نیوزی لینڈ کے ہاتھوں انگلینڈ کو بدترین شکست

New Zealand K Hathoon England Ko Badtareen Shikast

ساؤتھی کی تباہ کن باؤلنگ، میک کالم کا لاٹھی چارج

Ejaz Wasim Bakhri اعجاز وسیم باکھری ہفتہ 21 فروری 2015

New Zealand K Hathoon England Ko Badtareen Shikast

 آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 9ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو روندتے ہوئے 8 وکٹوں سے بآسانی کامیابی حاصل کرکے کوارٹرفائنل کیلئے اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی۔ گزشتہ روز الصبح کھیلا گیا یہ میچ دونوں اننگز ملاکر بھی پچاس اوور تک جاری نہیں رہا ، اس یکطرفہ میچ میں انگلش ٹیم 123کے قلیل سکورپر آؤٹ ہوگئی جو ایک ایک طرح کی تباہی ہی تھی لیکن جواب میں کیویز کپتان برینڈن میک کالم نے جس ظالمانہ انداز میں انگلش باؤلرز کی دھنائی ہوئی اُس سے یہ محدود سکور کا میچ بڑا میچ بن گیا۔ نیوزی لینڈ نے ورلڈکپ کے پہلے ہفتے میں تین میچز کھیلے اور تمام میں کامیابی حاصل کی، کیویز ٹیم نے تینوں میچز اپنی سرزمین پر کھیلے اور سامنے آنیوالی ہر ٹیم کے ساتھ برا سلوک کیا، کرکٹ کے بڑے برطانیہ کے ساتھ کیویز نے جوسلوک کیا وہ اب تاریخ میں یاد رکھا جائے، باؤلنگ میں ساؤتھی نے کیویز بیٹنگ لائن اپ کو ادھیڑ کر رکھ دیا، 103پر انگلینڈ کے صرف 2 آؤٹ تھے اور 21رنز میں پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

(جاری ہے)

ویلنگٹن کے ویسٹ پیک سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے 124 رنز کا آسان ہدف 13ویں اوور میں ہی 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، ہدف کے تعاقب میں کیوی اوپنر اور کپتان برینڈن میک کولم نے اننگز کے آغاز ہی سے انگلینڈ کے بولرز پر زبردست لاٹھی جارچ کیا اور برق رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 18 گیندوں میں ورلڈ کپ کی تاریخ کی پہلی اور مجموعی طور پر ایک روزہ میچوں کی تیسری تیز ترین نصف سنچری مکمل کی جب کہ میک کولم کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے 7ویں اوور میں 100 رنز مکمل کرلئے تاہم میک کولم 105 کے مجموعے پر 77 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کرس ووکس کی گیند پر بولڈ ہوئے۔اس میچ میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں نے اچھے برے ریکارڈز بنا لئے۔ برینڈن میکولم نے دھواں دھار اننگز کھیلتے ہوئے 18 گیندوں پر نصف سنچری بنائی۔ وہ 25 گیندوں پر 7 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 77 رنزکے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ، میکولم اس سے پہلے ورلڈ کپ 2007 میں کینیڈا کے خلاف 20 گیندوں پر یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔ انگلش ٹیم نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 123 رنز پر رسوا ہوئی جو میگا ایونٹ کی تاریخ میں اس کا تیسرا کم ترین ٹوٹل ہے۔ اس سے پہلے انگلش ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 93 جبکہ جنوبی افریقہ کے خلاف 103 رنز پر ڈھیر ہوچکی ہے ، نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ہدف کے تیز ترین تعاقب کا بھی ریکارڈ بنا ڈالا۔ کیویز نے 124 رنز کا ہدف کم ترین دورانیہ یعنی 12 اعشاریہ دو اوورز میں دو وکٹوں پر حاصل کیا۔ اسی میچ میں نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر ٹم ساوٴتھی نے انگلش ٹیم کی کمر توڑ کر رکھ دی ، ساوٴتھی نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے ون ڈے کیریئر کی بیسٹ پرفارمنس دکھائی اور 33 رنز دیکر 7 شکار کئے ، میگا ایونٹ کی تاریخ میں ٹم ساوٴتھی سات کھلاڑی پویلین بھیجنے والے تیسرے جبکہ پہلے کیوی باؤلر بھی بن گئے ہیں۔ ورلڈ کپ 2003 میں آسٹریلیا کے گلین میک گرا 15 رنز کے بدلے 7 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔اس شکست سے انگلش ٹیم کے ورلڈکپ سفر کو بڑا دھچکا لگا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کی باؤلنگ اور بیٹنگ کارکردگی سے میزبان ٹیم کو مزید خطرناک اور میگاایونٹ کیلئے فیورٹ بنادیا ہے۔

مزید مضامین :