”کاکا“نے فیفاپلیئر آف دی ایئر ایوارڈجیت لیا

Kaka Footballer Of The Year

وہ یہ ایوارڈ جیتنے والے 8ویں برازیلین فٹبالر ہیں

جمعرات 20 دسمبر 2007

Kaka Footballer Of The Year
اعجاز وسیم باکھری: فٹبال دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے ۔یہ واحد کھیل ہے جو کراہ ارض میں سب سے زیادہ دیکھا اور کھیلا جاتا ہے اور اس سے زندگی کا ہر طبقہ لطف اندوز ہوتا ہوا نظر آتا ہے یہی وجہ ہے کہ فٹبال کے کھلاڑیوں سے ان ممالک میں بھی بے پناہ محبت کی جاتی جہاں فٹبال کھیلا بھی نہیں جاتا مگر فٹبال کے شہزادوں کے چاہنے والوں کی کثیر تعداد دنیا کے ہر کونے میں موجود ہے۔

فٹبال کا کھیل ایجاد تو برطانیہ میں ہوا مگر اسے عروج برازیل میں حاصل ہوا ۔برازیلین قوم کا یہ محاورا عام ہے ”فٹبال ہمارے خون میں شامل ہے“یہی وجہ ہے کہ برزایل کو فٹبال کا شہنشاہ کہا جاتاہے یہ بات محض کہنے کی حد تک نہیں ہے بلکہ برازیلین کھلاڑیوں نے اپنے ملک کو پانچ بار ورلڈچیمپئن بنواکر یہ ثابت کردیا کہ واقعی فٹبال ان کے خون میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

برازیل کی ٹیم میں ہمیشہ سے دنیا کے بہترین فٹبالر کی ایک کھیپ موجود رہی ہے ماضی میں جہاں پیلے اس ٹیم میں فتح کی ضمانت سمجھے جاتے تھے تو دور حاضر میں بھی اس ٹیم میں موجودکھلاڑی بھی پیلے سے کم نہیں ہے ۔پیلے کے بعد برازیل کے پاس رابرٹوکارلوس ،ریواالڈو، روماریو،رونالڈو ،رونالڈینیو،روبینو اورایڈریانو جیسے سپر سٹار کھلاڑیوں نے برازیل کیلئے بے شمار فتوحات سمیٹیں ۔

ان سپر سٹار میں ایک نام ایسا بھی ہے جو عصر حاضر کا نمبر ون فٹبالر ہے۔جی ہاں یہ ”کاکا“ ہے جو اپنے قدرتی ٹیلنٹ کی بدولت برازیلی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔”کاکا“ برازیلین ٹیم کا اہم کھلاڑی تو ہے ہی مگر اطالوی کلب اے سی میلان کے بارے میں ماہرین کہتے ہیں کہ وہ اے سی میلان کلب چل ہی ”کاکا“کے سرپر رہاہے جہاں ”کاکا“نے اپنی انفرادی کارکردگی کے ذریعے اے سی میلان کوتین بڑے ایونٹ میں فتح دلانے کے ساتھ ساتھ گزشتہ دنوں کلب فٹبال ورلڈکپ میں بھی کامیابی سے ہمکنار کرانے میں اہم کردار ادا کیا ۔

”کاکا“کو سال 2007ء میں اس کی بہترین پرفارمنس پر فیفاپلیئر آف دی ایئر کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے اور اس سے قبل ”کاکا“ یورپئین پلیئر آف دی ائیر کا ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں ۔فیفاپلیئر آف دی ایئر کے ایوارڈ کے حصول کیلئے ”کاکا“کا مقابلہ مانچسٹریونائٹیڈ کے پرتگالی سٹرائیکر کرسٹیانو رونالڈو اور ارجنٹائن کے سپر سٹار میسی کے ساتھ تھا جہاں ”کاکا“ نے 1047ووٹ حاصل کرکے یہ ایوارڈ اپنے نام کیا۔

جبکہ میسی 504ووٹ کے ساتھ دوسرے اور کرسٹیانورونالڈو 426 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔”کاکا“نے اپنے کیرئیر میں کئی یاد گارمیچز میں اپنی کلب ٹیم اے سی میلان اور اپنی نیشنل ٹیم برازیل کو فتوحات سے ہمکنار کرایا۔مانچسٹر کے شائقین شاید ہی اولڈ ٹریفوڈ میں ”کاکا“ کا وہ گول بھلا سکیں گے جب اس نے 20میٹر کے فاصلے سے انتہائی اعصاب شکن لمحوں میں گول داغ کر پورے مانچسٹر کو سکتے میں مبتلا کردیا اور بطور نیشنل کھلاڑی ”کاکا“نے برازیل کوبھی بے شمار فتوحات دلائیں۔

”کاکا“کا تعلق برازیل کی ایک غریب فیملی سے ہے اور متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے کی وجہ سے ”کاکا“نے اپنے کھیل پر خصوصی توجہ دی برازیل میں اگر کوئی شخص دولت مند بننے کا خواب دیکھتا ہے تو اس کیلئے لازمی ہوتاہے کہ وہ فٹبال کے کھیل سے وابستہ ہو کیونکہ برازیل میں فٹبال ہی سب سے بڑی صنعت ہے اس لیے ”کاکا“نے بھی اپنی فیملی کے حالات بدلنے کیلئے فٹبال کے کھیل میں بے پناہ محنت کی اور کم عمری میں خود کو ایک کامیاب فٹبالر کے روپ میں لاکھڑا کیا ۔

”کاکا“ نے اپنے کیرئیر کا پہلا ورلڈکپ اپنے ہوم گراؤنڈز پر کھیلا جس میں برازیل نے فتح حاصل کی اس وقت ”کاکا“ کی عمر بیس برس تھی۔ ”کاکا“نے اطالوی کلب اے سی میلان کو 2003ء میں جوائن کیا جہاں وہ ایک کامیاب فٹبالر بن کرابھرا ۔ایک سال قبل یہ خبریں پھیلی تھیں کہ ”کاکا“نے اسلام قبول کرلیا ہے تاہم اس بات کی اب تک واضح طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

”کاکا“ برازیلین ٹیم میں سنٹر فارورڈ کھیلتے ہیں لیکن میچ کے آخری لمحات میں وہ گیند کے ساتھ ساتھ نظر آتے ہیں ۔ ”کاکا“ فیفاپلیئر آف دی ائیر ایوارڈجیتنے والے 8ویں برازیلی کھلاڑی ہیں ۔ فیفا فٹبال پلیئر آف دی ائیر کے ایوارڈ کا اجرا 1991میں ہوا۔سب سے پہلے ونر کا اعزاز جرمنی لیدر میتھیوز کو حاصل ہے ۔اب تک7ممالک کے 12کھلاڑیوں کو 17بار یہ اعزاز دیا گیا ہے ان میں سابق فرنچ قائد زین الدین زیدان اوربرازیلین سٹار رونالڈو دو اولین کھلاڑی ہیں جو یہ اعزاز ریکارڈ تین تین بار جیت چکے ہیں۔ جبکہ رونالڈنیو یہ اعزاز دوبار جیتے میں کامیاب رہے۔زیدان واحدکھلاڑی ہیں جو تین بار ونر رہنے کے علاوہ ایک بار دوسری اور د و بار تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

مزید مضامین :