پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹی ٹونٹی میں قابو کرلیا

Pakistan Won 1st T20 Against Zimbabwe

احمد شہزاد کی عمدہ بیٹنگ اور آفریدی باؤلنگ نے فتح دلائی آ ج دوسرا معرکہ ‘قومی ٹیم سیریز میں کلین سوئپ کرنے کیلئے پرعزم، زمبابوین ٹیم سیریز برابر کرنے کیلئے پرامید

ہفتہ 24 اگست 2013

Pakistan Won 1st T20 Against Zimbabwe
اعجازحسین: پاکستان کرکٹ ٹیم نے دورہ زمبابوے کا فتح کا ساتھ آغاز کردیا ہے۔ پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں قومی ٹیم نے 25رنز سے کامیابی حاصل کی۔ گوکہ اس میچ میں پاکستان کو زیادہ مارجن سے کامیابی حاصل کرنی چاہئے تھی لیکن اس کے باوجود قومی ٹیم کی کامیابی قابل ستائش ہے۔ احمد شہزاد کی ذمہ دارانہ بلے بازی اور بعد ازاں شاہد آفریدی کی آل راوٴنڈ کارکردگی نے پاکستان کو زمبابوے کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میں 25 رنز کی فتح سے ہمکنار کر دیا۔

زمبابوے نے پہلے باوٴلنگ اور پھر بیٹنگ میں آغاز بہت عمدہ لیا لیکن تجربے کے سامنے اس کی ایک نہ چل سکی اور میزبان ٹیم شکست کھا گئی۔ قومی ٹیم اس میچ میں پراعتماد نظر آئی لیکن بلے بازوں نے جس انداز میں توقع کی جارہی تھی احمد شہزاد کے سوا کسی نے لمبی اننگز نہیں کھیلی۔

(جاری ہے)

ٹی ٹونٹی کرکٹ میں ویسے بھی کم اوور اور کم وقت ہوتا ہے اس لیے پاکستان کے ٹارگٹ کو مناسب کہا جاسکتا ہے ۔

ہرارے سپورٹس کلب میں ہونے والے پہلے ٹی ٹونٹی میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا اور ٹینڈائی چتارا کے ہاتھوں ناصر جمشید اور محمد حفیظ کی وکٹیں جلد حاصل کر کے پاکستان کو پچھلے قدموں پر دھکیل دیا۔ اگر احمد شہزاد 70 پہلا ٹی ٹونٹی کھیلنے والے صہیب مقصود 26 اور پھر آخر میں شاہد آفریدی 23 رنز کی باریاں نہ کھیلتے تو پاکستان کو کافی مشکلات کا سامنا ہو سکتا تھا۔

احمد شہزاد نے بالخصوص اس وقت جب دوسرے اینڈ سے تین وکٹیں گر چکی تھیں، اننگز کو بہت اچھی طرح سنبھالا۔ خراب گیندوں کو باوٴنڈری کی راہ دکھائی اور اچھی گیندوں پر فیلڈرز کے درمیان رنز لے کر سکور بورڈ کو متحرک رکھا اور آنے والے بلے بازوں کے لیے موقع پیدا کیا کہ وہ آخری اوورز کا فائدہ اٹھا کرمجموعے کو زمبابوے کی پہنچ سے کہیں دور تک پہنچا دیں۔

صرف 50 گیندوں پر 70 رنز کی شاندار اننگز کا خاتمہ اس وقت ہوا جب وہ صہیب مقصود کے ساتھ چوتھی وکٹ پر 55 رنز کی شاندار رفاقت بنا چکے تھے ۔ سکور کو تیزی سے مزید آگے بڑھانے کی کوشش میں وہ لانگ آن باوٴنڈری پر کیچ دے گئے لیکن اس وقت تک وہ اپنی ذمہ داری اچھی طرح نبھا چکے تھے ۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور ایک چھکا بھی شامل تھا۔ان سے قبل صہیب مقصود نے اپنی 16 گیندوں کی مختصر اننگز میں کافی متاثر کیا۔

انہوں نے دو مرتبہ گیند کو چھکے کی راہ دکھائی جبکہ ایک بار چوکا بھی لگایا اور 26 رنز بنانے کے بعد ووسی سبانڈا کے ایک خوبصورت کیچ کا شکار ہوگئے جو واضح طور پر چوکے یا چھکے کے لیے جاتی ہوئی گیند کو لپکنے کے لیے کافی فاصلہ طے کر کے آئے باوٴنڈری سے چند فٹ کے فاصلے پر اسے جا لیا۔آفریدی کی اس اننگز کو بہتر اننگ کہہ سکتے ہیں کیونکہ اس وقت صورتحال ہی ایسی تھی اور ایسی صورتحال میں آفریدی نے مناسب بیٹنگ کی۔

آخری لمحات میں شاہد آفریدی کی 16 گیندوں پر 23 رنز کی اننگز نے پاکستان کے مجموعے کو 161 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی باری میں ایک چھکا اور ایک چوکا شامل تھا۔زمبابوے کی جانب سے چتارا نے دو، جبکہ پراسپر اتسیا، شنگی ماساکازا اور ایلٹن چگمبورا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ اتسیا نے اپنے چار اوورز میں محض 15 رنز دیے ۔جواب میں زمبابوے کا آغاز عمدہ تھا۔

اوپنرز ہملٹن ماساکازا اور ووسی سبانڈا نے 53 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا اور پاکستان کے ابتدائی باوٴلرز کو کافی پریشان کیا۔ انور علی نے خطرناک روپ دھارتی ہوئی اس شراکت داری کا خاتمہ ماساکازا کو ایل بی ڈبلیو کر کے کیا۔ جو 16 گیندوں پر 18 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے ۔ حالات مزید بگڑتے لیکن پاکستانی سپنرز نے میزبان ٹیم کے لیے مسئلے کھڑے کر دیے ۔

سب سے پہلے شاہد آفریدی نے ووسی سبانڈا کو کلین بولڈ کیا جنہوں نے42 گیندوں پر 31 رنز بنائے جبکہ اگلے ہی اوور میں محمد حفیظ نے سین ولیمز کو ایل بی ڈبلیو کر کے پاکستان کو بہتر پوزیشن پر پہنچا دیا۔ اس کے بعد زمبابوے میچ میں واپس نہ آ سکا۔ گو کہ کپتان برینڈن ٹیلر کریز پر موجود تھے لیکن بڑھتا ہوا رن اوسط ان کے بس کی بات دکھائی نہ دیتی تھی۔

آفریدی نے اننگز کے18 ویں اوور میں تمی سین ماروما اور ایلٹن چگمبورا کی وکٹیں بھی حاصل کیں اور مقررہ 20 اوورز کے اختتام تک زمبابوے 5 وکٹوں پر 136 رنز ہی بنا پایا۔شاہد آفریدی نے 25 رنز دے کر 3 جبکہ انور علی اور محمد حفیظ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل ہونے کے بعد اب پاکستان آج ایک مرتبہ پھر اسی میدان پر زمبابوے کا سامنا کرے گا اور مقابلہ جیت کر سیریز دوصفر سے جیتنے اور عالمی درجہ بندی میں نمبر ایک پوزیشن مزید قریب پہنچنے کو ممکن بنائے گا۔

مزید مضامین :