مارٹینا ناوراتیلووا۔۔نامورچیک امریکن ٹینس چیمپئن

Martina Navratilova

مارٹینا نے1983ء تا1984ء لگاتار 6 گرینڈ سلام جیتے،اُنھوں نے کُل32 گرینڈ سلامز فائنلزمیں سے18 میں فتح کا جھنڈا گاڑا ، 31 ڈبلز گرینڈ سلام ٹائٹلز اور10 مکسڈ ڈبلز گرینڈ سلام چیمپئن شپز اپنے نام کیں

Arif Jameel عارف‌جمیل جمعرات 25 مئی 2023

Martina Navratilova
مارٹینا ناوراتیلووا 18ِ اکتوبر 1956ء کو پراگ، چیکوسلواکیہ میں پیدا ہوئیں۔ابھی 3سال کی تھیں تو اُنکے والدین میرک سبرٹ اور جانا سبرٹ کے درمیان علحیدگی ہو گئی۔اُس وقت مارٹینا کی ایک بہن والدہ کے ہی ہم نام "جانا"تھی۔مارٹینا کی نانی ٹینس کھلاڑی رہ چکی تھیں۔ والدہ خود ماہر ِجمناسٹک اور ٹینس کھلاڑی تھیں ۔لہذا مارٹینا نے بھی جلد ہی بچوں کا ریکٹ گُھمانا شروع کر دیا ۔

یہاں یہ دِلچسپ رہا کہ 1962ء میں جب مارٹینا کی والدہ نے میراسلاو ناورٹیل سے دوسری شادی کی تو اُسکا بھی ایک بیٹاتھا لیکن اُس نے مارٹینا کے کھیل پر خصوصی توجہ دی اور بحیثیت پہلا کوچ بائیں ہاتھ سے ریکٹ پکڑ کر کھیلنے والی بچی کو مختلف انداز میں شارٹس لگانا سکھائیں۔ مارٹینا نے 9سال کی عمر میں چیک چیمپیئن جارج پرما سے ٹینس کی تربیت لینا شروع کر دی۔

(جاری ہے)

یہ وہی عمر تھی جب مارٹینا کے والد میرک جو" اسکی" کھیل کے ایک پیشہ ور انسٹرکٹر تھے نے خودکشی کر لی جو بچی کے ذہین پر کا فی شدید اثر چھوڑ گئی۔ لیکن وقت کے اس جھونکے سے بچی کو کھیل میں دِلچسپی نے نکال دیا اوراُنھوں نے اپنی پہلی قومی سطح کی چیمپئن شپ (چیکوسلوواکین) جیتی جب وہ صرف 15 سال کی تھیں۔ سولہ سال کی عمر میں اورلینڈو، فلوریڈا میں بطور پروفیشنل سنگلز کا پہلا ٹائٹل جیتا۔

1975 ء میں پیشہ وارانہ ٹینس کھیل میں قدم رکھ دیا۔ مارٹینا 1975ء میں پہلی دفعہ دوگرینڈ سلام آسٹریلین اوپن اور فرنچ اوپن سنگلز کے فائنلز میں پہنچنے میں کامیاب ہو گئیں لیکن دونوں میں بالترتیب ایون گولا گونگ اور کرس ایورٹ لائیڈ سے شکست کھا گئیں۔امریکن کرس ایورٹ لائیڈ اپنے کھیل ، خوبصورتی اور ٹینس فیشن کی وجہ سے مداحوں میں مقبول تھیں اور گرینڈ سلامزمیں شاندار کا رکردگی دِکھا رہی تھیں۔

لیکن مارٹینا نے اپنے ٹینس کیرئیر کا پہلا اور دوسرا گرینڈ سلام فائنلز ومبلڈن1978 ء اور1979 ء کرس ایورٹ کو ہی شکست دے کر جیتا۔بلکہ مارٹینا کا کرس ایورٹ سے سامنا 14 گرینڈ سلام فائنلز میں رہا جن میں سے10 میں مارٹینا نے کرس ایورٹ کو شکست دی۔ جسکی وجہ سے وہ شہرت کے عروج پر پہنچ گئیں۔ ایک وقت آیا جب کرس ایورٹ کھیل سے الگ ہو گئیں تو مارٹینا پھر بھی مکمل طور پر تازہ دم نظر آئیں اپنے جسم کی پُھرتی ، ریکٹ سے تیز شارٹس ، بہترین سروس اور بیک ہینڈ کی شارٹ ایک ہاتھ سے لگانے کی بنا پر۔

لہذا 1987ء تا 1989ء مارٹینا کا مختلف گرینڈ سلامز میں نیا جوڑ اُس نوجوان لڑکی سے پڑا جو ٹینس کی دُنیا میں آگے چل کا نیا ریکارڈ بنا نے والی تھی " سٹیفی گراف" ۔ مارٹینا کیلئے تھکا دینے والے کھیل میں عمر کے بڑے فرق کے باوجود سٹیفی گراف سے 6 میں سے 2گرینڈ سلام فائنلز جیت جانا بہت بڑی بات تھی۔ مارٹینا نے اپنا آخری سنگلز گرینڈ سلام ومبلڈن 90ء جیتا۔

ڈبل مقابلے میں بھی کامیابی اُسی سال یو ایس اوپن میں حاصل کی۔لیکن مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں وہ 2003ء میں پہلی مرتبہ آسٹریلین اوپن جیت پائیں اور اُسی سال چوتھی بار ومبلڈن ٹائٹل بھی جیت لیا۔یہی نہیں 49 سال کی عمر میں اپنے ساتھی باب برائن کے ساتھ 2006 ء میں آخری مرتبہ یو ایس اوپن مکسڈ ڈبلز میں بھی فتح حاصل کر کے اپنے ٹینس کیرئیر سے ریٹائر منٹ کا اعلان کر دیا۔

مارٹینا نے1983ء تا1984ء لگاتار 6گرینڈ سلام جیتے۔اُنھوں نے کُل32 بار گرینڈ سلامز کے فائنلزتک رسائی حاصل کی جن میں سے18 میں فتح کا جھنڈا گاڑا اور14میں شکست ہوئی۔اسکے علاوہ 31 ڈبلز گرینڈ سلام ٹائٹلز اور10 مکسڈ ڈبلز گرینڈ سلام چیمپئین شپز اپنے نام کیں ۔ایک مدت تک خواتین کی ٹینس رینکنگ میں نمبر1 رہنے والی چیک کی مارٹینا ناوراتیلووا نے بعدازاں امریکن قومیت بھی حاصل کر لی اور چیک امریکن ٹینس کھلاڑی کہلانے لگیں۔ گرینڈ سلامز کے علاوہ اُنھوں نے دوسرے بے شمار ورلڈ کلاس ٹینس ٹورنامنٹس میں اپنی بہترین کارکردگی دِکھائی اور اعزازت و ایوارڈز جیتے ۔ "آگے کھیلتے ہیں دیکھتے ہیں اور ملتے ہیں "

مزید مضامین :