عالمی کپ2019ء :

Pakistan Ne Semifinal Tak Pohanchane K Liye Pehli Dewaar Gira Di

پاکستان نے سیمی فائنل تک پہنچنے کیلئے پہلی دیوار گرا دی

Arif Jameel عارف‌جمیل پیر 24 جون 2019

Pakistan Ne Semifinal Tak Pohanchane K Liye Pehli Dewaar Gira Di
پاکستان نے ایک میچ میں جیت ،3میچوں میں شکست اور ایک میچ میں بارش کی وجہ سے ایک پوائنٹ حاصل کرنے کے بعد 6ویں کرکٹ میچ میں جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے پہلی دیوار گرا ہی نہیں دی بلکہ جنوبی افریقہ کو بھی ٹورنامنٹ سے آؤٹ کر دیا ۔پاکستان کے ابھی راؤنڈ کے 3میچ باقی ہیں جن میں سے اگلا سب سے اہم نیوزی لینڈ کے ساتھ ہے جو 6میچ کھیل کر ابھی تک ناقابل ِشکست ہے۔

اسکے بعد افغانستان اور آخری میچ بنگلہ دیش کی ٹیم کے ساتھ ہے۔ لہذا پاکستان کی ایک بھی شکست پاکستان کیلئے آؤٹ اور تمام میں کامیابی پر بھی پوائنٹ 11ہوں گے تو پھر سیمی فائنل میں کیسے؟
انگلینڈ ، سری لنکا اور بنگلہ دیش بالترتیب2 اور ایک ایک میچ ہار جائیں تو پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کا مقابلہ ابھی انڈیا اور آسٹریلیا سے ہے اور بس یہی ایک اُمید ہے۔


دوسری طرف پاکستان نے جنوبی افریقہ سے میچ تو جیت لیا۔لیکن فیلڈنگ کا معیار کیچ چھوڑنے کی وجہ سے انتہائی مایوس کن تھا۔وہاب ریاض، محمد عامر اور کپتان سرفراز احمد نے ہاتھوں سے یقینی کیچ چھوڑ کر سب کو حیران کر دیا کہ کیا میگا ایونٹ کی ٹیم کا یہ معیار ہوتا ہے یا میچ کا دباؤ برداشت نہیں کر پا رہے تھے۔بعض مبصر پاکستان کی اس کامیابی پر خوش نہیں تھے کیونکہ اُنکے مطابق جنوبی افریقہ کی کمزور باؤلنگ اور فیلڈنگ نے پاکستان کے بلے بازوں کو اتنا اسکور کرنے دیا حالانکہ اس کے متبادل پاکستان کی باؤلنگ و فیلڈنگ کا کونسا ایسا اچھا معیار تھا کہ جنوبی افریقہ ہا ر گیا۔

دونوں میں فرق دباؤا ور دوسرا حارث سہیل کی اعلیٰ ترین بیٹنگ کا تھا۔
میچ کے اہم لمحات:
پاکستان کا ٹاس جیت کا بیٹنگ کرنا
پاکستان فوج کے چیف آف دی آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے میچ دیکھا۔
پاکستان نے ٹیم میں دو تبدیلیا ں کیں۔ شعیب ملک اور حسن علی کی جگہ حارث سہیل اور شاہین آفریدی کو شامل کیا گیا۔


لیگ سپین شاداب خان نے ایک روزہ میچوں میں اپنی50وکٹیں مکمل کر لیں۔
اس میچ کے بعد پاکستان کے پوائنٹ5اور اوسط-1.265ہے۔پوائنٹ ٹیبل پر 7واں نمبر۔
عالمی کپ ایک روزہ میں انڈیا نے 50 فتوحات کر لیں اس سے پہلے آسٹریلیا کی 67اور نیوزی لینڈ 53کے ساتھ دوسرے نمبر پر۔
پاکستان کو سرفراز سے پیار ہے : سماجی میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ رہا۔
لارڈز میں محمد عامر کا میچ فکسنگ اسکنڈل سامنے آیا تھا لیکن جب ہاشم آملہ کو آؤٹ کیا تو وہاں سے عامر عامر کی صدائیں آئیں۔


عالمی کپ2019ء کے 23تا30 میچوں کا مختصر حال:
اگلامیچ 23 واں بنگلہ دیش و ویسٹ انڈیز کے درمیان 17جون کو کھیلا گیا۔ جس میں بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کی طرف سے دیئے گئے ہوئے ہدف 321رنزکو 3وکٹوں پر41.3اوورز میں حاصل کر کے شاندار جیت کا جھنڈا گاڑا۔جس میں اُنکے اہم بلے باز شکیب الحسن کی سنچر ی اہم رہی۔
انگلینڈ کے بلے باز اوئن مورگن نے 18 جون کو عالمی کپ کے24ویں میچ میں افغانستان کے خلاف 71گیندوں پر 17چھکے4چوکے لگا کر 148رنز کی انفرادی اننگز کھیلی جس میں ایک روزہ میچ میں 17چھکے عالمی ریکادڑ بن گیا۔

بعدازاں انگلینڈ نے50اوورز میں 6بلے کھلاڑی آؤٹ ہونے پر 397رنز بنائے اور جواب میں افغانستان مقررہ اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 247رنز بنا کر انگلینڈ سے150رنز سے ہا ر گیا۔
جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ 25ویں میچ میں 19ِجون کو ایک دوسرے کے مد ِمقابل ہوئے اور جنوبی افریقہ کو ایک دفعہ پھر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میچ میں بارش کی وجہ سے اوورز کم کرنا پڑے۔

لہذا جنوبی افریقہ نے پہلے کھیلتے ہوئے 49اوورز میں6کھلاڑی آؤٹ پر 241رنز بنائے اور پھر نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن کو اُنکے باؤلرز نے 5کھلاڑی آؤٹ کر کے کمزور بھی کر دیا ۔لیکن نیوز ی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے ذمہدارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل ِشکست سنچری بھی بنائی اور 48.3اوورز میں 6کھلاڑی آؤٹ پر 245رنز بنا کر میچ بھی4وکٹوں سے جیت لیا۔


عالمی کپ2019ء اور راؤنڈ کا 26 واں میچ آسٹریلیابمقابلہ بنگلہ دیش۔ خیال تھا کہ بنگلہ دیش ویسٹ انڈیز کی طرح آسٹریلیا کو بھی مشکل میں ڈالے گا لیکن آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن مقررہ 50اوورز میں 5آؤٹ پر 381رنز بنانے میں کامیاب ہو گئی جس میں ڈیویڈ وارنرکے انفرادی166رنز اور میگا ایونٹ کی دوسری سنچری شامل تھی۔بہرحال بنگلہ دیش نے کوشش کی اورمشفیق الرحمان سنچر ی بنانے میں کامیاب بھی ہوگئے لیکن آسٹریلیا کے ہدف تک نہ پہنچ سکے اور مقررہ اوورز میں8 وکٹوں پرمجموعی 333رنز بنا سکے جو ایک بڑا سکور تھا لیکن جیت کیلئے نہیں کیونکہ 48رنز سے شکست ہوگئی۔


جون21ِ مقابلہ27واں: میزبان اورعالمی کپ 2019ء کی فیورٹ انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان۔سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 50اوورز میں9وکٹوں کے نقصان پر صرف233رنز بنا سکی۔خیال تھا کہ انگلینڈ آسانی سے یہ ہدف حاصل کر لے گا لیکن سری لنکا کی نپی تُلی باؤلنگ کے سامنے انگلینڈ کے بلے با زدباؤ میں نظر آئے اور اسکے نتیجے میں 47ویں اوور میں انگلینڈ کی ٹیم 212رنز پر آل آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئی اورسری لنکا نے فیورٹ ٹیم کو 20رنز سے شکست دے دی۔


جون22ِ کو 28 واں میچ انڈیا اور افغانستان اور اُس ہی دِن 29واں میچ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا گیا۔حیران کُن یہ رہا کہ دونوں ہی میچ سنسی خیز مقابلے کے بعد اپنے نتیجے پر پہنچے۔انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ50اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر224رنز بنائے اور پھر افغانستان نے اعلیٰ بیٹنگ کامظاہرہ کرتے ہوئے میچ کے دوران ایک دفعہ ایسی صورت ِحال پیدا کر دی کہ لگنے لگا کہ وہ بھی جیت سکتا ہے لیکن آخری اوور میں انڈیا کے فاسٹ باؤلر محمد شامی نے نہ کہ میچ کا فیصلہ اپنے حق میں کروا لیا بلکہ افغانستان کے آخری تینوں کھلاڑی آؤٹ کر کے ہیٹرک بھی کر لی۔

افغانستان نے 213 رنز بنائے اورانڈیا نے11رنز سے میچ جیتا۔
دوسرا میچ بھی کچھ ایسی ہی صورت ِحال سے دوچار ہوا اور جب سب یہ سمجھ کر کہ ویسٹ انڈیز ہار جائے گا اور 9ویں کھلاڑی 245کے مجموعی اسکورپر آؤٹ ہو گئے تو اُنکے بلے باز کارل لوس بریتھویٹ نے 101رنز کی انفرادی اننگز کھیل ڈالی اور جب آخری وکٹ پر جیتنے کیلئے صرف 5رنز کی ضرورت تھی تو 49 ویں اوور کی آخری گیند پر چھکا مارنے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں8وکٹوں کے نقصان پر291رنز بنائے تھے جس میں کین ولیم سن کے148 اہم رنز سے شامل تھے۔ویسٹ انڈیز 49ویں اوور میں 286رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔حالانکہ ایک وقت بھی جب اوپنر کرس گیل بہترین اوسط کے ساتھ اسکور میں اضافہ کر رہے تھے محسو س ہو رہا تھا کہ ویسٹ انڈیز یہ میچ جیت سکتی ہے لیکن وہ بھی غیر ذمہدارانہ اُونچی شارٹ کھیلتے ہو ئے 87رنز پر آؤٹ ہو گئے۔

دو دفعہ جیت کے قریب اور پھر ہا ر ۔ کیوں؟
عالمی کپ2019ء کا راؤنڈ کا 30واں میچ پاکستان مقابلہ جنوبی افریقہ 23ِجون کو لارڈز میں کھیلا گیا ۔دونوں کے پاس غلطی کی گنجائش نہیں تھی ۔لہذا میدان میں اُترے تو ٹاس پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے جیتا اور پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر308رنز بنانے میں کامیاب ہو گئے۔

پاکستان کی طرف سے حارث سہیل جنکوشعیب ملک کی جگہ کھیلنے کا موقع ملا اُنھوں نے 59گیندوں پر89رنز بنا ئے۔ بابر اعظم 69رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقہ کیلئے ہدف تھا 309رنز ۔ لیکن وہ 50اوورز میں 9کھلاڑی آؤٹ ہونے پر 259رنز بنا سکے اور پاکستان نے مقابلے کا یہ اہم میچ49رنز سے جیت کر آگے بڑھنے کی اُمید کی کرن پیدا کر دی۔ شاداب خان اور وہاب ریاض نے3۔

3 کھلاڑی آؤٹ کیئے۔
اب تک خاص :
انڈیا کے فاسٹ باؤلرمحمد شامی نے افغانستان کے خلاف مسلسل 3وکٹیں لیکر ہیٹرک کر لی۔
بلے بازی میں آسٹریلیا کے ڈیویڈ وارنر 447رنز بنا کر سر ِفہرست ہیں۔
باؤلنگ میں انگلینڈ کے جفر آرچر، آسٹریلیا کے مچل اسٹرک اور پاکستان کے محمد عامر 15۔ 15وکٹیں لیکر سر ِفہرست۔
اس مضمون کے شائع ہونے تک ٹورنامنٹ کا اگلا31واں میچ24ِ جون 2019ء کوافغانستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا ۔
"آگے کھیلتے ہیں دیکھتے ہیں اور ملتے ہیں "۔

مزید مضامین :