جان میکنرو ۔۔سُپر بریٹ ۔۔امریکن ٹینس پلیئر

John Mcenroe

جان میکنرو نے اپنے ٹینس کیر ئیر میں کُل7 گرینڈ سلام جیتے ، 77 سنگلز ٹائٹلز اور 78 ڈبلز ٹائٹلز کے ساتھ اپنے کیریئر کو سمیٹا

Arif Jameel عارف‌جمیل جمعرات 18 مئی 2023

John Mcenroe
اہم معلومات: # جان میکنرو جب 1980 ء میں پہلی مرتبہ سنگلز کی رینکنگ میں نمبر1 ہوئے تو ڈبلز میں وہ پہلے نمبر 1 پر تھے ۔# وہ1994 ء میں سنگلز اور2006 ء میں ڈبلز کے ٹینس کیرئیر سے ریٹائر ہوئے۔# وہ بائیں ہاتھ سے کھیلتے تھے اور کھیلنے کے اسٹائل میں بھی بیک ہینڈ شارٹ بائیں ہاتھ سے ہی مارتے تھے۔# اُنھوں نے 1977ء میں فرنچ اوپن کا میکسڈ ڈبل ٹائٹل بھی اپنی خاتون ساتھی میری کیریلو کے ساتھ مِل کر جیتا۔

# میکنرو کو 1999ء میں اِنٹرنیشنل ٹینس ہال آف فیم میں شامل گیا ۔ اسکے علاوہ بھی کیرئیر میں بہت سے ایوارڈز اور اعزازت ملے۔# اُنکے کیرئیر میں اہم اور یادگار مقابلے بیورن بورگ ،جمی کونر اورایوان لینڈل سے رہے۔# جان میکنرو فلم و ٹیلی وی میں بھی مختصر کرداروں میں اپنے صلاحتیوں کے جوہر دِکھاتے رہے۔

(جاری ہے)

میکنرو کے کامیاب ٹینس کیرئیر میں جہاں یہ حیران کُن ہے کہ آسٹریلین اوپن اور فرنچ اوپن گرینڈ سلامز کے سنگلز و ڈبلز کے ٹائٹلز وہ کبھی نہ جیت پائے وہاں یہ بھی اہم ہے کہ اُ نکو ٹینس کی دُنیا میں کونسی کامیابی منفرد بنا تی ہے؟وہ تھی ومبلڈن1981ء میں اُنکی دوسری گرینڈ سلام جیت اُس وقت کے ایک بڑے ٹینس کھلاڑی بیورن بورگ کے خلاف جنکا تعلق سویڈن سے تھا ۔

وہ مسلسل 5سال سے ومبلڈن ٹائٹل جیت رہے تھے۔میکنرو کی اس کامیابی نے بورگ کو دِل برادشتہ کر دیا اوروہ صرف26 سال کی عمر میں گرینڈ سلیم کھیلنے سے الگ ہو گئے۔ جان میکنرو نے اپنے ٹینس کیر ئیر میں کُل7 گرینڈ سلام جیتے ۔ومبلڈ ن 3مرتبہ اور یو ایس اوپن 3 بار لگاتار ملا کر4 مرتبہ۔ جان میکنرو نے کُل 77 سنگلز ٹائٹلز اور 78 ڈبلز ٹائٹلز کے ساتھ اپنے کیریئر کو سمیٹا۔

اسطرح وہ ابھی تک واحد مرد ٹینس کھلاڑی ہیں جنہوں نے سنگلز اور ڈبلز میں 70 سے زائد مقابلے جیتے ہیں۔ وہ بہترین امریکی کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں اور اُنکو " سُپر بریٹ " کے نام سے بھی پُکارا اور یاد کیا جاتا ہے۔ اسکے علاوہ دوران کیرئیر ٹینس کورٹس میں اُنکا بال واپس پھینکنے والے لڑکوں پر طنز ،چیئر امپائیرز اور لائن میں بیٹھے ججز سے تلخ کلامی پر تنازعہ پیدا ہو جانا عام بات تھی جسکی وجہ سے اُنکو جارحانہ رویئے کا مالک بھی کہا جاتا رہا ہے۔

جان پیٹرک میکنرو جونیئر 16ِ فروری 1959ء کو ویزباڈن، مغربی جرمنی میں امریکن فیملی جان پیٹرک میکنرو سینئر اور کیتھرین ٹریشم کے ہاں پیدا ہوئے۔ بیٹے کی پیدائش کی دِنوں میں والد ویزباڈن میں تعینات تھے اور ریاستہائے متحدہ امریکہ کی فضائیہ میں خدمات انجام دے رہے تھے ۔ والدہ سرجیکل نرس کے طور پر کام کررہی تھیں۔کچھ مدت بعد یہ فیملی واپس آکر 1961 ء میں ڈگلسٹن، کوئنز، نیو یارک میں آباد ہوگئی۔

والد نے فضائیہ کی ملازمت چھوڑ کر وہاں والد نے دن کے وقت ایڈورٹائزنگ ایجنٹ کے طور پر کام کرنا شروع کر دیا اور رات کو "فورڈہم لا اسکول" میں داخلہ لے لیا۔ میکنرو جونیئر کا داخلہ نیویارک کے مشہور "ٹرنٹی اسکول" میں ہوا جہاں وہ دوسرے طلباء کے ساتھ اچھی طرح پڑھائی میں برابری کرتے اور اکثر اپنی تیز عقل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاباش بھی لیتے ۔

جان میکنرو نے بچپن سے ہی کھیلوں میں بھی اپنی مہارت دکھانی شروع کر دی باسکٹ بال ہو، فٹ بال ہو یا ٹینس سب کھیلنے کا شوق تھا ۔ اُن سے چھوٹے اُنکے دو بھائی مارک اور پیٹرک ہیں جنہوں نے اُس وقت اپنے8 سالہ بڑے بھائی میکنرو کے ساتھ مِل کر "ڈگلسٹن کلب"میں بچوں کے گروپ میں ٹینس کھیلنا شروع کردیا۔ بعدازں پیٹرک بھی پیشہ ور ٹینس کھلاڑی بنے۔ میکنر وکو اس کے والدین نے 9سال کی عمر میں"ایسٹرن لان ٹینس ایسوسی ایشن" میں داخل کیا اور جلد ہی اُنھوں نے علاقائی ٹورنامنٹس میں حصہ لینا شروع کر دیا۔

پھر وقت کے ساتھ وہ ٹینس پر زیادہ توجہ مرکوز کرنے لگے اور کورٹ پر فطری مزاج کا مظاہرہ کرتے نظر آتے۔ جان میکنرو کو 12سال کی عمر میں آسٹریلوی "ڈیوس کپ"ٹیم کے اُس وقت کے کوچ ہیری ہاپ مین اور کپ کھیلنے والے میکسیکن کھلاڑی ٹونی پالافکس نے بہت سراہا اوراُن دونوں نے میکنرو کو نیویارک کے لانگ آئی لینڈ میں "پورٹ واشنگٹن ٹینس اکیڈمی" میں تربیت کیلئے داخل کر لیا۔

میکنرو کو واقعی وہاں ٹینس کا پیشہ وارانہ کھلاڑی بننے کیلئے واقعی بہت اچھا موقع ملا اور اُنھوں نے بہت فائدہ بھی اُٹھایا لیکن 16 سال کی عمر میں مذاق کی وجہ سے اکیڈمی سے معطل کر دیا گیا ۔ میکنرو نے مین ہٹن کے ٹرینیٹی اسکول میں تعلیم حاصل کرتے ہوئے1977ء میں اپنی گریجویشن مکمل کی۔ وہ سال ان کے کیریئر میں کئی اہم واقعات کے ساتھ شروع ہوا۔

18 سالہ نوجوان لڑکے نے ساتھی میری کیریلو کے ساتھ مل کر "فرنچ اوپن"مکسڈ ڈبلز ٹائٹل اور جونیئر سنگل ٹائٹل جیتا۔ اُس کے بعد ومبلڈن کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے سیمی فائنل میں پہنچ کر سب کو حیران کر تو دیا لیکن جمی کونرز سے شکست ہو گئی۔اس دوران میکنرو نے ٹینس اسکالرشپ حاصل کی اور واپس امریکہ جاکر کیلیفورنیا کی 'اسٹینفورڈ یونیورسٹی" میں داخلہ لے لیا اور امریکن ٹینس کوچ ڈِک گولڈ سے ٹینس کی مزید بہتر تربیت حاصل کرنا شروع کر دی۔

میکنرو کا 1978ء سے ٹینس میں کامیایبوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔پہلے نیشنل کالج ایتھلیٹک ایسوسی ایشن' چیمپیئن شپ کے سنگلز ٹائٹل کے فاتح بن کر اُبھرے اور ٹیم ٹائٹل جیتنے والی اپنی اسکول کی ٹیم 'کارڈینلز' کا حصہ بھی رہے۔ اسی سال سرجیو ٹاچینی کے ساتھ پیشہ ورانہ توثیق کے معاہدے پر دستخط کیے اور اے ٹی پی ٹور کا حصہ بنے۔ پھر اسی سال 5 ٹائٹل جیتے جس میں ان کا پہلا "اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلز" شامل تھا۔

میکنرو کو آغا ز کے سالوں میں ڈیوس کپ کیلئے امریکن ٹیم کا حصہ بنایا گیا تو اگلے 14 سال تک وہ ٹیم کا اہم ستون رہے جن میں سے 5 میں امریکن ٹیم کو کامیابی بھی حاصل ہو ئی ۔ میکنرو کو بہت سے ریکارڈ بنانے کاموقع بھی ملا اور آخر میں ٹیم کے کپتان بھی بنے۔اُنھوں نے اپنے ڈبل مقابلوں کے امریکن ساتھی پیٹر فلیمنگ کے سا تھ مل کر 15 میں سے14 ڈیوس کپ میچ جیتے۔

یہی اُنکے ساتھی تھے جن کے ساتھ1979ء میں دو گرینڈ سلام ومبلڈن اور یوایس اوپن جیتے ۔انکے سمیت وہ مختلف سالوں میں کُل 9 ومبلڈن اور یوایس اوپن ڈبل مقابلے جیتے جن میں سے7 پیڑ فلیمنگ کے ساتھ ہی تھے۔ میکنرو نے اپنا پہلا گرینڈ سلام ٹائٹل یو ایس اوپن1979ء میں جیتا۔اگلے سال ومبلڈن1980ء کا فائنل کھیلا ۔ ٹینس کی تاریخ کے ایک زبردست و یادگار مقابلے کے بعد سویڈن کے بورگ نے 5ویں اور آخری سیٹ میں جان میکنرو کو شکست دے دی۔

میکنروکے کھیل میں اپنے حریف کو ٹف ٹائم دینے کی صلاحیت خوب تھی۔ لہذا میکنرو نے پہلے اُسی سال یوایس اوپن80 ء کے فائنل میں بورگ کو ہرا کر ومبلڈن کے فائنل کا بدلہ لے لیا اوراپنا پہلا گرینڈ سلام بھی جیت لیا۔ پھر ومبلڈن 1981ء کے فائنل میں بھی جان میکنرو نے چوتھے سیٹ میں بورگ کو شکست دے کر پہلا اُنکا لگاتار5بار ومبلڈن فائنل جیتنے کا تسلسل توڑا ۔

دوسرابورگ کا آل انگلینڈ کلب کے لگاتار 41 مقا بلوں میں کامیابی حاصل کرنے کے ریکارڈ کو بریک لگا دی۔تیسرا بورگ کا ولیم رینشاہ کے6مرتبہ ومبلڈن فائنل جیتنے کے ریکارڈ کوبرابر کرنے کا خواب بھی توڑ دیا۔ میکنرو کی پہلی شادی1986ء میں اکیڈمی ایوارڈ یافتہ اداکارہ ٹیٹم اونیل سے ہوئی جو امریکن اداکار ریان اونیل کی بیٹی تھیں۔ اُنکے تین بچے پیدا ہوئے۔

1994ء میں میکنرو اور ٹیٹم کے درمیان طلاق کے بعد بچوں کو مشترکہ تحویل میں دے دیا گیا لیکن 1998ء میں ٹیٹم کو ہیروئن کی عادت کی وجہ سے بچے باقاعدہ میکنرو کی سرپرستی میں دے دیئے گئے۔امریکہ کی ہی ایک گلوکارہ پیٹی اسمتھ کی شادی 1985ء تا 1987 ء گلوکار رچرڈ ہیل سے رہی اور اُس جوڑے کے ہاں ایک بیٹی روبی میئرز پیدا ہوئی۔دونوں میں طلاق کے بعدپیٹی کی1993 ء میں ملاقات جان میکنرو سے ہوئی اور چار سال بعد دونوں نے شادی کر لی۔اب میکنرو اور پیٹی کی دو بیٹیاں ہیں اور پیٹی کی پہلی بیٹی بھی اُنکے ساتھ رہتی ہے۔ "آگے کھیلتے ہیں دیکھتے ہیں اور ملتے ہیں "

مزید مضامین :