اس سب کے باوجود نہ صرف پرتگال بلکہ پوری دنیا میں رونالڈو سے امیدیں وابستہ ہیں اور شائقین اُسے نمایاں دیکھنا چاہتے ہیں۔

”کاکا“ برازیلین سٹار کاکا ایک ایسا کھلاڑی ہے جس نے بڑے سٹارز کے موجودگی میں نہ صرف اپنا نام پیدا کیا بلکہ اپنی ٹیم کو کوپا امریکہ جیسے مشکل اور بڑے ایونٹ میں کامیابی دلائی موجودہ ورلڈکپ کے پہلے میچ میں اپنے پرستاروں کو خوش کرنے میں ناکام رہے۔ شمالی کوریا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں کاکا بالکل آف کلر نظر آئے اور پورے میچ میں وہ کوئی شاندار نہ تو موو بناسکے اور نہ ہی حریف گول پوسٹ پر حملہ آور ہوئے۔

گوکہ برازیل نے اس میچ میں دوایک سے کامیابی حاصل کی لیکن روبینو اور کاکا جیسے بڑے کھلاڑیوں کا آف کلر نظرآنا شائقین کیلئے قابل قبول چیز نہیں ہے۔ فٹبال میں لوگ اپنے سٹارز کو دیوانوں کی طرح چاہتے ہیں اور اور کبھی کبھار تو لوگ اپنی فیورٹ ٹیموں کی کامیابی کے اس حد تک متمنی نہیں ہوتے جس قدر وہ اپنے سٹارز کو میچ میں کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں۔

ورلڈکپ کا میلہ جاری ہے اور گزشتہ روز سپین کو اپ سیٹ شکست نے ماہرین کو حیران کردیا، سوئٹرزلینڈ جیسی کمزور ٹیم کے ہاتھوں سپین کی شکست اور انگلینڈ، پرتگال ،اٹلی اور ارجنٹائن کی ٹیموں کا پہلا میچ برابر کھیلنے کے بعد ٹرافی بالکل اوپن ہوگئی ہے اور ماسوائے جرمنی اور برازیل کے ماہرین کسی تیسری ٹیم کو فیورٹ قرار دینے سے گریز کررہے ہیں۔

جرمنی نے آسٹریلیا کے خلاف چارصفر سے کامیابی حاصل کرکے نہ صرف آسٹریلوی عوام کو سکتے میں ڈال دیا بلکہ کپتان مائیکل بالاک کی عدم موجودگی میں جرمن ٹیم کی قوت پر اٹھائے جانیوالے سوالات کا بھی منہ توڑ جواب دیدیا ہے۔ دوسری جانب گوکہ کاکا کی کارکردگی مایوس کن رہی لیکن برزایل کے دوسرے سٹارز کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو کامیابی دلاکر ٹیم کو بددستور فیورٹ پوریشن پر برقرار رکھا ہے۔

موجودہ ورلڈکپ اس حوالے سے بھی زیادہ دلچسپ اور سنسنی خیز ثابت ہورہا ہے کیونکہ یہ پہلی بار افریقی سرزمین پر کھیلا جارہا ہے جہاں نہ تو کوئی بڑا ایونٹ کھیلا جاتا ہے اور نہ ہی یہاں کلب چیمپئن شپ ہوتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بڑی ٹیمیں اور بڑے سٹارز افریقی سرزمین پر متاثرکن کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے ہیں البتہ دوسرے راؤنڈ تک کھلاڑی افریقی سرزمین کی آب و ہوا میں رچ بس چکے ہونگے اور دوسرے راؤنڈ میں ان سٹارز سے عمدہ کارکردگی کی توقع ہے۔

مزید مضامین :