ریسلر"جائنٹ کلیر"رے میسٹریو (پہچان چہرے پر ماسک)

Ray

آخری دفعہ رائل رمبل2021ء میں 26ویں نمبر پر اُنھیں رِنگ میں داخل ہو تے ہو ئے دیکھا گیا اور وہ 20 ویں ریسلر تھے جن کو اُٹھا کر باہر پھینکا گیا

Arif Jameel عارف‌جمیل منگل 11 مئی 2021

Ray
چہرے پر ماسک پہن کر ڈبلیو ڈبلیو ای میں ریسلنگ کرنے والے ریسلرز میں سے دو نے بہت شہرت حاصل کی جن میں سے ایک رے میسٹریو اور دوسرے کالیسٹو ہیں ۔اسکے علاوہ الٹیمو ڈریگن اور سنکارہ کے نام بھی اہم ہیں ۔ انکے علاوہ کین نے بھی اسٹوری لائن کے مطابق ماسک پہن کر بہت شہرت حاصل کی لیکن پہلے چار کا تعلق میکسیکن ریسلنگ"لوچہ لیبرہ"سے ہے جسکا مطلب "فری اسٹائل ریسلنگ"ہے ۔

اس میں مختلف اشکال کے ماسک اور ملبوسات پہن کے ایک پُھرتیلا بازی گیر انداز اپناتے ہوئے فلائنگ مویز سے دوسرے ریسلر کو شکست دینے کی کوشش کی جاتی ہے جسے شائقین بہت محظوظ ہو تے ہیں۔وہاں ماسک پہن کررِنگ میں آنا ریسلر کیلئے فخر کی بات ہو تی ہے بلکہ ایک میکسیکن ریسلر ایل سینٹو کو انتقال کے بعد سلور ماسک کے ساتھ ہی دفن کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

لہذا ایسے ریسلرز دوسری ر یسلنگ پروموشنز میں بھی ماسک پہن کر ہی ریسلنگ کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

ریسلر رے میسٹریو: ڈبلیو سی ڈبلیوکے فروری1999ء میں ہونے والے ایک" ہیئر بمقابلہ ماسک میچ " میں یہ شرط رکھی گئی تھی کہ اگر رے میسٹریو اور کونان کی ٹیگ ٹیم ہارے گی تو رے میسٹریو کو چہرے سے ما سک اُتارنا پڑے گا اور اگر ٹیم جیت جاتی ہے تو دوسری ٹیم کی نمائندہ مِس الزبتھ کو اپنے بالوں سے ہاتھ دھوکر گنجا ہو نا پڑے گا۔ آسکر گیوٹریزاصل نام ۔

11ِدسمبر1974ء کو چولا وسٹا ،سان ڈائیگو، کیلیفورنیا میں پیدا ہوئے۔ والد کا نام روبرٹو گیوٹریز سینئر اور والدہ کا نام میری ڈیل روزاریو۔ آباؤ اجداد کا تعلق میکسیکو سے۔ تعلیم مونٹگمری ہائی اسکول سے حاصل کی لیکن ریسلنگ میں دِلچسپی اور نوعمری میں ہی تربیت لینے کی وجہ سے تعلیم مکمل نہ کر سکے۔اُنکے انکل رے میسٹریو سینئر نے اُنھیں 14سال کی عمر میں میکسیکو لے جا کر "لوچہ لیبرہ"رسیلنگ کے داؤ بیچ اور فلائنگ مویز سکھائیں اوراپریل1989ء میں وہاں پر ہی اُنکا ڈبیو کروا کر اُنکو پیشہ وارانہ ریسلنگ کیلئے مزید تربیت دینا شروع کر دی۔

اُنھوں نے میکسیکن ریسلنگ کی سو سالہ روایت کے مطابق اسٹوری لائن سے مطابقت رکھتا ہوا ماسک پہننا شروع کیا اور "لا لیگرتیاجا ورڈ (گرین چھپکلی)" اور "کولیبری (ہمنگ برڈ)" رِنگ نام رکھا۔بحیثیت "کولیبری (ہمنگ برڈ)" 1991ء میں اُنھیں "سب سے بہتر ریسلر"کہلانے کا اعزاز حاصل ہوا۔ اس دوران اُنکے انکل نے اُنکو " رے میسٹریو جونیئر "کا رِنگ نام بھی دے دیا جومستقبل میں اُنکی مکمل پہچان بن گیا۔

قد 5فُٹ6اِنچ اوروزن 79کلو گرام کے ساتھ رے میسٹریو 1995ء تک میکسیکو اے اے اے ریسلنگ پروموشن سے منسلک رہے اور پھرامریکہ سے واپس آکر ای سی ڈبلیو میں ایک سال ریسلنگ کے مقابلے کیئے۔پھرجون1996ء میں ڈبلیو سی ڈبلیو میں ڈبیو کیا۔ جلد ہی ریسلر مالینکو کو شکست دے کرویز ویٹ ٹائٹل حاصل کر لیا اور مستقبل میں اس کیٹگری کے ہیرو بن گئے۔لیکن فروری1999ء میں ڈبلیو سی ڈبلیو کے ایونٹ سُپر برول9کے ٹیگ ٹیم مقابلے میں کیون نیش اور اسکاٹ ہال کے ہاتھوں رے میسٹریو اور کونان کی ٹیگ ٹیم کو شکست ہوگئی۔

شرط کے مطابق ہار کی صورت میں رے مسٹریوکو چہرے پر سے ماسک اُتارنا تھا اور جیت کی صورت میں مخالف کی نمائندہ مِس الزبتھ کو گنجا ہو نا تھا۔ رے میسٹریو کے مطابق اُنکے لیئے وہ زندگی کا انتہائی افسوسناک لمحہ تھا جب اُنکو پہلی دفعہ ماسک اُتار کر ریسلنگ کے شائقین کو اپنا چہر ہ دکھانا پڑا۔بہرحال اس کے بعد جب اُنھوں نے اپنے مخالف ریسلرز جن میں کیون نیش بھی شامل تھے کو زبردست ڈرامائی انداز میں شکست دینا شروع کی تو رے میسٹریو کو"جائنٹ کِلر"کے نام سے پُکارا جانے لگا۔

یہی شہرت اُنکو مختلف ریسلنگ پروموشنز کے اہم ایونٹ میں لے گئی جہاں "لوچہ لیبرہ" کے تحت اُنکا انداز ریسلنگ بہت پسند کیا گیا۔ رے میسٹریو کے چہرے کو نیا ماسک دیا جون 2002ء میں ڈبلیو ڈبلیو ای نے اور پھر ریسلنگ کے اس ادارے میں اُنھوں نے کامیاب مقابلوں کے ساتھ اپنی بہترین ساکھ قائم کی اور سنگل و ٹیگ ٹیم مقابلے جیتتے ہو ئے وہاں کے تقریباً تمام اہم ٹائٹل و چیمپئین شپ جیتیں۔

جن میں ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئین شپ اور ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئین شپ بھی شامل ہے ۔ رائل رمبل2006 ء کے ہیرو بھی بنے۔وہ دوسرے نمبر پر رِنگ میں داخل ہو ئے اور 30 ویں نمبر پر آخری ریسلر رینڈی اورٹن کے داخل ہو نے کے بعد اُٹھا کر رِنگ سے باہر پھینکنے پر یہ اعزاز حاصل کیا۔فروری2015ء میں اُنکا ادارے کے ساتھ معاہدہ ختم ہو گیا تو وہ ایک دفعہ پھر میکسیکو کی ریسلنگ پرمووشن سے لیکر امریکن ریسلنگ سرکٹس میں زورآزمائی کرتے نظر آئے۔

موقع ملا تو نیو جاپان پرو ریسلنگ میں بھی قسمت آزما آئے۔لیکن آخر کار ڈبلیو ڈبلیو ای میں واپس آکر 2018ء کے رائل رمبل سے ایک دفعہ پھر ادارے میں ریسلنگ کا آغاز کر دیا ۔کچھ مدت بعد یونائٹیڈ اسٹیٹ چیمپئن شپ بھی جیت لی ۔ابھی تک وہ وہاں مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں اور آخری دفعہ رائل رمبل2021ء میں 26ویں نمبر پر اُنھیں رِنگ میں داخل ہو تے ہو ئے دیکھا گیا اور وہ 20 ویں ریسلر تھے جن کو اُٹھا کر باہر پھینکا گیا۔

جنہوں نے اُنکو باہر پھینکا وہ ریسلر اے جے اسٹائل کے باڈی گارڈ ریسلر اوموس تھے جو مقابلے کے30ریسلر میں شامل نہ تھے لیکن اسٹوری لائن کا حصہ تھے۔ رے میسٹریو نے اداکارہ اور ریسلنگ سے منسلک لڑکی اینجی سے شادی کی جن سے اُنکا ایک بیٹا ڈومنک ہے جو باقاعدہ ریسلر بن چکا ہے اور ایک بیٹی عالیہ ہے ۔ وہ دونوں میاں بیوی ایک دوسرے سے اتنی محبت کرتے ہیں کہ ایک دوسرے کے بغیر چند لمحے بھی رہنا پڑے تو اُداس ہو جاتے ہیں۔ رے میسٹریو پر ایک کتاب بھی ہے : رے میسٹریو :بِہائنڈ دِی ماسک۔

مزید مضامین :