پاکستان کی افغانستان ۔۔۔ انگلینڈ کی انڈیا سے جیت

Pakistan Ki Afghanistan - - - - England Ki India Se Jeet

کیا میزبان ملک انگلینڈ 3جولائی کو نیوزی لینڈ کو ہرا دے گا ؟کیا پاکستان5جولائی کوبنگلہ دیش کو ہرا دے گا؟اگر انگلینڈ ہار جائے اور پاکستان جیت جائے تو پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ جائے گااریف

Arif Jameel عارف‌جمیل پیر 1 جولائی 2019

Pakistan Ki Afghanistan - - - - England Ki India Se Jeet
آئی سی سی عالمی کرکٹ کپ 2019ء کے ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کیلئے اپنے راستے کی ایک اور دیوار گرا دی لیکن دوسری طرف انگلینڈ نے اس ٹورنامنٹ میں 6میچوں تک ناقابل ِشکست انڈیا کو ہرا کر پاکستان کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کیلئے مشکل پیدا کر دی ۔


عالمی کپ کے سیمی فائنل کی طرف دوڑ:
کیا میزبان ملک انگلینڈ 3جولائی کو نیوزی لینڈ کو ہرا دے گا ؟کیا پاکستان5جولائی کوبنگلہ دیش کو ہرا دے گا؟اگر انگلینڈ ہار جائے اور پاکستان جیت جائے تو پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔ اگر انگلینڈ جیت جائے اور پاکستان بھی جیت جائے تو نیوزی لینڈ کی اوسط کامقابلہ پاکستان کے ساتھ ہو گااور وہاں پاکستان یقینی مشکل کا شکار ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

کچھ اسطرح ہی کی صورت ِحال بنگلہ دیش کے سامنے ہے۔
پاکستان کا افغانستان: کے ساتھ راؤنڈ کا میچ پاکستان جیت تو لیا لیکن پاکستان کے ابتدائی بلے باز جیسے غیر ضروری شارٹس کھیلتے ہو ئے آؤٹ ہو ئے اسکی گنجائش بنگلہ دیش اور اگلے کسی بھی مرحلے میں پہنچنے پر نہیں ۔اوپنر فخر زمان ابھی تک بالکل ناکام ۔حیران کُن یہ رہا کہ عابد علی کو متبادل اوپنر رکھنے کی بجائے کیوں واپس بھیج دیا گیا اور محمد آصف کوٹیم میں کیا کردار سمجھ کر شامل کیا گیا؟
انگلینڈ انڈیا :کے درمیان میچ میں انڈیا کے کھلاڑیوں کی باڈی لینگویج میچ جیتنے کیلئے بالکل نہیں تھی۔

باؤلنگ کے دوران فُل ٹاس گیندیں اور بیٹنگ کے دوران شارٹ لگانے والی گیند کو روکنا بہت سے سوال پیدا کر گئیں اور انگلینڈ کیلئے فتح کا راستہ ہموار بھی۔وقت ہر سوال کا جواب بن جا تا ہے ۔ابھی ٹورنامنٹ جاری ہے۔
اہم خبریں:
﴾ پاکستان افغانستا ن کے میچ کے دوران اور پاکستان کی جیت کے بعد جو رویہ افغانی شائقین کا دیکھنے میں آیا پاکستانی شائقین پر
تشدد کا اس پر پو ری پاکستانی قوم نے افسوس کا اظہار کیا اور احتجاج بھی۔


﴾ دوسری طرف انڈیا نے پاکستان اور افغانستان کے میچ کو سیاست سے آلودہ کر دیا۔ اس میچ کے دوران ہی انگلینڈ کے
گراؤنڈ کے اوپر جہاز کی پرواز اور جہاز کے پیچھے پاکستان مخالف جملے فضاء میں بینر پر لہرائے گئے۔جسکی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی۔
جس میں پاکستان کی سا لمیت کو للکارا گیا ۔ سوال یہ ہے کہ انگلینڈ میں اسطرح کی اجازت کس طرح ملی۔

کیسے؟؟؟
﴾آئی سی سی نے نوٹس لے لیا ہے اور پاکستان نے سفارتی سطح پر بھی مسئلے کو اُٹھانے کا اعلان کر دیا ۔
﴾کھیل کے میدان میں جنگی نفرت نامنظور۔
﴾ عماد وسیم کی افغانستان کے خلاف میچ میں جیت کی اننگز عالمی کپ کی تاریخ میں یادگار لمحات بن گئے۔
﴾ بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری کو کیر ئیر کی بہترین اننگز قرار دے دیا۔


﴾ دلیری سے کھیلیں شاہین ورلڈ کپ میں فاتح بن سکتے ہیں۔ افغانستان سے میچ ایک روز پہلے پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر
کا کھلاڑیوں سے جذباتی خطاب
﴾ سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے میچ کے دوران شہید کی مکھیوں کا حملہ۔میدان میں موجود کھلاڑی اور اَمپائرز میدان میں لیٹ گئے۔
﴾ نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر ٹرینٹ بولٹ نے آخری اوور میں آسٹریلیاکے لگاتار 3کھلاڑی آؤٹ کر کے ہیٹرک کی۔


﴾ عالمی کپ میں 38 میچوں کے بعد بیٹنگ میں ٹاپ: آسٹریلیا کے ڈیویڈ وارنر516رنز کے ساتھ
﴾ باؤلنگ میں ٹاپ: آسٹریلیا کے ہی مچل اسٹارک24وکٹوں کے ساتھ
﴾عالمی کپ2019ء میں38میچوں کے بعد کوئی بھی ٹیم ناقابل ِشکست نہیں رہی۔
﴾پاکستان ایک روزہ انٹرنیشنل کرکٹ میچوں کی رینکنگ میں 6 ویں پوزیشن پر برقرار۔
عالمی کپ کے34تا38میچوں کے متعلق مختصر:
ایک روزہ انٹرنیشنل عالمی کرکٹ کپ2019ء کاراؤنڈ کا 34واں میچ انڈیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہوا اور موجودہ عالمی کپ میں حسب معمول کاکردگی دکھاتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ایسا لگتا ہے ویسٹ انڈیزنے صرف پاکستان کو شکست دینی تھی۔ انڈیا نے ٹاس جیتا بیٹنگ کی اور50اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر268رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔کرکٹ کے مداحوں کا خیال تھا کہ یہ ہدف ویسٹ انڈیز حاصل کر سکتا ہے اور انڈیا کو ٹورنامنٹ میں پہلی شکست ہو سکتی ہے لیکن 34.2اوورز میں ویسٹ انڈیز کی آل ٹیم نے آؤٹ ہو کر خواب توڑ دیا۔ خبر تھی: انڈیا کے ہاتھوں ویسٹ انڈیز آؤٹ کلاس 125رنز سے شکست۔


سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان35واں میچ 28ِجون کو کھیلا گیا۔ عالمی کپ میں یہ میچ سری لنکا کیلئے سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے اہم اور جنوبی افریقہ کا سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو جانے کے باوجود اپنی بین الااقوامی ساخت قائم رکھنے کیلئے اہم تھا۔میچ جنوبی افریقہ کی جیت پر ختم ہوا۔اُسکی ساخت قائم رہ گئی اور سری لنکا سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گیا۔

سری لنکا کے بلے باز بیٹنگ کے دوران غلط شارٹس کا انتخاب کرکے آؤٹ ہو تے رہے اور جنوبی افریقہ کہ لیئے میچ پر گرفت آسان ہو تی چلی گئی اور پھر 9وکٹوں سے میچ جیت لیا۔اس عالمی کپ میں یہ جنوبی افریقہ کی دوسری فتح تھی جو اُس نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کر کے حاصل کی۔سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے 49.3اوورز میں آل آؤٹ پر 203رنز بنائے تھے۔جنوبی افریقہ نے یہ ہدف37.2اوورز 1 کھلاڑی آؤٹ پر حاصل کر لیا۔

کپتان ڈوپلیسی نے96اورہاشم آملہ نے80رنز بنا ئے اور دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔
جون 29ِ کو عالمی کپ کے راؤنڈ کے 2اہم میچ ہوئے 36اور37واں ۔ پہلا پاکستان بمقابلہ افغانستان اور دوسرا نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا۔
پاکستان بمقابلہ افغانستان کے میچ میں ٹاس افغانستان نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان نے مقررہ 50اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 227رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی نے4کھلاڑی آؤٹ کیئے۔شائقین ِپاکستان یہ ہدف آسان سمجھ رہے تھے لیکن جب پاکستان کے ابتدائی بلے باز غلط شارٹس کھیلتے ہوئے آؤٹ ہونا شروع ہو گئے تو پاکستان کیلئے میچ جیتنا مشکل ہو گیا۔خصوصاً 156رنز پر جب 6ویں وکٹ پاکستانی کپتان سرفراز احمد کی رن آؤٹ ہو نے کی وجہ سے گری۔ حالانکہ اس سے پہلے اُنکا ایک کیچ بھی باؤلر سے ڈراپ ہوا تھا۔

7ویں وکٹ شاداب خان کی بھی رن آؤٹ ہو نے کی وجہ سے گری اور پھر واہ! عماد وسیم کیا ذمہدارانہ بیٹنگ کی اور میچ سنسنی خیز بنا کر آخری اوور کی چوتھی گیند پر زوردار چوکا لگا کر 3وکٹوں سے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کروا دیا۔ساتھ دیا وہاب ریاض نے ۔دونوں نے بالترتیب49اور15رنز بنائے۔
دفاعی چیمپئین آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کی لیکن نیوزی لینڈ کی باؤلنگ اٹیک کے سامنے جم نہ سکے اور 5بلے باز 92کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے ۔

پھر عمران خواجہ اور ایلکس کرے بالترتیب 88اور71رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور آسٹریلیا 50اوورز میں9وکٹوں کے نقصان پر243رنز بنانے میں کامیاب ہو گیا۔لیکن یہاں ایک بڑی کامیابی نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر ٹرینٹ بولٹ کو اُس وقت حاصل ہو ئی جب اُس نے آخری اوور میں آسٹریلیاکے لگاتار 3کھلاڑی آؤٹ کر کے ہیٹرک کر لی ۔عالمی کپ2019ء کی یہ دوسری ہیٹرک تھی اس سے پہلے انڈیا کے محمد شامی بھی آخری اوور میں افغانستان کے خلاف ہیٹرک کر چکے تھے۔

اب ہدف تھا اور نیوزی لینڈ کی بیٹنگ جو آسٹریلیا کے باؤلرز کی گیندوں کا شکار ہو تی چلی گئی اور ایک ایک کر بلے باز پولین لوٹتے رہے اور 43.4اوورز میں 157کے مجموعی اسکور پر آل ٹیم آؤٹ ہو گئی۔آسٹریلیا نے یہ میچ86 رنز کے ساتھ با آسانی جیت لیا۔
عالمی کرکٹ کپ کے راؤنڈ کے آخری میچوں میں سے38واں اہم میچ انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان30ِجون کو ہوا۔

ٹاس انگلینڈ نے جیتا اور انڈیا کے باؤلروں کی پٹائی کر ڈالی۔مقررہ 50اوورز میں7کھلاڑی آؤٹ پر 337رنز بنا ڈالے۔ جس میں جونی بیئر سٹو کی 111رنز کی سنچری اننگز شامل تھی۔بین اسٹوکس نے بھی شاندار79رنز بنائے۔انڈیا کے باؤلر میں محمد شامی ایک دفعہ پھر کامیاب رہے اور5کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ہدف حاصل کرنے کیلئے انڈیا کے روہت شرما نے سنچری بنائی لیکن مقررہ اوورز میں 5کھلاڑی آؤٹ پر 306رنز بنا سکے اور انگلینڈ نے31رنز سے میچ جیت کر اپنے8ویں میچ میں10پوائنٹس کر لیئے۔

میزبان انگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے ایک میچ دُور۔
اس مضمون کے شائع ہونے تک ٹورنامنٹ کا اگلا 39واں میچ یکم جولائی 2019ء کوسری لنکااور ویسٹ انڈیزکے درمیان کھیلا جائے گا ۔
"آگے کھیلتے ہیں دیکھتے ہیں اور ملتے ہیں "۔

مزید مضامین :