”پاکستان میں کرکٹ کی رونقیں لوٹ آئیں“

Pakistan Main Cricket Ki Roonqain Loot Ayeen - 1st Odi

سری لنکا اور پاکستان کے مابین پہلا ون ڈے معرکہ آج کراچی میں ہوگا میزبان ٹیم کو اعداد وشمار میں واضح برتری ،111ون ڈے میچز میں سے پاکستان نے 67جبکہ سری لنکا 40میں کامیابی حاصل کی

منگل 20 جنوری 2009

Pakistan Main Cricket Ki Roonqain Loot Ayeen - 1st Odi
اعجازو سیم باکھری : بالآخر انتظار کی گھڑیاں کی ختم ہوئیں اور پاکستان میں کرکٹ کی رونقیں دوبارہ لوٹ آئیں۔آج قومی ٹیم سری لنکا کے خلاف کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں پہلے ایک روزہ میچ کیلئے میدان میں اتر رہی ہے۔6ماہ کے عرصے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان میں بین الاقومی کرکٹ میچ کھیلا جارہا ہے،آخری بار کراچی ہی میں ایشیا کپ منعقدہوا لیکن بدقسمتی سے چیمپئنزٹرافی کی میزبانی پاکستان پر چھین لی گئی اور بھارتی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کردیا جس سے پاکستانی میدان ویران ہوگئے تھے تاہم پی سی بی کے عہدیداروں کی محنت رنگ لائی اور انتہائی مشکل حالات میں سری لنکن ٹیم نے دورہ پاکستان کی حامی بھرلی اور غیر یقینی طور پر مہمان ٹیم نے بلاجھجک کراچی پہنچ کر پاکستانی شائقین کرکٹ کو حیران کن خوشی میں مبتلاکردیا۔

(جاری ہے)

سری لنکن ٹیم اپنے دورہ کے دوران صرف سات دن پاکستان میں رہے گی ،مہمان 18جنوری کو کراچی پہنچی ،آج پہلا ایک روزہ ون ڈے میچ کھیلا جارہاہے اور کل دوسرا ون ڈے میچ بھی کراچی میں کھیلا جائیگا جبکہ 22جنوری کو دونوں ٹیمیں لاہور پہنچیں گی اور سیریز کا تیسرا اور آخری معرکہ 24جنوری ہفتے کے روز لاہور میں ہوگا۔ون ڈے سیریز کھیلنے کے بعد سری لنکن ٹیم بھارت روانہ ہوجائے گی جہاں وہ پانچ ون ڈے میچز کے ساتھ ساتھ ایک ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلنے کے بعد دوبارہ پاکستان لوٹ آئے گی جہاں 22فروری کو کراچی میں پہلا اور 2مارچ کو قذافی سٹیڈیم میں دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلا جائیگا۔

سری لنکا اور پاکستان کے مابین کرکٹ مقابلوں کا آغاز 80ء کی دہائی میں ہوا اور اگر ماضی میں ہوئے میچزپرنگاہ ڈالی جائے تو اعدادوشمارکے لحاظ سے پاکستان کو سری لنکا پر واضح برتری حاصل ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان کھیلے گئے 111ون ڈے میچزمیں سے اب تک پاکستان نے 67 میچ اپنے نام کئے اور40 میں سری لنکا نے کامیابی سمیٹی۔پاکستان ہوم گراوٴنڈ پر25 میچز میں سری لنکا کے خلاف کھیلا جس میں15 میں کامیاب رہا اور 10 میچز میں ہار اس کا مقدر بنی۔

عمران خان سری لنکاکیخلاف پاکستان کے کامیاب ترین کپتان رہے ہیں،ان کی زیرقیادت پاکستان ٹیم نے سری لنکاکے خلاف26میں سے 21 میچز جیتے ۔حالیہ کپتان شعیب ملک نے سری لنکا کے خلاف 4 میچز میں قیادت کی ،جس میں سے 2 میچز میں کامیاب جبکہ 2 میچ میں ناکام رہے ۔محمدیوسف کی129رنزکی اننگزسری لنکاکے خلاف کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کااننگزمیں سب سے بڑاسکورہے ۔

سری لنکاکیخلاف پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ میچزانضمام الحق نے کھیلے ہیں جبکہ سب سے زیادہ رنزبھی انضمام نے سکورکیے ،انہوں نے ایشین چیمپئن کے خلاف63 میچز میں2265 رنز سکور کیے ۔سٹار آل راؤنڈرشاہد آفریدی نے ریکارڈ37گیندوں پرسنچری بھی سری لنکاکے خلاف ہی بنائی ۔سری لنکاکے خلاف میچ میں سب سے بہترین بولنگ کااعزازسابق قومی کپتان وقاریونس کوحاصل ہے ،انہوں نے ایک میچ 6 وکٹس حاصل کیں جبکہ وسیم اکرم59 میچز میں92 وکٹس حاصل کرکے سری لنکا کے خلاف پاکستان کے سب سے کامیاب بولررہے ہیں۔

پاکستان کے خلاف سری لنکاکی سب سے بڑی انفرادی اننگز134رنزجے سوریاکے نام ہے جبکہ پاکستان کے خلاف سب سے بہترین بولنگ کااعزازبھی جے سوریاکے نام ہے ،وہ پاکستان کے خلاف75میچز میں2354 رنز بناکرسری لنکن بیٹسمینوں میں سرفہرست ہیں ،سری لنکاکی طرف سے پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ وکٹیں مرلی دھرن نے حاصل کی ہیں وہ پاکستان کے خلاف 57 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

سری لنکا کے عالمی شہرت یافتہ آف سپنر مرلی دھرن ٹیسٹ کرکٹ کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی سب سے زیادہ وکٹوں کے عالمی ریکارڈ کے قریب ہیں۔ پاکستان کے خلاف سیریز میں وسیم اکرم کا عالمی ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔ انہیں ون ڈے کرکٹ میں وسیم اکرم کا عالمی ریکارڈ توڑنے کے لئے 9 وکٹوں کی ضرورت ہے ۔ وسیم اکرم نے 356 ون ڈے انٹرنیشنل میں 502 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا ہے ۔

مرلی دھرن نے 321 ون ڈے میچوں میں 494 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ مرلی دھرن پاکستان کے خلاف تین و ن ڈے میچز میں عمدہ کھیل پیش کرکے وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑسکتے ہیں اور مرلی دھرن کی کوشش بھی یہی ہے کہ وہ یہ اعزاز حاصل کریں ۔پاکستان 36 سالہ مرلی دھرن نے ٹیسٹ کرکٹ میں 769 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ کیلئے سری لنکن ٹیم کا اس مسائل زدہ ملک کا دورہ کرنا کسی خوشخبری اور خوش قسمتی سے کم نہیں ہے کیونکہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس دورہ کے منسوخی کیلئے سرتوڑ کوششیں کیں لیکن انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔

جہاں پاکستان کرکٹ کیلئے یہ دورہ خوشیاں لایا ہے وہیں فاسٹ باؤلر شعیب اختر اور کپتان شعیب ملک سمیت کوچ انتخاب عالم اور چیف سلیکٹرعبدالقادر کیلئے یہ سیریز کسی چیلنج سے کم نہیں ۔شعیب اختر ڈیڑھ برس بعد پہلی بار ون ڈے میچ میں جلوہ گرہورہے ہیں جبکہ کپتان شعیب ملک کو کرکٹ بورڈ نے سیریز ٹو سیریز کپتان مقرر کررکھا ہے خدانخواستہ اس سیریز میں شعیب ملک کی ٹیم بری طرح پٹ گئی تو سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے آل راؤنڈ ر کیلئے قیادت برقرار رکھنا مشکل ہوجائیگا۔

کوچ انتخاب عالم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی ٹیم کو تین صفر کی کامیابی دلائی تاہم سری لنکا جیسی عالمی کپ کی رنراپ اور ایشین چیمپئن سائیڈ کیخلاف وائٹ واش کرنا انتخاب عالم اور ان کی ٹیم کیلئے کسی چیلنج سے کم نہیں۔چیف سلیکٹرعبدالقادر کی بطور چیف سلیکٹر یہ پہلی سیریز ہے لہذا وہ مستقبل قریب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے کتنامفید ثابت ہونگے یہ فیصلہ بھی اسی سیریز میں ہوگا۔

مزید مضامین :