”باغی اوپنر عمران نذیر رشتہ ازدواج سے منسلک ہوگئے “

Imran Nazir Marriage

نکاح کے دوسال بعد رخصتی ہوئی ،رسم حناء اور بارات پر کرکٹرز کے بھنگڑے خواہش ہے عمران دوبارہ پاکستانی ٹیم میں آجائیں ،امبر،شادی کیلئے راضی نہیں تھا،امبر کی محبت نے ہتھیار ڈالنے پر مجبور کردیا،نوبیاہتا جوڑے کی ”اُردوپوائنٹ “کے ساتھ خصوصی بات چیت

ہفتہ 21 مارچ 2009

Imran Nazir Marriage
اعجاز وسیم باکھری : شادی ایک ایسا بندھن ہے جو کہ انسان کو ذہنی پختگی اور پاکیزہ زندگی گزار میں مدد فراہم کرتا ہے اور انسان اپنی شخصیت کی تکمیل اپنے جیون ساتھی سے مل کر ہی کر پاتا ہے ۔اس کے علاوہ شادی ہرانسان کی زندگی میں لازمی پہلوبھی ہے چاہے دیرسے ہی کیوں نہ ہو تقریباً ہر انسان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ شادی کے بندھن میں ضرور بندھے ۔مگرایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں ہے جو شادی کے لفظ سے دور بھاگتے ہیں لیکن جب گھر میں رشتے کی باتیں چل رہی ہوتی ہیں تو دوسری جانب من میں لڈو پھوٹ رہے ہوتے ہیں ۔

بعض مرتبہ ایسا ہوتا ہے کہ آپ شادی کرنے پر راضی نہیں ہوتے لیکن سامنے والے جیون ساتھی کو دیکھ کر آپ اپنا فیصلہ تبدیل کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں ،یہی سب کچھ قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر بیٹسمین عمران نذیر کی زندگی میں ہوتا رہا ،عمران نذیر کے گھر والے جب بھی اسے شادی کیلئے کہتے وہ ٹال دیتا کہ میں نے کرکٹ کے ساتھ شادی کرلی ہے اور مجھے کرکٹ ہی سے محبت ہے لیکن والدین اُس کے سر پر سہر ا سجانے کیلئے بضد تھے لیکن عمران نذیر کسی کے قابومیں نہیں آرہے تھے ۔

(جاری ہے)

آخر کارجب عمران نذیر کی بہنوں اور والدہ نے امبر کا رشتہ پسند کیاتو محترم غیر متوقع طور پر خاموش رہے کیونکہ وہ پہلے ہی سے امبر کے بارے میں جانتے تھے اور شاید وہ امبرہی واحد لڑکی تھی جسے وہ جیون ساتھی کے طور پر قبول کرنے پر سنجیدگی سے غور کرسکتے تھے مگر جب والدین نے ازخود اسے امبر کے ساتھ شادی کیلئے راضی کرنا چاہا تو وہ بغیر مزاحمت کیے راضی ہوگئے ۔

کچھ عرصہ تک رسمی بات چیت چلتی رہی اور پھر 2007ء کے آخرمیں عمران نذیر اور امبر کا نکا ح کردیا گیا اور طے یہ ہوا کہ نکاح کے چھ ماہ بعد شادی ہوجائے گی لیکن نکاح ہوتے ہیں عمران نذیر کی قسمت جاگ اٹھی اور وہ ٹونٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان کیلئے نمایاں کھیل پیش کرنے میں کامیاب رہے اور پھر قومی ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کے بعد انہیں آئی سی ایل میں بھی خاصی اہمیت دی گئی یوں امبر کے ساتھ نکاح کے بعد عمران ایک بار پھر عالمی سکرین پر آگئے ۔

اس دوران دونوں خاندانوں نے شادی کی تیاری شروع کردی لیکن عمران صاحب نے ایک بار پھر بہانے تراشنے شروع کردئیے کیونکہ وہ مزید کچھ عرصہ شادی نہیں کرنا چاہتے تھے لیکن حالات نے ایسا رخ تبدیل کیا کہ آئی سی ایل منسوخ ہوگئی اور دوسرے ایڈیشن کا بھی دور دور تک کوئی امکان نظر نہیں آرہا تھا اور پھر وزارت داخلہ نے بھی پاکستانی کرکٹر ز کو بھارت جانے کی اجازت دینے سے انکا ر کردیا تو اس صورتحال میں عمران نذیر کی مصروفیات بھی ختم ہوگئیں اور والدین نے انہیں شادی پر راضی کرلیا۔

13مارچ کا دن عمران نذیر کی زندگی کا ایک اور یاد گار ترین دن تھا ۔لاہور کے کریم پارک علاقے میں ہونیوالی مہندی کی رسم اور پھر بارات میں ہونیوالے ہلے گلے میں قومی کرکٹرز نے بڑھ چڑھ کرحصہ لیا اور اپنے ساتھی کی شادی پرخوب بھنگڑے ڈالے ۔شادی کی تقریب میں عمران نذیر نے مقامی میڈیاکے نمائندگان کو بھی خصوصی طو ر پر دعوت دی اور بعض ٹی وی چینلز نے مہندی اور شادی کی تقریب کو براہ راست نشر کیا ۔

شادی میں محمد آصف ، سلمان بٹ، کامران اکمل ، انضمام الحق ، عبدالرزاق ، رانا نوید الحسن سمیت کرکٹرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ پاپ گلوکاروں اور ٹی وی اور فلم کے ادکاروں نے بھی نوجوان اوپنر بیٹسمین کی شادی کی تقریبات میں حصہ لیا۔16 دسمبر 1981ء کو مریدکے میں پیدا ہونے والے عمران نذیر کو بچپن ہی سے جنون کی حد تک کرکٹ کھیلنے کا شوق تھااور پہلی بار عمران نذیر 1996ء میں قومی سطح پر ابھر کر سامنے آئے۔

اپنی شاندار کارکردگی کی وجہ سے عمران نذیر جلد ہی سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے اور98ء کے سیزن میں عمدہ کارکردگی کی وجہ سے وہ قومی ٹیم میں شامل ہوئے۔ 2007ء کے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد بہت سے قومی کھلاڑیوں کو ڈراپ کر دیا گیا ان میں عمران نذیربھی شامل تھا جنہوں نے بعدازاں انڈین کرکٹ لیگ میں شمولیت اختیار کر لی۔

دائیں ہاتھ سے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرنے والے عمران نذیر نے اب تک 8 ٹیسٹ اور74ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ عمران نذیر جارح مزاج بلے باز ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عمدہ فیلڈربھی ہیں جہاں آج بھی ان کا شمار دنیا کے بہترین فیلڈروں میں ہوتا ہے۔عمران کی شادی پر رانا نوید الحسن اور محمد آصف نے کہا کہ وہ کسی کے قابو میں نہیں آتے تھے لیکن اب بھابھی آ گئی ہیں وہ خود ہی ان کو قابو کر لیں گی۔

سلمان بٹ نے اس موقع پر کہا کہ آج عمران نذیر بھی شادی شدہ کھلاڑیوں کی صف میں شامل ہو گئے ہیں جس کی مجھے بہت خوشی ہوئی ہے۔ کامران اکمل نے کہا کہ ہمارے سب دوستوں میں سے صرف عمران نذیر ہی کنوارے رہ گئے تھے آج ان کی بھی شادی ہو گئی ہے میری بہت سی نیک خواہشات عمران نذیر اور ان کی اہلیہ کیلئے ہیں ۔ عمران نذیر کے بارے میں عام تاثر یہ ہے کہ وہ غیر ذمہ دار بیٹسمین ہے اور تقریباً ہر دوسری گیند پر شارٹ لگانے کی کوشش کرتا ہے لیکن اس بات میں کوئی بعید نہیں کہ عمران نذیر انتہائی جارح مزاج اوپنر بیٹسمین ہے جوکسی بھی باؤلر کو خاطر میں لائے رنز کا حصول جاری رکھتا ہے ۔

بدقسمتی سے عمران نذیر سابقہ کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے باغی لیگ جوائن کرنے پر مجبور ہوگیا جس سے پاکستان ایک منجھے ہوئے بیٹسمین سے محروم ہوگیا لیکن عمران آج بھی اس انتظار میں ہے کہ وہ ایک بار پھر پاکستان کا نمائندگی کریگا ۔ اپنی شادی کے موقع پر عمران نذیر بہت خوش نظرآئے اور حسب عادت طنزومزاح کرتے رہے۔ اُردوپوائنٹ کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عمران نذیرسے جب میں نے پوچھا کہ جناب آپ تو شادی کیلئے راضی نہیں ہوتے تھے تو یہ ہم کیا دیکھ رہے ہیں ؟ عمران نے حسب معمول تیز تیزبولتے ہوئے کہاکہ’ ’تم ہر بار پوچھتے تھے کہ میری شادی کب ہورہی ہے ،آج دیکھ لو یہ میری شادی ہے،تم کسی ہمسائے کی نہیں بلکہ میری شادی پر آئے ہوئے ہو“اور دفتر جاکر یہ خبر ضرور چلانا کہ عمران نذیرنے آخر کار شادی کرہی لی ۔

تو پھر ہوا کیا ،کیسے یہ سب کچھ ہوا؟ توجواب میں عمران نذیر (امبر کی طرف دیکھتے ہوئے ) کہنے لگے کہ ”میرا شادی کا پروگرام ہرگزنہیں تھا لیکن پہلے گھروالوں نے نکاح کردیا تھا تو میں نے سوچا کہ چلونکاح ہوگیا ہے شادی اپنی مرضی سے کرونگا لیکن پھر آپ کے سامنے ہے کرکٹ ہی ختم ہو کر رہ گئی تو میں فارغ تھا گھروالوں نے کافی زور دیا تو میں نے ہتھیار ڈال دئیے لیکن سچ یہ ہے کہ یہ امبر کی محبت ہی تھی جس نے مجھے سارے فیصلے تبدیل کرنے پر مجبور کردیا۔

میں پرامید ہوں کہ امبر کے میری زندگی میں آنے سے خوشیاں دوبالا ہو جائیں گی۔عمران نے بات جاری رکھتے ہوئے کہاکہ نکاح کے بعد میری زندگی میں خوشگوار تبدیلی آئی تھی۔ اب تو امبر میرے گھر میں آ گئی ہیں اس کے بعد میں سمجھتا ہوں کہ میری زندگی میں بہت سی خوشیاں آئیں گی۔قومی ٹیم میں واپس آنے کے بارے میں کیا سو چ رہے ہیں کے سوال کے جواب میں عمران نے کہاکہ ”اعجاز اگر دل کی بات جاننا چاہتے ہوتو مجھے یوں محسوس ہورہا ہے کہ جیسے میں بہت جلد پاکستان کی جانب سے کھیل رہا ہوں گا ،حالانکہ میں جانتا ہوں فی الحال ایسا ممکن نہیں ہے لیکن میرے دل میں یہ بات گھر کرچکی ہے کہ میں نے ایک بار پھر پاکستان کیلئے ضرور کھیلنا ہے ۔

شادی کی شاپنگ کے بارے میں عمران نے بتایا کہ زیادہ ترشاپنگ دبئی سے کی ہے باقی یہی لاہور لبرٹی مارکیٹ سے چیزیں خریدی ہیں ۔ہنی مون کے حوالے سے مانی کا کہنا تھا کہ یورپ جانے کا پروگرا م ہے لیکن ابھی تک کچھ فائنل نہیں کیا لیکن بہت جلد ہنی مون کیلئے بیرون ملک جائیں گے۔ اس موقع پر عمران نذیر کی اہلیہ امبرعمران بھی موجود تھیں تو ان سے میں نے پوچھا ،عمران تو کسی بات پر قائم رہنے والے نہیں تھے اور نہ ہی ان میں اتناسنجیدگی نظر آتی تھی،آپ نے کیسے انہیں قابو کرلیا؟جواب میں مسکراتے ہوئے امبر نے کہاکہ یہ مجھے پسند کرتے تھے اورمیری محبت نے انہیں سارے فیصلے تبدیل کرنے پر مجبور کیا ۔

اس پر عمران نذیر نے کہاکہ بالکل صحیح کہہ رہی ہیں ۔امبر نے مزید کہاکہ میری خواہش ہے کہ عمران قومی ٹیم میں لوٹ آئیں کیونکہ ان کا پاکستان کیلئے کھیلنا زیادہ اچھا لگتا ہے ۔عمران کے سر کے بال کافی لمبے اور لڑکیوں جیسے ہیں ،کیا آپ کو اچھے لگتے ہیں ؟جواب میں امبر نے کہاکہ ”جی نہیں…چار دن بعد دیکھئے گا لڑکوں کی طرح ہونگے۔

مزید مضامین :