پاکستان نے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا‘بلے بازوں نے حیران کردیا

Pakistani Ne Baharti Garoor Khaak Main Mila Diya

وارم اپ میچ قومی ٹیم کی 5وکٹوں سے جیت نے لوگوں کے سر فخر اور توقعات ہمالیہ سے بھی بلند کردیں ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا میلہ آج سے شروع ہوگا ، ماضی کے ریکارڈز کے پیش نظر پاکستان کو سب حریفوں پر برتری حاصل

منگل 18 ستمبر 2012

Pakistani Ne Baharti Garoor Khaak Main Mila Diya
اعجازوسیم باکھری: ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔ انگلش ٹیم میگاایونٹ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کریگی لیکن پاکستان نے گزشتہ روز وارم اپ میچ میں بھارت جیسی مضبوط ٹیم کو شکست دیکر پاکستان نے سب حریفوں کو چیلنج کردیا ہے۔ قومی ٹیم کی بھارت کیخلاف کامیابی اس لیے بھی خاصی اہم ہے کہ یہ جیت بلے بازوں کی بدولت ملی ہے۔ ماضی میں بیٹسمینوں نے بہت کم مواقعوں پر کامیابی دلائی ہے لیکن گزشتہ روز کامران اکمل نے تاریخی اننگز کھیل کر پاکستانی ٹیم کا اور شائقین کا سرفخر سے بلند کردیا۔

گوکہ کل کا میچ وارم اپ تھا اس کی ریکارڈ میں کوئی حیثیت نہیں تھی لیکن بھارت جیسے دشمن ملک کیخلاف سڑک پر کھیلا گیا میچ بھی اہمیت رکھتا ہے۔ سو پاکستان کی جیت بہت بڑا کارنامہ ہے اور شائقین نے اس جیت کو بھرپور انداز میں انجوائے بھی کیا۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کو 23ستمبر کو اپنا پہلا میچ کھیلنا ہے تب تک پاکستان کے پاس اپنی غلطیوں کو درست کرنے کیلئے وقت ہے۔

عمران نذیر کو شاید میگاایونٹ کے بقیہ میچز میں موقع نہ دیا جائے کیونکہ وہ اپنا انتخاب نہ آسٹریلیا کیخلاف درست ثابت کرسکے اور نہ ہی بھارت کیخلاف وارم اپ میچز میں البتہ شاہد آفریدی کو ایک میچ میں باؤلنگ اور بیٹنگ میں فلاپ ہونے پر باہر بٹھانا ناانصافی ہوگی۔ سری لنکن سرزمین پر ہونیوالے اس عالمی کپ کے دوران 27میچ کھیلے جائیں گے۔12ٹیموں کو اس میگاایونٹ میں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے: انگلینڈ، بھارت اور افغانستان، گروپ بی: آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز اور آئر لینڈ،گروپ سی: سری لنکا، جنوبی افریقہ اور زمبابوے اور گروپ ڈی: پاکستان، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش پر مشتمل ہے۔ عالمی کپ میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی دس ٹیموں کے علاوہ افغانستان اور آئر لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔پہلے مرحلے میں چار گروپس کی دو بہترین ٹیمیں سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

سپر ایٹ مرحلے میں بھی دو گروپ ہوں گے اور وہاں کی دو سر فہرست ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گے۔ ورلڈکپ مقابلوں کی اگر تاریخ پر نظرڈالی جائے تو اب تک تین میگاایونٹ ہوئے ہیں جن میں پاکستان ، بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں چیمپئن رہی ہیں۔ قومی ٹیم نے دو فائنل کھیلے، ایک جیتا ، ایک ہارا اور گزشتہ ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔

پاکستان کو دیگر ٹیموں کے مابین مقابلے زیادہ کامیابیاں ملیں اور بہترین ریکارڈ کی حامل ٹیم بھی پاکستان ہی ہے۔ 2007ء میں جنوبی افریقہ میں منعقد ہونے والے پہلے ٹی ٹونٹی عالمی کپ کا فائنل روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہانسبرگ میں کھیلا گیا۔ بھارت نے فائنل میں پاکستان کو پانچ رنز سے شکست دے کر پہلا ٹی ٹونٹی عالمی کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

بھارت نے فائنل میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پانچ وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے۔ پاکستان کی پوری ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 152 رنز بنا کر آوٴٹ ہو گئی۔ اس فائنل میں مصباح الحق کے پاس بہترین چانس تھا کہ وہ پاکستان کو جتواتے لیکن قسمت کو شاید پاکستان کی شکست ہی منظور تھی اور پاکستان اعصاب شکن معرکے میں ہار گیا۔انگلینڈ میں منعقد ہونے والے دوسرے ٹی ٹوئٹی عالمی کپ کا فائنل 21جون 2009ء کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان لارڈز کے میدان میں کھیلا گیا۔

پاکستان نے فائنل میں سری لنکا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔سری لنکا نے فائنل میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے۔ پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف18.4اوورز میں حاصل کر لیا۔یونس خان کی قیادت میں پاکستان نے عالمی جیت کر شائقین کو بھرپور خوشی فراہم کی اور طویل عرصہ بعد پہلا موقع دیکھنے میں آیا جب ہر پاکستانی خوشی سے سرشار نظرآیا۔

ویسٹ انڈیز میں منعقد ہونے والے تیسرے ٹی ٹونٹی عالمی کپ میں انگلینڈ نے فائنل میں آسٹریلیا کو سات وکٹوں سے شکست دی کر پہلی بار آئی سی سی کے تحت منعقد ہونے والے کسی بڑے ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی۔اس ورلڈکپ میں پاکستان کو آسٹریلیا کیخلاف سیمی فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سعید اجمل کو مائیکل ہسی نے تین چھکے لگاکر پاکستانی آرمانوں کا خون کردیا لیکن اس کے بعد سے لیکر اب تک سعید اجمل نے ہسی کو کھل کر نہیں کھیلنے دیا اور ابھی حالیہ سیریزمیں سعید اجمل نے ہسی کو چار مرتبہ آؤٹ کیا۔

ٹی ٹونٹی کے گزشتہ تین عالمی مقابلوں میں سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے سب سے زیادہ1045رنز بنا چکے ہیں۔ پاکستان کے آل راوٴنڈر شاہد آفریدی اب تک ٹی ٹونٹی کے عالمی مقابلوں میں سب سے زیادہ27وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

مزید مضامین :