”سعید انورکے ریکارڈ پر قابض ہونے والا چارلس کانٹری“

Saeed Anwar K Record Per Qabiz Hone Wala

اُس نے 12سال اور1664ون ڈے میچز بعدپاکستانی اوپنر کا ریکارڈ برابرکیا ایڈرچ،امیس،فیڈریکس ، ڈیوڈ لائیڈ،گلین ٹرنر ، کپل دیو ، ویون رچرڈزاورسعید انورلمبی اننگز کے عالمی ریکارڈ کے مالک رہے

جمعرات 27 اگست 2009

Saeed Anwar K Record Per Qabiz Hone Wala
اعجازوسیم باکھری: ریکارڈ کسی کی میراث نہیں ہوتے ، ایک کھلاڑی چندسال قبل بھرپورکوشش کے بعد کوئی عالمی ریکارڈ قائم کرتا ہے تو چندبرس کے وقفے کے بعد کوئی دوسرا اس ریکارڈ کو اپنی دسترس میں لے لیتا ہے ، ریکارڈز بننے اور ٹوٹنے کا یہ سلسلہ ہمیشہ چلتا رہے گا۔ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں طویل ترین اننگز کھیلنے کا اعزاز بھی اس کی کڑی ہے کہ افتتاحی میچ سے لیکراب تک یہ ریکارڈ کئی بیٹسمینوں کے دسترس سے ہوتا ہوا دوسروں کے پاس منتقل ہوتا چلا جارہا ہے ۔

5جنوری1970ء کو ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کے سب سے پہلے میچ میں انگلش بیٹسمین جان ایڈرچ نے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی سب سے پہلی بڑی 82رنز کی اننگز کھیلی ۔ گزشتہ دنوں زمبابوے کے ایک غیر معروف بیٹسمین چارلس کونٹری نے سعید انور کے ریکارڈپر قبضہ کرتے ہوئے 194رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کر شائقین کو حیران کردیا ۔

(جاری ہے)

چارلس کونٹری گوکہ سعید انور کے عالمی ریکارڈ کو توڑنے میں ناکام رہے تاہم وہ 194رنز کی اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے جس کی بنا پران کا نام سب سے لمبی اننگز کھیلنے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں سرفہرست آگیا ہے ۔

حالانکہ کونٹری کا ریکارڈ کسی بھی طور پر سعید انور کے ریکارڈ کے برابر نہیں ہے لیکن اس کے باوجود قسمت نے کونٹر ی کو سعید کے اوپر لاکھڑا کیا ہے۔سعید انور نے بھارت کے مضبوط بولنگ اٹیک کے سامنے 146گیندوں پر 194رنز کی اننگز کھیلی جس میں 22چوکے اور5چھکے شامل تھے ۔کونٹری نے بنگلہ دیش کے کمزور بولنگ اٹیک کے سامنے 156گیندو ں پر 194رنز بنائے ، اس کی اننگز 16چوکوں اور 7چھکوں سے مزین تھی۔

سعید انورنے اپنا ریکارڈ بھارتی سرزمین پر چنائی کے میدان میں قائم کیا ، اس وقت قومی ٹیم سخت مشکلات میں تھی اور بھارتی شائقین کے سامنے ان کی سرزمین پر اتنی بڑی اننگز کھیلنا کوئی معمولی بات نہیں تھی تاہم سعید انور نے انیل کمبلے ، پرساد اور سری ناتھ جیسے جوشیلے باؤلرز کو بے بس کردیا اور اپنی مرضی سے گراؤنڈ کے چاروں اطراف سٹروکس کھیل کر تاریخی اننگز مرتب کی۔

حالات نے چارلس کونٹری کو سعید انور کے ساتھ لاکر کھڑا کردیا تاہم دونوں بیٹسمینوں کی اننگز منفرد حیثیت سے یاد رکھی جائیں گی۔ جان ایڈرچ کی جانب سے کھیلی گئی ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی پہلی طویل ترین 82رنز کی اننگز کا ریکارڈ ڈیڑھ سال تک برقرا ررہا ۔24اگست 1972ء کو مانچسٹر میں انگلینڈ ہی کے ڈینس امیس نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے کی پہلی سنچری سکور کرنے کے ساتھ ساتھ 103رنز اننگز کھیل کر طویل ترین اننگز کا ریکارڈ بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔

یادرہے کہ یہ ون ڈے کرکٹ کا دوسرا میچ تھا ۔سات میچز کے وقفے کے بعد ون ڈے کرکٹ کے 9ویں میچ میں 7ستمبر 1973ء کو ویسٹ انڈیز کے عظیم بیٹسمین رائے فیڈریکس نے اوول کے مقام پر انگلینڈ کے خلاف 105رنز کی اننگز کھیل کر طویل ترین اننگز کا ریکارڈ اپنے نام درج کرادیا۔چند ماہ کے وقفے کے بعد پاکستان کے دورہ انگلینڈ کے موقع پر عصر حاضر کے معروف کمنٹیٹر ڈیوڈ لائیڈ نے پاکستان کے خلاف ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کے 14ویں میچ میں 116رنز کی ریکارڈ برینکنگ اننگز کھیلی ۔

چھ میچو ں کے وقفے کے بعد ون ڈے کرکٹ کے پہلے عالمی کپ میں کیوی بیٹسمین گلین ٹرنر نے ایسٹ افریقہ کے خلاف 171رنز بناکر طویل ترین اننگز کے ریکارڈکے آگے اپنا نام درج کرادیا۔گلین ٹرنرکا یہ ریکارڈ 8سال تک برقرار رہا ، تاہم 194ون ڈے میچز کے بعد 1983ء کے عالمی کپ میں بھارتی کپتان کپل دیو نے زمبابوے کے خلاف 138گیندوں پر 175رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیل کر نہ صرف سب سے بڑی اننگز کا ریکارڈ اپنے نام کیا بلکہ بطور کپتان طویل ترین اننگز کھیلنے کا منفرد ریکارڈ بھی قائم کیا ۔

ایک سال کے وقفے کے بعد انگلینڈ کے خلاف ویسٹ انڈیز کے عظیم بیٹسمین سر ویون رچرڈز نے 189رنز کی اننگز کھیل کر شائقین کو انگشت بدنداں کردیا ۔ رچرڈز کی اننگز 21چوکوں اور 5چھکوں سے مزین تھی ۔13سال تک بے شمار بیٹسمینوں نے رچرڈز کے ریکارڈ کو توڑنے کی کوشش کی تاہم کوئی بھی بیٹسمین عظیم رچرڈز کے ریکارڈ تک نہ پہنچ سکا ۔945ون ڈے میچز کے بعد پاکستان کے سٹار بیٹسمین سعید انورنے بھارت کے خلاف چنائی میں 1997ء کے سیزن میں 194رنز کی تاریخ ساز اننگز کھیل کر نہ صرف رچرڈز کا ریکارڈ توڑا بلکہ جدید کرکٹ میں اتنی طویل ترین اننگز کھیل کر کرکٹ ماہرین کو بھی حیران کردیا ۔

سعیدانور کے ریکارڈ تک رسائی حاصل کرنے کیلئے کئی نامور بیٹسمینوں نے کوشش کی تاہم سعید کے بعد 1664ون ڈے میچوں میں کوئی بھی 190کے ہندسے سے آگے نہ بڑھ سکا ، ان بیٹسمینوں میں سنتھ جے سوریا نے 189،گیری کرسٹن نے 188،سچن ٹنڈولکر 186، دھونی 183،ساروگنگولی 183،میتھو ہیڈن181،ہرشل گبز175،سٹیوواگ 173اور ایڈم گلکرسٹ 172رنزتک محدود رہے۔تاہم سعید انور کے ریکارڈ کے 12سال بعدزمبابوین بیٹسمین چارلس کانٹری نے 194رنز اننگز کھیل کر کرکٹ کی تاریخ کی دوسری بڑی اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ۔

مزید مضامین :