ریسلررینڈی سیویج ومس الزبتھ

Randy Savage Miss Elizabeth

رنگ میں انکی آمد ،لباس اور شائقین کو اپنی طرف متوجہ کرنیکا اندازسب خوب لگتاتھا ،خاص طور پر جب وہ اپنی مخصوص آواز میں "اوہی یہا،اوہی یہا"کا شور مچا کر مقابلے میں دلچسپی ظاہر کرتے

Arif Jameel عارف‌جمیل ہفتہ 21 نومبر 2020

Randy Savage Miss Elizabeth
ریسلر ہلک ہوگن اور رِک فلئیر کا ذکر ہو تو اُنکے دور کے ایک اور مشہور ریسلر رینڈی سیویج کی یاد بھی تازہ ہو جاتی ہے۔ گو کہ رینڈی نے ان جیسا مرتبہ اور اعزازت حاصل نہیں کیئے لیکن پھر بھی ریسلنگ کے شائقین اُنکی جسمانی صلاحیتوں کے مداح تھے ۔ رنگ میں اُنکی آمد ،اُنکا لباس اور شائقین کو اپنی طرف متوجہ کرنیکا اندازسب خوب لگتاتھا ۔خاص طور پر جب وہ اپنی مخصوص آواز میں "اوہی یہا،اوہی یہا"کا شور مچا کر مقابلے میں دلچسپی ظاہر کرتے۔

وہ ایک اداکار و موسیقار بھی تھے۔ قد 6 فٹ 2 انچ اور 108 کلوگرام وزن کیساتھ خوبصورت جسم کے مالک رینڈی سیویج کا ڈبلیو ڈبلیو ای اور ڈبلیو سی ڈبلیو میں ریسلنگ کا دور اُنکی پہلی بیوی مس الزبتھ ہولیٹی کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔رینڈی کے اطالوی امریکن والد انجیلو پوفو جو ایک کٹر عیسائی تھے نے ایک یہودی خاتون جوڈی سے شادی کی جس سے 2بیٹے رینڈی پوفو اور لینی پوفو تھے۔

(جاری ہے)

رینڈی15 ِنومبر1952 ء میں ریاست اوہائیو کے شہر کولمبس میں پیدا ہوئے ۔ گروور کلیو لینڈ مڈل اسکول میں تعلیم حاصل کی اور الینوائے کے ڈاونرز گرو نارتھ ہائی اسکول سے گریجویشن مکمل کی۔ بیس بال کے اچھے کھلاڑی تھے اور ساتھ میں دونوں بھائی ریسلنگ کے میدان میں بھی قسمت آزمائی کر رہے تھے۔ رینڈی نے1973 ء میں سپائڈر مین کے نام سے ریسلنگ ڈبیو کیا اورپھر جلد ہی اپنا رِنگ نام " رینڈی سیویج" رکھ لیا۔

اُنکے والد کو محسوس ہوا کہ ابھی دونوں بیٹوں کو مزید تربیت کی ضرورت ہے تو اُنھوں نے اپنا ہی ریسلنگ ادارہ بنا لیا۔ساتھ میں بیٹوں کو متعارف کروانے کیلئے ٹی ی اناؤنسر لڑکی " الزبتھ ہولیٹی" کی خدمات بھی حاصل کر لیں ۔رینڈی اُسکی خوبصورتی پر فدا ہو گئے ،محبت ہوئی اور دسمبر 1984 ء میں دونوں نے شادی کر لی۔ مس الزبتھ نام پڑ گیااور رینڈی کی خاطر امریکن پروفیشنل ریسلنگ سے وابستہ ہوگئیں۔

رینڈی 1985 ء میں ڈبلیو ڈبلیوای میں گئے تو وہاں وہ اُنکی منیجر کی حیثیت میں اُنکے مقابلے اسٹور ی لائین کے مطابق ترتیب دینے میں اہم کردار ادا کرنے لگیں ۔ وہ اپنی بیوی کے تعاون سے کامیابیوں کی طرف قد م بڑھا رہے تھے کے چند سال بعد ادارے میں ہی شک و شبہات نے جنم لیا اور 1992 ء میں دونوں کے درمیان طلاق ہو گئی ۔ رینڈی نے جیتنی بھی ریسلنگ چیمپئین شپ جیتیں اُن میں ایک دفعہ" کنگ آف دِی رِنگ" بھی بنے اُن میں مس الزبتھ کا اہم کردار تھا ۔

لہذا جب رینڈی نے ڈبلیو سی ڈبلیو کا رُخ کیا تو طلاق کے باوجود وہاں بھی مس الزبتھ کو ہی اپنا معاون رکھا۔ مس الزبتھ نے ا س دوران دوسری شادی بھی کی لیکن وہ بھی ناکام ہو گئی ۔ زندگی کی تلخیوں کی وجہ سے شراب نوشی اور ذہنی و جسمانی سکون کی ادویات کے زیادہ استعمال سے انکے اند ر زہریلا مادہ اکٹھا ہو گیا جسکی وجہ سے سانس اٹک گیا اور مس الزبتھ42 سال کی عمر میں یکم مئی2003 ء کو انتقال کر گئیں۔

وہ رینڈی کی محبت تھی۔لہذرینڈی کے ریسلنگ کیرئیر پر بھی اثرات واضح ہوئے اور 2004 ء میں وہ بھی ریسلنگ سے الگ ہو گئے۔ رینڈی کی ایک سکول کے دور کی محبت "باربرالن پین" تھی جس سے اُنکی ملاقات ہوئی تو اُنھوں نے مئی2010ء میں اُس سے دوسری شادی کر لی اور 20 مئی 2011 ء کی صبح اُسکے ساتھ جیپ میں جارہے تھے کہ اچانک اسٹرنگ آؤٹ آف کنٹرول ہو نے کی وجہ سے جیپ درخت سے جا ٹکرائی اوراُنکا انتقال ہو گیا۔

لیکن جب حادثہ کی تفتیش ہوئی تو معلوم پڑا کہ میاں بیوی دونوں نے سیٹ بیلٹ باندھی ہوئی تھیں اور جیپ بھی اس زور سے نہیں ٹکرائی تھی کہ ہلاکت کا سبب بن جاتا۔لہذا میڈیکل تفتیش کروائی گئی تو معلوم پڑا کہ اُنکا دوران ڈرائیونگ ہارٹ فیل ہو گیا تھا ۔ شراب ودرد کی دوائیوں کے اثرات بھی رپورٹ میں واضح کیئے گئے تھے۔ رینڈی اور الزبتھ آج اس دُنیا میں نہیں ہیں لیکن امریکن ریسلنگ میں اُنکی محبت زندہ ہے۔

مزید مضامین :