پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹیسٹ آج سے شروع

Pakistan Newzealand 1st Test Starts Today

نیوزی لینڈ کو ڈینیڈن کی سخت سردی اورہوم گراؤنڈزکی ایڈوانٹیج حاصل آصف اورعمران فرحت کی پہلے ٹیسٹ میں واپسی،سلمان بٹ ڈراپ ،یوسف کا امتحان شروع

منگل 24 نومبر 2009

Pakistan Newzealand 1st Test Starts Today
اعجازوسیم باکھری: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ آج ڈینیڈن نیوزی لینڈ میں شروع ہورہا ہے ۔ افتتاحی معرکے کیلئے پاکستان نے اپنی گیارہ رکنی حتمی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں فاسٹ باؤلر محمد آصف سمیت آئی سی ایل کھیلنے والے عمران فرحت کو واپسی کا موقع دیا گیا ہے جبکہ اوپنربیٹسمین سلمان بٹ کو ڈراپ کردیا گیا ہے ۔

دوسری جانب آئی سی سی نے ری ویوسسٹم بھی اس ٹیسٹ میں متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کے پیش نظردونوں ٹیموں کو ایک اننگز میں دو مرتبہ امپائرکے فیصلوں پر اعتراض کرکے ٹی وی امپائرسے رجوع کرنے کا اختیاردیاگیا ہے ۔اس ری ویو سسٹم کو بال ٹریکنگ کا نام دیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی سرزمین پر ہونیوالی یہ سیریز پاکستان کی ہوم سیریز ہے جوکہ پاکستان میں کھیلی جانا تھی لیکن سیکورٹی وجوہات کی بناپرنیوزی لینڈ منتقل کی گئی تاہم میزبانی کے حقوق پاکستان کے پاس موجود ہیں۔

(جاری ہے)

تین ٹیسٹ میچز کی اس سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت مڈل آرڈربلے بازمحمد یوسف کو سونپی گئی ہے جو کہ ٹیم میں اس وقت سب سے سینئرترین بلے باز ہیں اور ٹیسٹ کرکٹ میں یوسف اس وقت بھرپورفارم میں ہیں اور بطورکپتان یوسف کی کارکردگی میں مزید نکھار نظرآئیگا کیونکہ نمبرتین پریونس خان کی عدم موجودگی اور مصباح الحق کے ویزے مسائل کی وجہ سے ٹیم کو جوائن نہ کرنے سے تمام ترذمہ داریوسف پرعائد ہوتی ہے اور اُن سے بے پناہ توقعات وابستہ کی جارہی ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں یوسف گزشتہ کئی برس سے نمایاں بیٹسمین کی حیثیت سے کھیلتے چلے آرہے ہیں تاہم سری لنکن سرزمین پر ہونیوالی سیریزمیں پوری قومی بیٹنگ لائن اپ بری طرح فلاپ ہوئی تھی لہذا یوسف پرایک تو ٹیم کا اعتماد بحال کرنے کیلئے پریشرہوگا اوردوسری کپتانی کی اچانک ذمہ داری کا بھی پریشریوسف کیلئے مسئلہ بن سکتا ہے لیکن میرے خیال سے ان تمام باتوں سے یوسف کی قوت میں اضافہ ہونا چاہئے اور اسے تمام توقعات پر پورا اترنا چاہئے کیونکہ بڑے کھلاڑی کی یہی پہچان ہوتی ہے کہ وہ مشکل اور اچانک صورتحال کی تبدیلی میں خود کو ڈھال سکے۔

ڈینیڈن ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلرمحمد آصف کی واپسی ہورہی ہے اور وہ دوبرس بعد ٹیسٹ کرکٹ میں منظرعام پر آئیں گے۔ڈرگزکیس میں ایک سال کی پابندی بھگتنے کے بعد آصف چیمپئنزٹرافی میں واپس لوٹے تھے جہاں انہوں نے عمدہ کم بیک کیا تھا اور اب ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی واپسی کس انداز میں ہونا ہے یہ دیکھنا ابھی باقی ہے۔آصف پاکستان کے عصرحاضرکے بہترین باؤلرہیں اور ان کا کیرئیر بھی زیادہ طویل نہیں ہے تاہم مسائل اور اس کی ذاتی غلطیوں نے اس کا کیرئیر بحران میں الجھا دیا جس سے آصف کی صلاحیتیں پس پردہ چلیں گئیں لیکن حالات سے ایک طویل جنگ لڑنے کے بعد وہ دوبارہ میدان میں لوٹ آئے ہیں اور امید ہے کہ وہ اپنی غلطیوں کو دوبارہ نہیں دہرائیں گے۔

جہاں تک آج کے میچ کی بات ہے تو آصف ایک ایسے باؤلر ہیں جواپنی قدرتی صلاحیتوں کی وجہ سے حریف ٹیموں کیلئے ایک نہ سمجھ آنیوالی ”سائنس “کی حیثیت رکھتے ہیں اور ویسے بھی کیویز بیٹسمین آصف کو بہت کم کھیلے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ آصف ایک بہترین سوئنگ باؤلربھی ہیں اور تیزپچز پروہ زیادہ خطرناک ثابت ہوتے ہیں ،نیوزی لینڈ کے سرد موسم میں تیز وکٹوں پر آصف کیویز کیلئے پریشانی کا سبب بن سکتے ہیں ،آصف کے ہمراہ محمد عامر اور عمرگل پاکستان کا پیس اٹیک سنبھالیں گے، بدقسمتی سے عبدالراؤف پریکٹس میچ میں زخمی ہونے کی وجہ سے پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں ورنہ جس طرح انہوں نے پریکٹس میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کیں ان کی موجوگی سے پاکستانی ٹیم کی قوت میں مزید اضافہ ہوتا، تاہم آصف اور عامربھی عمرگل کے ہمراہ کیویز کو ٹف ٹائم دے سکتے ہیں۔

قومی کوچ انتخاب عالم نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان ٹونٹی ٹونٹی میچز کی آخری سیریز کی طرح کیویز کو ٹیسٹ سیریز میں بھی مات دیگا اور ان کا کہنا تھا کہ آصف کی واپسی سے پاکستان کا بولنگ اٹیک بے حد مضبوط ہوا ہے اور ہماری بولنگ لائن اپ میں اتنا صلاحیت موجود ہے کہ یہ کیویز کو 2مرتبہ آؤٹ کرسکیں۔ پہلے ٹیسٹ میں آئی سی ایل کھیلنے والے اوپنر بیٹسمین عمران فرحت کو سلمان بٹ پرترجیح دیکر آج میدان میں اتانے کافیصلہ کیا گیا ہے ،عمران کے ساتھ دوسرے اوپنر خرم منظورہونگے۔

عمران فرحت کو ٹونٹی ٹونٹی اور ون ڈے ٹیموں کیلئے بھی سلیکٹ کیا گیا تھا لیکن انہیں یواے ای میں کھیلی گئی دونوں سیریز میں موقع نہیں مل سکا تاہم ٹیسٹ سیریز سے قبل پریکٹس میچ میں فرحت نے عمدہ بیٹنگ کرکے خو دکو فائنل الیون میں شامل کرالیا ہے ۔پہلے ٹیسٹ میں برادرزجوڑی کامران اکمل اور عمراکمل بھی ٹیم کا حصہ ہیں جبکہ شعیب ملک اور فواد عالم کے ساتھ ساتھ سعیداجمل بھی فائنل الیون میں شامل ہیں ۔

سعید اجمل کو دانش کنیریا پرترجیح دی گئی ہے جوکہ ٹیم مینجمنٹ کا ایک بولڈ سٹیپ ہے کیونکہ کیویز کی تیز وکٹوں پر دانش کافی خطرناک ثابت ہوسکتے تھے ،ماضی میں بھی دانش نے وہاں اچھی بولنگ کی ہے اور ویسے بھی لیگ سپنر تیز وکٹوں پر زیادہ مئوثر ثابت ہوتے ہیں تاہم ٹیم مینجمنٹ نے سوچ سمجھ کر سعید اجمل کو دانش پر ترجیح دی ہے جس کا ادراک خود سعید اجمل کو بھی ہوگا اور وہ اپنا انتخاب درست ثابت کی بھرپورکوشش کریگا۔

دوسری جانب آئی سی سی نے پہلے ٹیسٹ میں ری ویو سسٹم متعارف کرانے کافیصلہ کیا ہے جو کہ یقیناایک کامیاب تبدیلی ثابت ہوگا کیونکہ فیلڈ امپائرز کی غلطیوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور کسی ایک غلط آؤٹ کیو جہ سے میچز کا نقشہ بدل جاتا ہے اور ایک اچھی پوزیشن والی ٹیم خسارے اور شکست کے دہانے پر کھڑی ٹیم فائدے میں چلی جاتی ہے جس سے نہ صرف کرکٹ کا معیار گرنا شروع ہوگیا تھا بلکہ کھلاڑیوں کے دلوں میں بھی امپائرزکا احترام ختم ہوتا جارہا تھا تاہم اس تبدیلی سے اگر فیلڈامپائرغلطی پر بھی ہوئے تو ٹی وی ری پلے کے بعد کسی بھی فریق کو کسی آؤٹ یا ناٹ آؤٹ پر اعتراض نہیں ہوگا۔

مزید مضامین :