فٹبال ورلڈکپ:”کوارٹرفائنلز جنگ آج سے شروع“

Football World Cup , Quarter Finals Starts Today

فیورٹ برازیل کا مضبوط حریف ہالینڈ سے مقابلہ ، گھانااور یورا گوئے بھی مدمقابل ہالینڈ گزشتہ 23میچز میں ناقابل شکست، برازیل کو بھی آخری 30میچوں میں صرف ایک میں ناکامی ہوئی

جمعہ 2 جولائی 2010

Football World Cup , Quarter Finals Starts Today
اعجازوسیم باکھری: فیفا فٹبال ورلڈکپ کا کوارٹرفائنلز مرحلہ آج سے شروع ہورہا ہے جہاں پہلے معرکے میں5مرتبہ کی عالمی چیمپئین برازیل اورہالینڈ کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آرہی ہیں۔برازیل دنیا کی واحد ٹیم ہے جسے تمام ورلڈکپ مقابلوں میں شرکت کا منفرد اعزاز حاصل ہے اور اس بار ماہرین کی نظرمیں برازیل ٹورنامنٹ جیتنے کیلئے ہارٹ فیورٹ ٹیم ہے ۔

رواں ورلڈکپ کے گروپ جی میں شامل برازیل نے پہلے راوٴنڈ میں شمالی کوریا کو 1کے مقابلے میں 2گول سے شکست دے کرمیگا ایونٹ کا آغازکامیابی کے ساتھ کیا۔ اگلے میچ میں اس کا سامنا افریقی ٹیم آئیوری کوسٹ سے تھا۔ برازیلین ٹیم اس امتحان میں بھی 1-3سے کامیاب رہی۔ عالمی رینکنگ میں پہلے نمبرپرموجود برازیل کا آخری گروپ میچ پرتگال کے خلاف تھا لیکن اس کے فارورڈز اس میچ میں گیند کوجال میں پہنچانے میں ناکام رہے اورمقابلہ بغیرکسی گول کے برابری پرختم ہوا، اس میچ میں ریفری کی ستم ظریفی کا شکار ہونے والے کاکا باہر بیٹھے اور روبینو کو آرام کی غرض سے پرتگال کیخلاف گراؤنڈ میں نہیں اتارا گیا تھا۔

(جاری ہے)

دوسرے راؤنڈ میں برازیل نے چلی کوتین صفرسے آوٴٹ کلاس کرتے ہوئے آخری 8ٹیموں میں جگہ بنائی جہاں کوارٹرفائنل میں اس کا پڑاؤ ہالینڈ سے آن پڑا ہے۔ برازیل نے اب تک 4میچوں میں8 گول سکور کیے جبکہ اس کے خلاف صرف 2گول ہوئے ۔ دوسری جانب یورپ کی مضبوط ترین ٹیم ہالینڈنے گروپ ای میں تینوں میچزجیت کر9پوائنٹس حاصل کئے ۔ ابتدائی مرحلے کے پہلے میچ میں ڈچ ٹیم نے ڈنمارک کو0-2سے زیر کیا۔

کیپ ٹاوٴن میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں جاپان کے خلاف دلچسپ مقابلے کے بعد 0-1سے کامیابی حاصل کی۔ گروپ کے تیسرے اورآخری میچ میں ہالینڈکو کیمرون کے چیلنج کا سامنا تھا یہاں بھی ڈچ ٹیم اس میچ میں کیمرون کوایک کے مقابلے میں دوگول سے زیرکرنے میں کامیاب رہی۔ عالمی رینکنگ میں 4نمبرپرموجودہالینڈناک آوٴٹ مرحلے میں سلواکیہ کے مدمقابل آئی۔

دفاعی چیمپئین اٹلی کوباہرکرنے والی سلواکین ٹیم کومیچ کیلئے فیورٹ قراردیا جارہا تھا لیکن ہالینڈنے ماہرین کے اندازے غلط ثابت کرتے ہوئے 1-2سے کامیابی حاصل کی اور8ٹیموں میں جگہ پکی کرلی۔ہالینڈ نے 4میچوں میں سات گول کئے اوراس کے خلاف 2گول سکورہوئے ۔ 11 جون سے 32 ممالک کے درمیان شروع ہونے والی عالمی حکمرانی کی جدوجہد اب 8 ٹیموں تک سمٹ چکی ہے ۔

جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے ، خود کو بہترین ثابت کرنے والے 8 ممالک صف آرا ہوچکے ہیں، جن کے درمیان میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنلز مقابلے آج سے شروع ہورہے ہیں ۔ فیفا ورلڈ کپ 2010 میں 5 مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیل ، ہالینڈ، یوراگوئے ، گھانا، ارجنٹائن ، جرمنی ، پیرا گوئے اور سپین کی ٹیمیں فٹ بال ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔

لاسٹ ایٹ راؤنڈ کے سلسلے میں آج جمعہ کو پہلا میچ برازیل اور ہالینڈ جبکہ دوسرا یورا گوئے اور گھانا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔ 3 جولائی کو ارجنٹائن اور جرمنی جبکہ دوسرے میچ میں پیرا گوئے اور سپین کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی ۔ برازیل اور نیدر لینڈز کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے ۔ لیکن مبصرین کا کہنا ہے کہ حریف ٹیمیں میچ کے دوران محتاط بھی ہوں گی اور کوشش ہوگی کہ ان کے سٹار پلیئرز یلو کارڈز حاصل نہ کریں، کیونکہ اس صورت میں وہ سیمی فائنل کھیلنے سے محروم ہوجائیں گے ۔

برازیل کے سٹرائیکر کاکا ، لوئس فابیانو، یوؤن اور فیلپ میلو کو ورلڈ کپ میں یلو کارڈز دکھائے جاچکے ہیں، اگر انہوں نے کوارٹر فائنل میں بھی فاؤل کیا تو وہ سیمی فائنل میچ نہیں کھیل پائیں گے ۔ کاکا تو دو یلو کارڈز کی وجہ سے پرتگال کے خلاف گروپ میچ میں شرکت نہیں کرسکے تھے ۔ دوسری جانب ہالینڈ کی پوزیشن زیادہ نازک ہے ، ان کے سات کھلاڑی معطلی کے خطرے سے دوچار ہیں، ان میں سپر اسٹار روبن اور رابن وین پرسی شامل ہیں۔

ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں اب تک تین بار مد مقابل آئی ہیں جن میں دومرتبہ برازیل اور ایک بار ہالینڈ فتح یاب رہی۔کارکردگی کے لحاظ دونوں ٹیموں کا موازنہ کیا جائے تو ہالینڈ کی ٹیم گزشتہ 23میچز میں ناقابل شکست رہی ہے جبکہ برازیلین ٹیم کا ریکارڈ بھی شاندار ہے ، لوسیو الیون اپنے آخری 30میچوں میں سے صرف ایک میں ناکام رہی۔ اس شاندار ریکارڈ سے دونوں ٹیموں کی قوت ، تیاری ، مضبوطی اورمورال کا واضع اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

گوکہ ڈچ ٹیم ورلڈکپ میں اب تک ناقابل شکست ہے لیکن ہائی پروفائل ٹیم ہونے کے ناطے برازیل کی کامیابی کو اپ سیٹ نہیں کہا جائیگا اور اگر ہالینڈ برازیل کو شکست دینے میں کامیاب رہا تو یہ رواں ورلڈکپ کا سب سے بڑا اور تاریخی اپ سیٹ ہوگا کیونکہ برازیل کی ٹیم ایونٹ کی سب سے فیورٹ اور مضبوط ترین ہے ۔آج ہونیوالے دوسرے کوارٹرفائنل میں یوراگوئے اور گھانا کے مابین بھی سخت مقابلے کی توقع ہے ۔

یوراگوئے کی ٹیم گزشتہ کچھ سالوں سے کوئی خاطر خواہ کامیابی نہیں دکھا سکی لیکن اس ٹیم کا ماضی انتہائی شاندار ہے جبکہ گھانا کی ٹیم افریقی سرزمین سے کوارٹرفائنل کھیلنے والی واحد ٹیم ہے اور اگر گھانا سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو افریقی عوام کیلئے اس سے بڑا خوشی کا اور کوئی موقع نہیں ہوگا۔کوارٹرفائنل مرحلہ شروع ہونے سے قبل فیفا نے بھی اپنا قبلہ درست کرنے کی کوشش کی ہے اور انگلینڈ کے میچ میں غلط فیصلے دینے والے یورا گوئے کے دو ریفریز کو برطرف کردیا ہے ا ور فیفا کے صدر نے برطانوی قوم سے معافی بھی مانگ لی ہے ۔

فیفا کی جانب سے اس خوشگوار تبدیلی اور ہٹ دھرمی کی پالیسی کو ترک کرنے کو پوری دنیا میں سراہا جارہا ہے لیکن ایونٹ کے بقیہ میچز میں ریفریز اور فیفا کیا کارکردگی پیش کرتے ہیں یہ فیفا اور ریفریزکیلئے سخت چیلنج ہے ۔

مزید مضامین :