ریسلر ٹریپل ایچ کا ہتھوڑاکہاں کام کر گیا

Hhh

ٹریپل ایچ نے 8 بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ میں فتح حاصل کی ،5،5بار ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن، انٹرکونٹینٹل چیمپئن،2،2 بار ورلڈ ٹیگ ٹیم چیمپئن ،یورپین چیمپئن اور ایک بار ٹیگ چیمپئن کا ٹائٹل اپنے نام کیا

Arif Jameel عارف‌جمیل جمعرات جون

Hhh
دسمبر1999 ء میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایونٹ" آرمگیڈون" کو تاریخی اہمیت کیوں حاصل ہونے جارہی تھی؟اُس میں ایک اہم مقابلہ کیوں ہو ناتھا ٹریپل ایچ اور ادارے کے مالک ونس میک موہن کے درمیان؟مالک کی بیٹی اسٹیفنی کس طرف تھی اور کیوں؟تینوں کی تصاویر اور افواہوں نے اسٹوری لائن کو دِلچسپ بنا دیا تھا۔ ڈبلیو ڈبلیو ای کے مایہ ناز ریسلر ٹریپل ایچ کا اصلی نام پا ل مائیکل لیویسیک ہے ۔

وہ 27ِ جولائی 1969ء کو امریکہ کی ریاست نیو ہیمپشائر کے شہر ناشوا میں پیدا ہوئے اور ان کی پرورش بھی وہیں ہوئی ۔ریسلنگ میں قدم رکھا تو رِنگ نام ہنٹر ہارسٹ ہیلمسلی رکھا گیا ۔ پرستاروں کو اپنے ہیرو کا نام بولنے میں مشکل محسوس ہونے لگی تو رِنگ نام کو مختصر کر کہ ٹرپل ایچ کر لیا جو اُنکو مزید شہرت کی بلندیوں پر لے گیا۔

(جاری ہے)

ٹریپل ایچ کے والد کانام پال لیویسیک سینئر ہے اور اُنکے آباؤ اجداد کا تعلق فرانس سے تھاجبکہ والدہ پیٹریسیالیویسیک کا خاندانی تعلق کینیڈا سے ہے ۔

ٹریپل ایچ کی کامیابیوں میں والدین کی خصوصی محبت و حمایت شامل ہے ۔لیکن ساتھ میں ایک اہم نام ٹریپل ایچ کی بڑی بہن لین لیویسیک کا ہے جس کے ساتھ بچپن سے لیکر آج تک وہ اپنا ہر معاملہ شیئر کرتے ہیں۔ ٹریپل ایچ کو ایک محبوبہ نے ٹھکرایا تو دوسری محبوبہ اُنکی زندگی کی ہمسفر بن گئی۔پہلی تھی ڈبلیو ڈبلیوای کی مشہور ریسلرچائنہ جس کے ساتھ 1996 ء میں عشق ہوالیکن وہ بچے کی پیدائش کی خواہش نہیں رکھتی تھی۔

لہذا ذہنی ہم آہنگی نہ ہونیکی وجہ سے ٹریپل ایچ نے رُخ بدلا تو سامنے کھڑی تھی ڈبلیو ڈبلیو ای کی مالک ونس میک موہن کی نوجوان اور خوبصورت بیٹی سٹیفنی میک موہن ۔۔۔کیا یہاں محبوبہ چائنہ کو ٹریپل ایچ سے کو ئی شکوہ ہوا تھا؟ اس سے پہلے ٹریپل ایچ کی زندگی کے سفر پر ایک طائرانہ نظر ڈال لیتے ہیں پھر آگے آتش عشق کا مزید احوال بھی آجائے گا اور ٹریپل ایچ کی قسمت کے چھکے کا کمال بھی۔

ٹریپل ایچ کے تعلیمی سفر کا آغاز اپنے ہی شہر کے ناشوا ساؤتھ ہائی اسکول سے ہوا جہاں وہ آغاز میں بیس بال اور باسکٹ بال کھیلنے کے شوقین نظر آئے ۔ ریسلنگ کرنے کا شوق بھی پیدا ہو چکا تھا جس کی وجہ اُنکا 5سال کی عُمر میں ٹی وی پر امریکن ریسلر چیف جے اسٹراونگبو کا ریسلنگ مقابلہ دیکھنا تھا ۔لہذا نوجوانی میں قدم رکھتے ہی پہلے 14سال کی عمر میں باڈی بلڈنگ کا آغاز کیا اور 1987 ء میں اپنا اسکول مکمل کرنے کے ساتھ ہی 19 سال کی عمر میں باڈی بلڈنگ کے مقابلے میں حصہ لیتے ہوئے " مسٹر ٹین ایج نیو ہیمپشائر" کا ٹائٹل جیت لیا۔

ٹریپل ایچ نے عملی زندگی کا آغاز کرتے ہوئے ناشوا شہر میں ہی گولڈ نامی جم میں ملازمت شروع کر دی۔ وہاں سے عالمی چیمپیئن پاور لفٹر ریسلر ٹیڈ آرچیڈی کی حمایت سے ماضی کے ایک تجربہ کار ریسلر والٹر " کلر"کوولسکی کے ریاست میساچوسٹس کے شہر مالڈن کے پیشہ ور ریسلنگ اسکول میں داخل ہو گئے اور اُستاد سے داؤ بیچ سیکھنے شروع کر دیئے۔ ٹرپل ایچ نے اپنے پیشہ ورانہ ریسلنگ کیریئر کا آغاز بین الاقوامی ریسلنگ فیڈریشن (آئی ڈبلیو ایف) کے ساتھ رِنگ نام ٹیرہ رائزنگ سے کیا۔

1994 میں اُنھوں نے ورلڈ چیمپیئن شپ ریسلنگ (ڈبلیو سی ڈبلیو) میں شمولیت اختیار کی جہاں اُنکا پہلا مقابلہ ٹیلی ویثرن پر ٹیلی کاسٹ کیا گیا بحیثیت ایک ویلن رِنگ نام ٹیرررائزن کے اور پھر مختلف ریسلنگ پروموشن اداروں کی طرف سے ریسلنگ کرتے ہو ئے آخر کار ہر نامور ریسلر کی طرح1995ء میں پہنچے ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن (ڈبلیو ڈبلیو ایف، موجودہ ڈبلیو ڈبلیو ای) میں۔

ادارے نے ذہنی و جسمانی صلاحیتوں کا امتحان لیا اور پھر 6 فُٹ 4اِنچ قد اور116 کلوگرام وزن رکھنے والے خوب رُو نوجوان ٹریپل ایچ نے ریسلنگ مقابلوں کیلئے معاہدے پر دستخط کر دیئے۔ تشہیری مہم میں اُنکا ر ِنگ نام" ہنٹر ہارسٹ ہیلمسلی "سامنے آیا جوبعد میں ٹرپل ایچ کہلایااور اکتوبر1996 ء میں انٹرکونٹینٹل چیمپئین شپ جیت کر کامیابیوں کا نیا سفر شروع کر دیا جس میں 1998ء میں یورپین چیمپئین شپ کا ٹائٹل شامل ہو گیا۔

لیکن پھر کچھ مدت بعد کچھ انجیریز کی وجہ سے اُنکو مسائل پیش آگئے۔ ٹریپل ایچ نے ایک دفعہ پھر اپنے آپکو قائم کیا اور 1999ء میں اپنی پہلی ڈبلیو ڈبلیو ایف/ ای چیمپین شپ جیتنے کے بعد وہ کمپنی کے مرکزی ایونٹس کے منظر کیلئے ایک حقیقت بن گئے اور نئی صدی2000ء میں شمالی امریکہ میں بہترین پہلوان کے طور پر وسیع پیمانے پر پہچانے جانے لگے۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف/ ای کا یہ وہی دور تھا جب ٹریپل ایچ اور سٹیفنی کی ملاقاتیں شروع ہو چکی تھیں اور سٹیفنی کے والدونس میک موہن نے اس پر اعتراض کرتے ہوئے1999ء کے اہم ایونٹ " آرمگیڈون" میں ٹریپل ایچ کے خلاف رِنگ میں لڑنے کا فیصلہ کیا ۔

ٹریپل ایچ اپنا ہتھوڑا لیکر ر ِنگ میں داخل ہوئے اور پھر اسٹوری لائن کے مطابق آدھے گھنٹے تک جاری رہنے والے اس خونیں مقابلے میں رِنگ کے اندر اور باہر شائقین نے ایک یاد گا ر ریسلنگ دیکھی جس میں ریسلنگ کے اصولوں کی دھجیاں اُڑا دی گئیں اور آخر میں سٹیفنی بھی رِنگ میں آگئی۔ایک طرف والد اور دوسری طرف عاشق ۔ اس دوران اچانک ٹریپل ایچ نے ادارے کے مالک ونس میک موہن کے پیٹ میں ہتھوڑے سے ضرب لگائی جو کام کر گئی ۔

ٹریپل ایچ نے مقابلہ جیت لیا اور سٹیفنی کا دِل تو وہ پہلے ہی جیت چکے تھے۔یہاں پر اُنکی پہلی محبوبہ چائنہ کا کہنا تھا کہ بے رُخی ٹریپل ایچ کی طرف سے ہوئی ہے۔لیکن پھر چائنہ کی بہن نے واضح کر دیا نہیں بے رُخی کا کردار چائنہ نے ہی ادا کیا ہے ۔یہ الگ بات ہے کہ کیا اس وجہ سے ٹریپل ایچ کا رحجان سٹیفنی کی طرف ہوا یا نہیں ؟ رومانوی جوڑی ٹریپل ایچ اور سٹیفنی کی شادی 25 اکتوبر 2003 ء کو ہو گئی ۔

اب ان کی تین بیٹیاں ہیں ۔ گو کہ ٹریپل ایچ اس شادی سے پہلے ہی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے تھے لیکن سٹیفنی سے شادی اُنکی زندگی کی قسمت کا چھکا ثابت ہوا اور اُنکو ڈبلیو ڈبلیوای کے مالک اور سٹیفنی کے والد نے ادارے میں اپنی کاروباری صلاحیتں دکھانے کا موقع بھی فراہم کر دیا۔ ٹریپل ایچ ایک متوسط خاندان سے تعلق رکھتے تھے لیکن کاروباری کیریئر میں بھی اپنے فیصلوں سے سب کو حیران کر دیا ۔

ٹریپل ایچ کو 2010ء میں بطور ایگزیکٹو سینئر مشیر کی حیثیت میں ادارے میں ترقی دے دی گئی۔ سٹیمفورڈ، کنیکٹیکٹ میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے ہیڈ کوارٹر میں دفتر دیا گیا ۔ 2011ء میں ایگزیکٹو نائب صدر ، ٹیلنٹ اور لائیو ایونٹ نامزد کیا گیا ۔وہ 2013 ء سے ڈبلیو ڈبلیو ای کے ٹیلنٹ ، براہ راست مقابلے کے ایگزیکٹو نائب صدر بھی ہیں۔ اسطرح وہ بڑے ریسلرز سمیت چھوٹے ریسلرزکے کیریئر کو بھی بہتر بنانے میں مدد کررہے ہیں۔

نیز این ایکس ٹی کے بانی اور سینئر پروڈیوسر بھی ہیں۔ ٹریپل ایچ کی ریسلنگ کا دور ڈبلیو ڈبلیو ای کی ریسلنگ کا وہ ایک یاد گا ر دور ہے جس میں دُنیا عالم کے معروف ریسلرز رِنگ میں ایک دوسر ے کے ساتھی بھی نظر آئے اور خلاف خونیں مقابلے کرتے ہوئے بھی۔کمال کی اسٹوری لائنز ہوتیں اور مقابلے میں ریسلرز بھی ویسے ہی جن میں سے چند کے نام یہ ہیں: رَاکی،شان مائیکل،کین،انڈرٹیکر،اسٹون کولڈ اسٹیو، بٹسٹا، سٹنگ، جان سینا،بِگ شو،انڈین ریسلر دِی گریٹ کالی، جیف ہارڈی ، بروک لیسنر ، ڈینیل برائن اور رومن رینز۔

کئی مقابلوں میں جیت کیلئے ایک دوسرے کیلئے مدد گار ہوتیں خواتین ریسلرز۔ ٹریپل ایچ نے2004ء کے آخر میں میکنگ دی گیم: ٹرپل ایچ کا ایک بہتر جسم تک پہنچنے کے نام سے ایک کتاب شائع کروائی۔جس میں زیادہ تر باڈی بلڈنگ کیلئے مشورے ہیں۔ساتھ میں کچھ خود نوشت معلومات ، یادداشتیں ، اور آراء بھی شامل ہیں۔ اس کتاب سے ہی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ ایک انسان دوست شخص ہیں جسکی ایک جھلک 2014 ء میں اُنکی اوراُنکی اہلیہ اسٹیفنی کی اس اقدام پر ملتی ہے جب ڈبلیوڈبلیو ای کے ایک پرستار ، جو آٹھ سال کی عمر میں کینسر کی وجہ سے فوت ہوگئے ، اُس کے اعزاز میں کونرزکیور کینسر فنڈ تشکیل دے دیا۔

ٹریپل ایچ ایک امریکی بزنس ایگزیکٹو ، اداکار اور پیشہ ور ریسلر کے طور پر بہت شہرت حاصل کر چکے ہیں۔ خاص طور پر اسٹوری لائن میں جیتنے کیلئے ہتھوڑے کا استعمال اُنکا منفرد انداز رہا۔ذاتی آمدنی 35ملین ڈالر کے مالک ٹریپل ایچ کا زندگی گزارنے کا طریقہ عام سا ہے۔لیکن دُ نیا بھر میں وہ جہاں بھی جائیں اُنکے مداح اُنکی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بیتاب ہو تے ہیں ۔

اُنکی ڈارھی رکھنے کی تصاویر تک سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ جسمانی حیثیت میں شہرت کے باوجود اُنکے مداح حیران ہیں کہ اُنکے جسم پر ایک بھی ٹیٹو نہیں بنا ہوا۔ آخر میں یاد رہے کہ ٹریپل ایچ نے 23 ریسلنگ کے ٹائٹل اپنے نام کیے۔ اُنھوں نے 8 بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ میں فتح حاصل کی جبکہ5بار ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن، پانچ بار انٹر کونٹینٹل چیمپئن، دو بار یورپین چیمپئن، 2 بار ورلڈ ٹیگ ٹیم چیمپئن اور ایک بار ٹیگ چیمپئن کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔دوسرے ایوارڈ اور اعزازات میں بوائز اینڈ گرلز کلب آف امریکہ ہال آف فیم (2017)۔اِنٹرنیشنل اسپورٹس ہال آف فیم کلاس آف 2015 ء ۔میٹل ہتھوڑا میگزین کی طرف سے:میٹل ہتھوڑا کے اسپرٹ آف لیمی ایوارڈ 2016ء۔

مزید مضامین :

Your Thoughts and Comments